نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں سانحہ ارتحال نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۱۶؍اگست ۲۰۲۵ء کو شریفہ خانم صاحبہ بعمر ۸۰؍سال بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون مرحومہ پیدائشی احمدی تھیں اور موصیہ تھیں۔ آپ کے والد کا نام سکندر میاں تھا۔ مرحومہ کی نماز جنازہ خاکسار نے اسی روز رات نو بجے مسجد بیت الباسط، چک بازار، چٹاگنگ میں پڑھائی۔ تدفین مرادپور، چٹاگنگ کے جماعتی قبرستان میں عمل میں آئی۔ مرحومہ کی شادی مکرم بدر الدین صاحب مرحوم سے ہوئی جو اپنے خاندان میں ہندو مت سے اکیلے احمدی ہوئے تھے۔ اپنی پہلی اہلیہ (جو ہندو مذہب سے تعلق رکھتی تھیں) کے وصال کے بعد انہوں نے شریفہ خانم صاحبہ سے نکاح کیا۔ مرحومہ نے نہایت صبر اور ایثار کے ساتھ اپنے خاوند کی پہلی بیوی سے بچوں کی پرورش کی۔ اللہ تعالیٰ نے مرحومہ کو بھی چار بیٹوں اور دو بیٹیوں سے نوازا جو سب کے سب جماعت احمدیہ کے ساتھ وابستہ ہیں اور فعال خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ الحمدللہ۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند، غریب پرور اور خوش اخلاق خاتون تھیں۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ پر اپنی مغفرت اور رحمت کا سایہ فرمائے، درجات بلند کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین