جامعہ احمدیہ یو کے کے تعلیمی سال 2013-2014ء کے دوران تمام کلاسز میں سالانہ امتحانات میں اعزاز پانے والے انیس طلباء میں تقسیم انعامات حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بابرکت شمولیت۔ انعامات و اسناد کی تقسیم، پُر حکمت نصائح پر مشتمل خطاب اور ظہرانہ میں شرکت۔ سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز 16؍جنوری 2016ء ہفتہ کے دن جامعہ احمدیہ یو کے (UK) کے چوتھے کانووکیشن میں رونق افروز ہوئے۔ جامعہ احمدیہ یو کے مسجد فضل لندن سے قریباً چالیس میل کے فاصلہ پر انگلستان کی کاؤنٹی سَرے کے ایک خوبصورت قصبہ ہیزل میئر (Haslemere) میں ایک پہاڑ کی چوٹی پر واقع ہے۔ اس روز سال 2015ء کے دوران شاہد کی ڈگری کے حقدار قرار پانے والے جامعہ احمدیہ کینیڈا کے آٹھ طلباء اور جامعہ احمدیہ یوکے (UK) کے سترہ طلباء جبکہ جامعہ احمدیہ یو کے کے تعلیمی سال 2013-2014ء کے دوران تمام کلاسز میں سالانہ امتحانات میں اعزاز پانے والے انیس طلباء کو ملا کرچوالیس خوش نصیب طلباء نے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دستِ مبارک سے انعامات پانے کا اعزاز حاصل کیا۔ جامعہ احمدیہ یو کے اپنی خوش قسمتی پراللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کرے کم ہے کہ اب تک یہاں منعقد ہونے والی چاروں تقاریبِ تقسیمِ انعامات میں حضرت امیرالمومنین خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز نے ازراہِ شفقت بنفس نفیس رونق افروز ہوکر طلباء کو انعامات سے نوازا اور مربیان و مبلغین کرام کو نہایت قیمتی نصائح سے فرما کران کو تاریخ ساز اور یادگار بنا دیا۔ الحمد للہ علیٰ ذالک حضورِ انور ایدہ اللہ کی تشریف آوری اور تقریبِ تقسیم اسناد حضرت امیر المومنین خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مع ممبران قافلہ گیارہ بجے سے کچھ بعد جامعہ احمدیہ میں تشریف لے آئے۔ امیر جماعتِ احمدیہ برطانیہ مکرم رفیق احمد حیات صاحب، پرنسپل جامعہ احمدیہ یوکے محترم صاحبزادہ مرزا ناصر انعام احمد صاحب، پرنسپل جامعہ احمدیہ کینیڈا محترم ہادی علی چوہدری صاحب اورصدر تعلیمی کمیٹی جامعہ احمدیہ محترم ظہیر احمد خان صاحب نے حضورِ انور کے استقبال کا شرف حاصل کیا۔ کچھ دیر Stone Houseواقع جامعہ احمدیہ میں قیام فرمانے کے بعد گیارہ بج کر بیس منٹ پر حضورِانور جامعہ احمدیہ کے آڈیٹوریم میں تشریف لائے جہاں تقریب تقسیم اسناد کا انتظام کیا گیا تھا اور طلباء و اساتذہ جامعہ احمدیہ کے ساتھ ساتھ تقریب میں شامل ہونے والے مہمان بھی حضورِ انور کے لئے چشم براہ تھے۔ حضور انور ایدہ اللہ کے آڈیٹوریم میں رونق افروز ہونے پر تمام حاضرین نے کھڑے ہو کر حضورِ انور کا استقبال کیا۔ حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ کرسی ٔ صدارت پر رونق افروز ہوئے۔ اس تقریب کے دوران سٹیج پر محترم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ برطانیہ، محترم مرزا ناصر انعام صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ یوکے، محترم ہادی علی چوہدری صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ کینیڈا، محترم ظہیر احمد خان صاحب صدر تعلیمی کمیٹی جامعہ احمدیہ یو کے کو بیٹھنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ حضورِ انور کے کرسیٔ صدارت پر تشریف فرما ہوتے ہی حاضرین میں موجود مصر سے تشریف لانے والے دوست محترم فتحی عبدالسلام صاحب نے اپنے منفرد اور مخصوص اندازمیں عربی زبان میں اللہ تعالیٰ کی حمد و ثناء، نبی اکرم صلی اللہ علیہ و اٰلہٖ وسلّم پر درود و سلام اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام، خلفائے راشدین و صحابہ کرام پر تسلیمات بھیجتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے شکر کے جذبات کا اظہار کیا کہ جماعتِ احمدیہ مسلمہ میں خلافتِ حقہ اسلامیہ کی نعمتِ عظمیٰ موجود ہے۔ تقریب کا باقاعدہ آغازتلاوت قرآن کریم سے ہوا جونفیس احمد قمر صاحب نے کی۔ تلاوت کی جانے والی سورۃ المؤمنون کی آیاتِ مبارکہ(1تا12) کا اردو ترجمہ فائز احمد ناصر صاحب نے پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس کے بعد حضرت اقدس مصلح موعودرضی اللہ عنہ کے پاکیزہ منظوم کلام سے درج ذیل منتخب اشعار حفیظ احمد صاحب نے دل نشین انداز میں پیش کئے: ؎ ہمیں بھی ہے نِسبَتِ تَلَمُّذ کسی مسیحا نَفَس سے حاصل ہوا ہے بے جان گو کہ مسلم مگر اب اس کو جِلائیں گے ہم مٹا کے نقش و نگار دیں کو یونہی ہے خوش دشمنِ حقیقت جو پھر کبھی بھی نہ مٹ سکے گا اب ایسا نقشہ بنائیں گے ہم خدا نے ہے خضر رہ بنا یا، ہمیں طریقِ محمدی کا جو بھولے بھٹکے ہوئے ہیں ان کو صنم سے لاکر ملائیں گے ہم مٹا کے کفر و ضلال و بدعت کریں گے آثارِ دیں کو تازہ خدا نے چا ہا تو کوئی دن میں ظفر کے پرچم اڑائیں گے ہم وہ شہر جو کفر کا ہے مرکز،ہے جس پہ دینِ مسیح نازاں خدائے واحد کے نام پر اِک اب اس میں مسجد بنائیں گے ہم پھر اس کے مینار پر سے دنیا کو حق کی جانب بلائیں گے ہم کلامِ ربِّ رحیم و رحماں ببانگ بالا سنائیں گے ہم رپور ٹ صدر تعلیمی کمیٹی جامعہ احمدیہ یو کے بعد ازاں مکرم ظہیر احمد خان صاحب صدر تعلیمی کمیٹی جامعہ احمدیہ یو کے نے ڈائسپرآ کر حسبِ ذیل رپورٹ پیش کی: ’’بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔ سیدی!قرآن کریم کی پیشگوئی کے مطابق حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ آخرین میں جاری ہونے والی خلافت حقہ اسلامیہ احمدیہ کی لا متناہی برکات جن کا مشاہدہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ اپنی ایک سو پچیس سالہ تاریخ میں مسلسل کرتی آئی ہے، جامعات احمدیہ کا قیام بھی انہیں برکات میں سے ایک برکت ہے۔ سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے 1897ء میں خادم دین بنانے کے لئے جس ادارہ کے قیام کی خواہش کا اظہار فرمایا تھا اور پھر آپ ہی کے عہد مبارک میں 1906ء میں مدرسہ تعلیم الاسلام میں دینیات اور عربی کی تعلیم کے لئے جس شاخ کے اجراء کے ذریعہ اس کی بنیاد پڑی، نبوت و خلافت کی برکت سے یہی شاخ آج ایک ادارہ کی شکل میں سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پانچویں خلیفہ اور اپنے محبوب آقا کی خدمت میں مربیان سلسلہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک سیدی! سات سال قبل2008ء میں دنیا کے چار براعظموں کے سات ممالک یوکے، فرانس، بیلجیم، ہالینڈ، آسٹریلیا، گیمبیا اور ابو ظہبی سے تعلق رکھنے والے جو بچے دینی تعلیم کے حصول کے لئے جامعہ احمدیہ یو کے میں داخل ہوئے تھے،اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان سے ان میں سے17مربیان کرام جامعہ احمدیہ یوکے سے فارغ التحصیل ہونے والی چوتھی شاہد کلاس کے طور پر آج حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ کے دست مبارک سے اسناد حاصل کرنے کی سعادت پانے جا رہے ہیں۔ سیدی!ان طلباء کو گزشتہ سات سالوں میں جامعہ نے جو اپنے روایتی انداز میں زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی کوشش کی ہے اس کی حیثیت ایک رعایت اسباب سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ لیکن ان طلباء کے علم کے حصول کا حقیقی منبع وہ سعادت ہے جو انہیں اپنے آقا سے براہِ راست فیض حاصل کرنے کی صورت میں نصیب ہوئی ہے اور جوجامعہ احمدیہ یوکے کے ہر طالبعلم کے لئے ایک انمول اور بے بدل دولت ہے۔ چنانچہ ان فارغ التحصیل ہونے والے مربیانِ کرام نے دورانِ تعلیم حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے متعدد بار ذاتی ملاقات کا شرف حاصل کیا۔ مختلف علمی نشستوں میں حضور انور کے زیرِ سایہ رہ کر اپنی علمی قابلیتوں کوصیقل کرنے کی توفیق پائی۔ حضور انور کی اقتدا میں نمازوں کی ادائیگی کے ذریعہ اپنی روحانی تربیت کے سامان کئے۔ اسی طرح جامعہ احمدیہ کے مختلف پروگراموں میں حضور انور کی بنفسِ نفیس تشریف آوری نے ان کے قلوب و اذہان پرخلافت کی محبت و شفقت کے ایسے انمٹ نقوش ثبت فرمائے ہیں جو ان کی آئندہ ساری زندگی میں ان کے لئے مشعل راہ ثابت ہوں گے۔ انشاء اللہ اللہ تعالیٰ کے حضور دعا ہے کہ وہ ان تمام مربیانِ سلسلہ کو ہمیشہ اپنی رضا کی راہوں پر چلاتے ہوئے ان سے ایسے کام لے جس سے اُس کی عزت، عظمت اور جلال ظاہر ہو۔ اوریہ سب حضرت اقدس محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے غلامِ صادق حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی توقعات کے عین مطابق پورے اخلاص و وفا کے ساتھ عمل کرتے ہوئے خلافتِ احمدیہ کے سلطانِ نصیر بننے والے ہوں۔ آمین سیدی! آج کی اس پُر وقار تقریب میں جامعہ احمدیہ یو کے سے فارغ التحصیل ہونے والی چوتھی شاہد کلاس کے 17مربیانِ کرام اپنے آقا کے دست مبارک سے تفسیرِ صغیر، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے جامعہ احمدیہ یو کے، کینیڈا اور جرمنی کے کانووکیشنز کے مواقع پر ارشاد فرمودہ خطابات پر مشتمل کتاب لائحہ عمل اور شاہد کی ڈگری حاصل کریں گے۔ نیز تعلیمی سال 2013-2014ء کی باقی چھ کلاسوں میں اوّل، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے19 طلباء انعامات اور اسنادِ امتیاز حاصل کرنے کی سعادت پائیں گے۔ ‘‘ رپور ٹ پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ کینیڈا اس کے بعد محترم ہادی علی چوہدری صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ کینیڈانے درج ذیل رپورٹ پیش کی: ’’ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیْم نَحْمَدُہٗٗ وَ نُصَلِّی عَلٰی رَسُوْلِہٖ الْکَرِیْمِؐ وَ عَلٰی عَبْدِہٖ الْمَسِیْحِ المَوْعُوْدؑ سیّدی! حضرت مسیح موعو د علیہ الصلوٰۃ والسلام کے قائم کردہ ادارہ جامعہ احمدیہ کی کینیڈین شاخ کا قیام 2003ء میں ہوا۔ 2010ء میں اس نے علم و عمل کی اپنی پہلی سات ارتقائی منزلیں طے کیں۔ چنانچہ یہ ادارہ بفضلہٖ تعالیٰ 2010ء سے2015ء تک چونسٹھ(64)پھل خدمت ِ خلافت میں پیش کرنے کی توفیق پاچکاہے۔ الحمد للہ ثم ّ الحمد للہ۔ ثمّ الحمد للہ کہ جامعہ احمدیہ کینیڈا پر حضور پُرنور کی ہدایات و راہنمائیوں اور شفقتوں کا سائبان ہر لمحہ سایہ فگن ہے جس کی وجہ سے اساتذہ اور طلبہ کے لئے ہر عمل نہایت واضح اور ہر راہ انتہائی واضح اور کشادہ ہو جاتی ہے۔ پیارے آقا! جامعہ احمدیہ کینیڈا انٹرنیشنل میں کینیڈا اور امریکہ کے علاوہ یوکے،جرمنی، بیلجیم، فرانس، آسٹریلیا، جاپان، بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ،شارجہ، قادیان، ربوہ، اور قرغیزستان وغیرہ ممالک سے بھی طلباء شامل ہوئے۔ پیارے آقا! دوران تعلیم طلباء کو قرآن کریم ناظرہ، ترجمۃ القرآن، تفسیر القرآن، حدیث، علم الکلام،تاریخ و سیرت، موازنۂ مذاہب، فقہ، تصوّف کے مضامین پڑھائے گئے نیز عربی، فارسی، اردو اور کسی حد تک انگریزی زبان اور سائنسی مضامین کی تعلیم بھی دی گئی۔ حضور ایّدکم اللہ تعالیٰ کی طرف سے درجہ خامسہ اور رابعہ کے لئے تشکیل کردہ سیمیناروں کا بھی مستقل بنیادوں پر سلسلہ جاری ہے۔ دوران تعلیم مختلف علوم و ہنر کے ماہرین کو جامعہ میں مدعو کر کے ان کے مخصوص علوم اور تجارب سے طلبہ کو روشناس کرایا گیااور تحقیق و تدقیق کے اصولوں سے آگاہ کیا گیا۔ اسی طرح بعض اوقات انہیں مختلف مذاہب کے مرکزوں میں لے جا کر ان کے موقف سے بھی روشناس کرایا گیا۔ عملی میدان کے لئے تیاری کے سلسلے میں طلباء کو تبلیغی دوروں ، فلائرز کی تقسیم نیز کینیڈا اور امریکہ میں منعقد ہونے والی مختلف تربیّتی کلاسزپر بھی بھجوایا جاتا رہا۔ اسی طرح مختلف یونیورسٹیز اور مارکیٹسں میں مستقل لگنے والے تبلیغی سٹالزپر بھی جامعہ کے طلباء تبلیغی خدمات سر انجام دیتے ہیں۔ نیزSymposiums اور مباحثوں میں بھی شریک ہوتے ہیں۔ نیزطلباء اور اساتذہ جامعہ مختلف مساجد، مراکزِ نماز اورسکولوں میں خطباتِ جمعہ کے لئے بھی متعیّن ہیں۔ اسی طرح جامعہ کے اساتذہ اور طلباء تعلیم و تدریس کے ساتھ ساتھ ایم ٹی اے کے پروگراموں کی ریکارڈنگ اور دیگر مختلف جماعتی خدمات میں بھی مصروف ہیں۔ گزشتہ سال دورانِ تعطیلات طلباء جامعہ تحریک وقفِ عارضی کے تحت امریکہ و کینیڈا کے علاوہ یوکے، کبابیر اور پاکستان میں بھی بھجوائے گئے۔ جامعہ کینیڈا کے تعارف اور اس میں داخلہ کی تحریک کے لئے ایک استاد اور دو طلباء پر مشتمل درجن بھر وفود امریکہ اور کینیڈا کی مختلف جماعتوں میں بھجوائے گئے۔ سیّدی! دوران تعلیم طلباء جامعہ کی علمی استعدادوں کو اجاگر اور صیقل کرنے کے لئے ان کے درمیان اور ان کے ٹیوٹوریل گروپس کے مابین تحریری و تقریری اور مختلف علمی مقابلے بھی کرائے جاتے ہیں۔ اسی طرح طلباء جامعہ اور ان کے گروپوں کے درمیان کھیلوں کے مقابلہ جات بھی باقاعدگی سے منعقد ہوتے ہیں۔ طلباء کے لئے ہر سال سالانہ پکنک، Endurance Walk اورسردیوں میں Winter Sportsوغیرہ پروگرام بھی کئے جاتے ہیں۔ اسی طرح ایک کلاس کاCamping کا پروگرام بنایا جاتا ہے جس میں کھانا پکانے، مچھلی کے شکار، تیراکی، موٹربوٹ چلانے اور Rowing Canoeing, اور Kayakingوغیرہ کی مشق بھی کرائی گئی۔ سیّدی!طلباء کو جامعہ کے مستقل پروگرام کے تحت آخری سالوں میں کم از کم تیس ہزار الفاظ پر مشتمل تحقیقی مقالہ جات کے لئے حضور پُرنور سے منظور شدہ مختلف موضوعات دئیے گئے۔ طلباء نے حضور پُرنور ایّدہ اللہ تعالیٰ کے مقرر کردہ نگرانوں کی زیرِ نگرانی یہ مقالے مکمل کئے۔ جامعہ احمدیہ کینیڈا کے لئے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے منظور شدہ سالانہ Calendar of Eventsکے جملہ پروگراموں پر مکمل عمل کیا گیا۔ امسال تقریباً سات سو جلدوں پر مشتمل دو صد کتابیں جامعہ کی لائبریری میں شامل کی گئیں۔ جامعہ احمدیہ کینیڈا کو گزشتہ سال حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی حیاتِ طیّبہ پرایک دلکش، بھرپوراور نافع للنّاس جامع نمائش پیش کرنے کی توفیق ملی جس سے دوران سال ہزاروں احبابِ جماعت اور غیر از جماعت مسلم و غیر مسلم احباب نے استفادہ کیا۔ امسال 23مارچ کو آنحضرت ﷺ کی حیاتِ مبارکہ پر نمائش پیش کی جارہی ہے۔ انشاء اللہ۔ اس نمائش کے علمی،تربیّتی اور تبلیغی لحاظ سے بابرکت ہونے کے لئے حضور پُرنور اور احبابِ جماعت کی خدمت میں دعا کی عاجزانہ درخواست ہے۔ سیّدی!جامعہ احمدیہ کینیڈا کے تحت ٹورانٹو میں ایک اہم ادارہ حفظ القرآن سکول بھی جاری ہے۔ اس کے قیام کو چار سال مکمل ہو چکے ہیں۔ اس دوران اللہ تعالیٰ کے فضل سے فارغ التحصیل حفّاظ کی تعداد پندرہ ہو چکی ہے۔ یہ حفّاظ ماہِ رمضان میں کینیڈا کی مساجداور مراکزِ نماز میں تراویح پڑھارہے ہیں۔ ہم سب پیارے آقا کی رہنمائی، شفقت، توجہ اور دعاؤں کے محتاج ہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضلوں کے متمنّی ہیں اور دعا کی درخواست کرتے ہیں کہ یہ نئے مبلّغین کرام علم و عمل، روحانیت اور خدمت کے لحاظ سے جماعت کے صفِ اوّل کے خد ّام اور خلافت ِ حقّہ کے اوّلین جانثاروں میں شامل ہوں۔ اب حضور پُر نور ایدکم اللہ تعالیٰ جامعہ احمدیہ کینیڈا سے 2015ء کے فارغ التحصیل آٹھ مبلّغین کرام کو از راہِ شفقت اپنے دستِ مبارک سے تفسیر صغیر اور شاہد کی اسنادسے نوازیں گے۔ جزاکم اللہ احسن الجزاء‘‘ تقسیم انعامات و اسناد بعد ازاں حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت اوّلًادرج ذیل شاہدین جامعہ احمدیہ کینیڈاکو اسناد عطا فرمائیں۔ 1۔ مکرم اعزاز احمد خان صاحب مربی سلسلہ 2۔ مکرم خواجہ حسن احمد صاحب مربی سلسلہ 3۔ مکرم رضا احمد صاحب مربی سلسلہ 4۔ مکرم حماد مبین صاحب مربی سلسلہ 5۔ مکرم ذیشان مظفر احمد صاحب مربی سلسلہ 6۔ مکرم لقمان محمد رانا صاحب مربی سلسلہ 7۔ مکرم محمد صالح صاحب مربی سلسلہ 8۔ مکرم عمار الناصر صاحب مربی سلسلہ اس کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ نے جامعہ احمدیہ یوکے (UK) کے تعلیمی سال 2013-14ء کی چھ کلاسوں درجہ خامسہ، رابعہ، ثالثہ، ثانیہ، اولیٰ اور ممہدہ کے امتحانات میں اوّل، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو انعامات اور اسنادِ امتیاز عطا فرمائیں۔ محترم ظہیر احمد خان صاحب صدر تعلیمی کمیٹی استاد جامعہ احمدیہ یو کے اعزاز پانے والے طلباء کے نام پڑھتے گئے اور درج ذیل خوش نصیب طلباء ایک ایک کر کے ان یادگار لمحات میں حضورِ انور کے بابرکت ہاتھوں سے یہ انعامات حاصل کرتے رہے۔ حضورِ انورطلباء کو انعامات عطا کرنے کے ساتھ ساتھ ان سے پُرشفقت گفتگو فرماتے ہوئے نیزاپنی دلآویز مسکراہٹ کے ساتھ طلباء کی حوصلہ افزائی بھی فرماتے رہے۔ تعلیمی سال 13-2012ء کے دوران درجہ ممہدہ تا درجہ خامسہ میں اعزاز پانے والے 19طلباء کے اسماء یوں ہیں : درجہ خامسہ: اول: عزیزم محمد عطائے ربی ہادی، دوم: عزیزم عبداللہ ڈیبا، سوم: عزیزم ظافر محمود ملک۔ درجہ رابعہ: اول: عزیزم مروان سرور گل، دوم: عزیزم حسن سلبی، سوم: عزیزم آفاق احمد۔ درجہ ثالثہ: اول: : عزیزم سید احسان احمد، دوم: عزیزم قمر احمدظفر، سوم: عزیزم حافظ انیق الرحمان۔ درجہ ثانیہ: اول: عزیزم مبشر احمد ظفری، دوم: عزیزم نعمان احمد ہادی، سوم: عزیزم عمران سلام۔ درجہ اولیٰ: اول: عزیزم حافظ طٰہٰ داؤد، دوم: عزیزم سید عدیل احمد، سوم: عزیزم دانیال محمود کاہلوں۔ درجہ ممہدہ: اول: عزیزم سرفراز احمد باجوہ، دوم: عزیزم آصف بن اویس، سوم: عزیزم عدیل طیب اور عزیزم صہیب احمد۔ اس کے ساتھ ہی حضورِ انور نے ازراہِ شفقت جامعہ احمدیہ یو کے سے 2015ء میں فارغ التحصیل ہونے والے اٹھارہ خوش نصیب مربیان کرام کو اپنے دستِ مبارک سے’تفسیرِ صغیر‘، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے جامعہ احمدیہ یوکے، کینیڈا اور جرمنی کے کانوکیشنز کے مواقع پر ارشاد فرمودہ خطابات پر مشتمل کتاب ’لائحہ عمل‘ اور شاہد کی اسناد عطا فرمائیں : 1۔ مکرم ظافر محمود ملک صاحب مربی سلسلہ، 2۔ مکرمصباح الظفر صاحب مربی سلسلہ، 3۔ مکرم عبداللہ ڈیباصاحب مربی سلسلہ، 4۔ مکرم محمد عطائے ربی ہادی صاحب مربی سلسلہ، 5۔ مکرم نوید احمد کھوکھر صاحب مربی سلسلہ، 6۔ مکرم نبیل احمد مرزا صاحب مربی سلسلہ، 7۔ مکرم احمد صبور سلام بھٹی صاحب مربی سلسلہ،8۔ مکرم سعید احمد جٹ صاحب مربی سلسلہ، 9۔ مکرم طاہر احمد خالد صاحب مربی سلسلہ، 10۔ مکرم مدبّر احمد دین صاحب مربی سلسلہ، 11۔ مکرم عبدالرحمٰن چام صاحب مربی سلسلہ، 12۔ مکرم محمد انس احمد صاحب مربی سلسلہ، 13۔ مکرم مشرف احمد صاحب مربی سلسلہ، 14۔ مکرم Muhammad MBae صاحب مربی سلسلہ،15۔ مکرم چوہدری محمد مظہر صاحب مربی سلسلہ، 16۔ مکرم ذیشان احمد کاہلوں صاحب مربی سلسلہ اور 17۔ مکرم محمد ارسلان صاحب مربی سلسلہ (بارک اللہ لھم فی الدنیا والآخرۃ) حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا بصیرت افروز خطاب تقسیم اسناد اور انعامات کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ایک نہایت پر معارف خطاب ارشاد فرمایا جس میں ان فارغ التحصیل ہونے والے مربیان کرام کو خصوصًا جبکہ دنیا کے کونے کونے میں موجود مبلغین و مربیانِ سلسلہ کو عمومًا نہایت اہم اور بصیرت افروز نصائح فرمائیں۔ (حضورِ انور کے اس خطاب کا مکمل متن اسی شمارہ کی زینت بن رہا ہے۔ ) تصاویر حضورِ انور کا یہ روح پرور خطاب 12: 45 پر ختم ہواجس کے بعد حضور انور نے دعا کروائی اور اس تقریب کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ دعا کے بعد اس تاریخی موقع پر حضورِ انورایدہ اللہ نے اپنے خدام مربیانِ سلسلہ و شاہدین جامعہ احمدیہ کینیڈا و جامعہ احمدیہ یو کے برائے سال 2015ء کو اپنے ہمراہ الگ الگ گروپ کی صورت میں تصاویر بنوانے کی سعادت بخشی۔ حضورِ انور نے ازراہِ شفقت امراء و صدر صاحبان جماعت احمدیہ کینیڈا،فرانس، بیلجیم، ہالینڈ، آسٹریلیا، گیمبیا اور ابوظہبی کو بھی تصاویر میں شامل ہونے کا ارشاد فرمایا۔ امسال شاہد کی ڈگری حاصل کرنے والے خوش نصیب طلباء میں سے کچھ کا تعلق ان ممالک سے تھا اور یہ احباب بطورِ خاص اس یادگار تقریب میں شامل ہونے کے لئے تشریف لائے تھے۔ اس موقع پر بنوائی جانے والی دیگر تصاویر میں جامعہ احمدیہ کی تمام کلاسوں درجہ ممہدہ تا درجہ سادسہ، اساتذہ جامعہ احمدیہ، کارکنان جامعہ احمدیہ کی الگ الگ تصاویر کے علاوہ جامعہ احمدیہ کے تمام طلباء کی ایک گروپ فوٹو بھی شامل ہے۔ ان تمام تصاویر میں محترم امیر صاحب جماعت احمدیہ یوکے اورمحترم پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ بھی شامل ہوئے۔ اس کے علاوہ اس تقریب میں موجود جامعہ احمدیہ کینیڈا سے فارغ التحصیل ہونے والے مربیان کرام کو بھی حضورِ انور ایدہ اللہ نے ازراہِ شفقت اپنے ساتھ تصویر بنوانے کی سعادت بخشی۔ اس تصویر میں محترم امیر صاحب جماعت احمدیہ کینیڈا اورمحترم پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ کینیڈا بھی شامل ہوئے۔ ظہرانہ بعد ازاں حضور انور کی اقتدا میں نمازِ ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں اور پھر حضورانور اور تمام مہمان ظہرانے کے لئے طعامگاہ تشریف لے گئے۔ ظہرانے کے لئے جامعہ احمدیہ کے جنوبی جانب واقع لان میں مارکی لگائی گئی تھی۔ قریباً ساڑھے چار سو مہمانوں کے لئے جامعہ احمدیہ میں ہی تیار کیا جانے والالذیذ کھانااپنی روایات کے مطابق جامعہ احمدیہ کے طلباء نے انتہائی مستعدی کے ساتھ مہمانوں کو پیش کیا۔ ظہرانے کے بعد حضورِ انور کچھ دیرجامعہ احمدیہ میں ہی قیام پذیر رہے اور وہاں موجود اپنے خدام کو شرفِ دیدار اور قربت کا فیض بخشتے رہے۔ ظہرانے کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دعا کروائی۔ کچھ دیر stone houseمیں تشریف فرما رہنے کے بعد حضورِ انور نے قریباًچاربجے لندن واپسی کے لئے سفر اختیار فرمایا۔ فوٹو گرافی و ویڈیو ریکارڈنگ اس مبارک تقریب کو ایم ٹی اے کے لئے ریکارڈ کرنے کے لئے ایم ٹی اے کی ٹیم وہاں موجود تھی۔ بعد ازاں یہ پروگرام ایم ٹی اے پر متعدّد مرتبہ نشر کیا گیا۔ جبکہ فوٹوگرافی شعبہ مخزن التصاویر کی جانب سے کی گئی۔ جامعہ احمدیہ کے شعبہ سمعی و بصری کی طرف سے بھی فوٹوگرافی کا انتظام کیا گیا تھا۔ تقریب کے شرکاء اس تقریب کے شرکاء میں وکلاء، ایڈیشنل وکلاء، انچارج صاحبان ڈیسکس و شعبہ جات، امیر صاحب جماعت یوکے،امیر صاحب جماعت احمدیہ کینیڈا،فرانس، بیلجیم، ہالینڈ، آسٹریلیا، گیمبیا اور ابوظہبی سے تشریف لانے والے امرائے کرام،پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ کینیڈا، انگلستان میں خدمات بجا لانے والے واقفینِ زندگی و مبلّغینِ کرام، ’شاہد‘کی اسناد پانے والے طلباء کے والدین، نائب امراء جماعتِ احمدیہ یو کے، مجلسِ عاملہ جماعتِ احمدیہ یو کے کے ممبران اور ریجنل امراء یوکے شامل تھے۔ علاوہ ازیں مختلف ممالک سے امراء و مبلغین کرام اور دیگر معززین بھی اس تقریب میں شمولیت کے لئے تشریف لائے تھے۔ اس تقریب میں حضرت صاحبزادی امۃ السبوح بیگم مدظلہا حرم حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی معیّت میں صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ یوکے، بیگم صاحبہ امیر صاحب جماعت یوکے، بیگمات اساتذہ جامعہ احمدیہ اورشاہدین کی اسناد پانے والے خوش نصیب طلباء کی والدات و شادی شدہ طلباء کی بیگمات نے بھی شمولیت اختیار کی۔ جامعہ احمدیہ کے احاطہ میں ہی مہمان خواتین کے لئے قیام و طعام و صلوٰۃ کے الگ سے انتظامات کیے گئے تھے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ سب مبلغین و مربیان کرام کو حضور انور کی نصائح پر عمل پیرا ہوتے ہوئے، حضورِ انور کی توقعات کے عین مطابق بھر پور خدمت ِ دین کی توفیق عطا فرمائے اور تمام مبلغین کو حضورِ انور کا سلطانِ نصیر بنا دے۔ آمین اللّٰھم آمین۔ ٭…٭…٭