مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ 13؍دسمبر2015ء بروز اتوار نماز ظہر و عصر سے قبل سیدنا حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کر مکرم اظہر احمد میاں صا حب آف ویمبلڈن کی نماز جنازہ حاضر پڑھائی۔ آپ 11دسمبر 2015ء کو 66سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت حکیم محمد حسین صاحب مر ہم عیسیٰ صحابی حضرت مسیح موعود ؑ کے پڑپوتے اور ڈاکٹر عبدالحمید صاحب چغتائی صحابی حضرت مسیح موعود ؑ کے پوتے تھے۔ مرحوم 2001ء تا2015ء ناظم دفتر جلسہ سالانہ کے علاوہ قائد تجنید مجلس انصا راللہ یو کے، زعیم حلقہ، لائبریرین بیت الفتوح اور سیکرٹری امور ِ عامہ جماعت مرٹن پارک کے طور پر خدمت بجا لاتے رہے۔ آپ کے چھوٹے بھائی مکرم عمران چغتائی صاحب بطور نائب افسر جلسہ سالانہ خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔ مرحوم نے لو احقین میں 3بیٹیاں یادگار چھوڑی ہیں۔ اس کے ساتھ حسب ذیل مرحومین کی نماز جنازہ غائب بھی ادا کی گئی: (1)مکرم عبدالباری قیوم شاہد صاحب وا قفِ زندگی (ابن مکرم کیپٹن شیح نواب دین صاحب مرحوم کراچی) 19نومبر 2015ء کو 73سال کی عمر میں ہارٹ اٹیک کے باعث بقضا ئے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے 1967ء میں جا معہ احمدیہ سے شاہد کی ڈگری حاصل کی اور اس کے بعد عربی فاضل کا امتحان بھی پاس کیا۔ ٹی آئی کالج اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے میگزین ’’المنار‘‘ کے ایڈیٹر بھی رہے۔ آپ کو کئی علمی کتب تالیف کرنے کی بھی تو فیق ملی۔ 1984ء میں 3سال کے لیے غانا میں نصرت جہاں سکیم کے تحت ٹیچر ٹریننگ کالج میں بھی خدمت کی توفیق ملی۔ اسی طرح مجلس خدام الاحمدیہ ربوہ میں معتمد مقا می اور پھر1993 ء میں مجلس انصا ر اللہ مارٹن روڈ کراچی میں 14سال زعیم اعلیٰ انصا راللہ کی حیثیت سے خدمات کی تو فیق پائی۔آپ پنجوقتہ نمازی، تہجد گزار، نہایت شفیق، امانتدار، چندوں اور مالی تحریکات میں حصہ لینے والے ، دین کو دنیا پر مقدم رکھنے والے نیک، مخلص اور با وفا انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ 2بیٹیاں اور ایک بیٹا یاد گار چھوڑے ہیں۔ (2)مکرمہ رحمت بی بی صا حبہ (اہلیہ مکرم میاں غوث محمد صا حب آف شیخو پورہ پاکستان) 11 ستمبر2015ء کو 94 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ پنجوقتہ نمازوں کی پابند، تہجدگزار، قرآن کریم کی باقاعدگی سے تلاوت کرنے والی، غریب پرور، صلہ رحمی کرنے والی نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ آپ نے بیعت کے بعد مخالفت کا نہایت صبر و استقامت سے مقابلہ کیا۔ اپنے گائوں میں بہت سے لوگوں کو قرآن کریم بھی پڑ ھایا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ (3) مکرم گناون احمد صاحب انجینئر (آف انڈونیشیا) 2 جون 2015 ء کو بعارضہ کینسر وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے آبائو اجداد انڈونیشیا کےGarut اورTasikmalaya ریجن کے ابتدائی احمدیوں میں سے تھے۔ آپ نے حضرت مولانا رحمت علی صاحب مرحوم مبلغ سلسلہ کے ذریعہ بیعت کرکے جماعت میں شمولیت کی سعادت پائی۔ آپ 2011 ء سے پتے کے کینسر میں مبتلا تھے۔ ڈاکٹروں نے انہیں بتایا تھا کہ وہ صرف ایک سال تک زندہ رہیں گے لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل سے انہوں نے اس مہلک بیماری کے باوجود 5 سال مزید عمر پائی۔ آپ جماعت کے فعال رکن اور مخلص انسان تھے۔ ایک موقع پر آپ نے مخالفین کو جماعت کی مسجد پر حملہ کرنے سے بھی روکا۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ (4)مکرمہ طالعہ بیگم صاحبہ (اہلیہ مکرم چوہدری احسان اللہ صاحب نبی سر روڈ سندھ) 30 نومبر2015ء کو 92 سال کی عمر میں مختصر علالت کے بعد وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ صوم و صلوٰۃ کی پابند، قرآن کریم کی کثرت سے تلاوت کرنے والی ، دعا گو، نہایت صابرہ و شاکرہ، جماعتی تحریکات میں حصہ لینے والی نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں تین بیٹیاں اور 6 بیٹے یاد گار چھوڑے ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم ڈاکٹر سمیع اللہ طاہر صاحب نائیجیریا میں خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔ (5) مکرمہ رضیہ بیگم صاحبہ۔ کینیڈا 17 نومبر2015 ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے آبائو اجداد کا تعلق برہمن باڑیہ بنگلہ دیش سے تھا۔ آپ جماعتی پروگراموں میں فعال حصہ لینے والی ، باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والی نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ کے میاں مکرم میاں نظام الحق صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری آفس میں خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر کرنے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین ٭…٭…٭