٭…اميرالمومنين حضرت خليفة المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز نے مورخہ ۲۱؍ستمبر۲۰۲۵ء بروز اتوار مجلس خدام الاحمدیہ اور مجلس اطفال الاحمدیہ برطانیہ کے سالانہ نیشنل اجتماع (منعقدہ ۱۹تا۲۱؍ستمبر۲۰۲۵ء)سے انگریزی زبان میں بصیرت افروز اختتامی خطاب ارشاد فرمایا۔ دونوں مجالس کو توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ ہماری جماعت کی تمام ذیلی تنظیموں کے اجتماعات کا بنیادی مقصد اللہ تعالیٰ کی محبّت کو دلوں میں بٹھانا اور اپنے ممبران کے علمی، اخلاقی اور روحانی معیار کو بلند کرنا ہے۔ یہ وہ اصل مقصد ہے جسے آپ، بطور اراکینِ مجلس خدام الاحمدیہ اور اطفال الاحمدیہ، ہمیشہ اپنے پیشِ نظر رکھیں۔ حضور انور نے اپنے خطاب میں انٹرنیٹ کے نقصانات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ بدقسمتی سے آج کے دَور میں بہت سے نوجوان اپنا سارا فارغ وقت آن لائن ویڈیوز دیکھنے، ٹی وی پروگرامز دیکھنے یا ویڈیو گیمز کھیلنے میں گزارتے ہیں۔ اسی لیے ہمارے اجتماعات میں کھیل اور گیمز اس مقصد کے لیے رکھے جاتے ہیں کہ نوجوان باہر کی فضا میں تازہ ہوا لیں، جسمانی صحت بہتر بنائیں اور اپنی فٹنس کو سنواریں۔ اس کے برعکس، ٹی وی کے سامنے فضول بیٹھے رہنا یا موبائل پر مسلسل اسکرولنگ کرنا جسمانی اور ذہنی صحت کو نقصان پہنچاتا ہے۔ انٹرنیٹ پر بے شمار خطرناک اور غیر اخلاقی مواد آسانی سے دستیاب ہے جو اخلاقی اقدار کو کھوکھلا کرتا ہے اور نفرت کو ہوا دیتا ہے۔اب تو مصنوعی ذہانت (AI) نے اس خطرے کو ایک نئی جہت دے دی ہے۔ مَیں کئی سال سے اس کے نقصانات کے بارے میں خبردار کرتا رہا ہوں اور آج ہم تقریباً روزانہ اس کے خوفناک نتائج دیکھ رہے ہیں۔ خیال رہے کہ امسال اجتماع گلفورڈ میں واقع Hook Lane پر موجود پچاس ایکڑ زمین پر منعقد ہوا۔ مقام اجتماع اسلام آباد ٹلفورڈ سے گاڑی پر پندرہ منٹ کی مسافت پر ہے۔ امسال اجتماع کا مرکزی موضوع ’’قرآن کریم جواہرات کی تھیلی‘‘ تھا۔ ٭…رواں سال کا آخری سورج گرہن ۲۱؍ستمبر کو ہوا۔یہ مظاہرہ تقریباً چار گھنٹے جاری رہا۔ یہ سورج گرہن صرف جنوبی نصف کرے کے مخصوص علاقوں میں دکھائی دیا، جن میں نیوزی لینڈ، آسٹریلیا کے کچھ حصے، جنوبی بحرالکاہل اور انٹارکٹیکا شامل ہیں۔ اس دوران سورج کا منظر دلکش ہلالی شکل اختیار کر گیا۔ ۲۰۲۵ءمیں مجموعی طور پر چار گرہن ہوئے جن میں دو سورج گرہن اور دو چاند گرہن شامل ہیں۔ پاکستان میں اس سال ہونے والے دونوں سورج گرہن نہیں دکھائی دیے۔ اگلا مکمل سورج گرہن ۱۲؍اگست ۲۰۲۶ء کو ہوگا، جو گرین لینڈ، آئس لینڈ، سپین، روس اور پرتگال کے کچھ حصوں میں دکھائی دے گا۔ ٭…امریکی سرگرم سماجی کارکن، چارلی کرک کی اہلیہ نے اپنے شوہر کے قاتل کو معاف کرنے کا اعلان کردیا۔ اِن کا کہنا تھا کہ میرے شوہر کا مقصد نوجوانوں کی زندگیوں کو بچانا تھا۔ یاد رہے کہ چارلی کِرک کو ۱۰؍ستمبر کو یوٹاہ یونیورسٹی کیمپس میں ایک عوامی مباحثے کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔حال ہی میں چارلی کرک کی یاد میں اریزونا کے ایک اسٹیڈیم میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں ۶۳؍ہزار سے زائد افراد شریک تھے۔