۱۲؍ ستمبر جمعۃ المبارک کو نماز فجر کے وقت ہوا ہلکی رفتار سے چل رہی تھی۔ پندرہ دن پہلے کے خوشگوار موسم کے بعدگذشتہ ہفتہ سے گرمی الوداع ہونے کے بعد پھر لوٹ کر آگئی۔ جمعہ کو سارا دن سورج آسمان پر چمکتا رہا اور زمین پر گرمی پھینکتا رہا۔ ہوا بند ہونے سے حبس نے بھی جگہ بنا لی۔ شام اور رات کے وقت حبس بہت تھا۔ ہفتہ کے دن صبح کو ہوا بند تھی اور حبس محسوس ہوتا تھا۔ دن بارہ بجے کے قریب آسمان پر ہلکی تہ کے ساتھ بادل چھائے ہوئے تھے، ہوا بند ہونے سے گرمی تھی۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۵؍۔ اور کم سے کم ۲۸؍ درجہ سینٹی گریڈتھا۔ اتوار کی صبح فجر کے وقت آسمان پر ہلکے بادلوں کی پرت موجود تھی۔ اور ساتھ ہی ہلکی ہواچل رہی تھی۔ منگل کو صبح فجر کے وقت ہوا بند تھی اور حبس کی کیفیت تھی، دن کے باقی حصہ میں گرمی دندناتی رہی۔ بدھ کو بھی گر م دن تھا، ساتھ حبس بھی زیادہ ہوگیا۔ آسمان صاف ہونے کی وجہ سے سورج خوب چمک دکھلا رہا تھا اور دھوپ اپنے جوبن پر تھی جس کی وجہ سے گرمی میں خاطر خواہ مزید اضافہ ہوگیا۔ جمعرات کو بھی موسم کی یہی کیفیت رہی دھوپ کی وجہ سے گرمی زیادہ ہوگئی تھی۔ بادل آسمان پر کہیں کہیں آوارہ گردی کرتے نظر آتے تھے۔ دن بھر وقفے وقفے سے ہلکی رفتار سے ہوا چلتی رہی۔ لیکن موسم میں کوئی خوشگوار تبدیلی پیدا نہ ہوسکی۔ یہ ہفتہ مجموعی طور پر گرم، خشک اور حبس والا تھااس ہفتہ میں گرمی کی لہر جاتے جاتے پھرواپس آگئی ہے۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۶؍۔ اور کم سے کم ۲۸؍ درجہ سینٹی گریڈ تھا۔(ابو سدید)