مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ 03؍دسمبر2015ء بروزجمعرات نماز ظہر و عصر سے قبل حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کر مکرم چوہدری عبد الغفور رندھاوا صاحب( آف لندن۔ ابن مکرم چوہدری اللہ دتہ صاحب رندھاوامرحوم) کی نماز جنازہ حاضر پڑھائی۔ آپ29؍نومبر2015ء کومختصر علالت کے بعد 87سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کا تعلق قادیان سے تھاجہاں آپ کو 7سال درویش کے طورپر بھی رہنے کی سعادت ملی۔ علاوہ ازیں آپ نے حضرت مصلح موعود ؓ کے دور میں حفاظت خاص میں خدمت کی توفیق پائی۔ آپ نماز باجماعت کے پابند ، تہجد گزار، نہایت شریف النفس ، ملنسار،نیک ، مخلص اور بزرگ انسان تھے۔چند ہ جات کے علاوہ دیگر مالی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔خلافت کے ساتھ بہت محبت اور وفا کا تعلق تھا۔بچوں کو بھی خلافت اور جماعت کے ساتھ پختہ تعلق رکھنے کی تلقین کیا کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چار بیٹیاں اور چار بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم عبدالہادی شہزاد صاحب صدر جماعت وانڈز ورتھ لندن کی حیثیت سے خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ نیز آپ کے دوپوتے جامعہ احمدیہ یوکے اور ایک نواسہ جامعہ احمدیہ ربوہ میں زیر تعلیم ہیں۔ اس کے ساتھ حسب ذیل مرحومین کی نماز جنازہ غائب بھی ادا کی گئی: (1)مکرمہ امۃ القیوم مبارکہ صاحبہ(اہلیہ مکرم ملک محمد دین صاحب۔ چک نمبر226گ ب۔ ضلع فیصل آباد ) 25؍نومبر 2015ء کو وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کا تعلق سیکھواں سے تھا اور آپ حضرت میاں جمال دین صاحب صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نواسی تھیں۔ آپ پنجوقتہ نمازوں کی پابند، تہجد گزار، قرآن کریم کی عاشق ،انفاق فی سبیل اللہ کرنے والی ،سادہ مزاج ،نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ آپ محترم ملک سیف الرحمان صاحب مرحوم(مفتی سلسلہ) کی نسبتی بہن تھیں۔ (2)مکر مہ امۃ المتین صاحبہ(اہلیہ مکرم لیاقت احمد صاحب۔ربوہ ) 22؍نومبر 2015ء کو بعارضہ کینسر 42سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے بیماری کاتمام عرصہ انتہائی صبر اور حوصلہ سے گزارا اور تادم آخر کسی قسم کاشکوہ نہیں کیا۔ بہت نیک اور باوفاخاتون تھیں۔ پسماندگان میں شوہر کے علاوہ ایک بیٹی اور دوبیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ محترم حمید اللہ ظفر صاحب اورمکرم عنایت اللہ زاہد صاحب مربیان سلسلہ کی چھوٹی ہمشیرہ تھیں۔ (3) مکرم عبد المالک صاحب(ماڈرن ٹیلرز ربوہ) 29؍اکتوبر2015ء کو دو ماہ کی مختصر علالت کے بعد وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ بہت باوفا ، محنتی اور مخلص انسان تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ پانچ بیٹیاں اور چھ بیٹے یادگارچھوڑے ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم سعود رفاقت صاحب مربی سلسلہ آجکل ناظم اطفال ربوہ کے طورپر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ (4) مکرم محمد ابو سعیدصاحب (ابن مکرم انور حسین صاحب۔ چٹا گانگ۔بنگلہ دیش) 3؍اپریل 2013ء کو 19سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ نے اپنی لوکل مجلس رنگا ماٹی(چٹاگانگ) میں قائد مجلس خدام الاحمدیہ کی حیثیت سے خدمت کی توفیق پائی۔ آپ بہت ذہین ،باہنر ، فدائی اورمخلص نوجوان تھے۔آپ کو تبلیغ کا بہت شوق تھا اور نڈر داعی الی اللہ تھے۔ آپ کی تبلیغ سے کئی افراد نے احمدیت قبول کرنے کی توفیق پائی۔ آپ اچھے کھلاڑی اور ماہر تیراک بھی تھے۔پسماندگان میں والدین کے علاوہ دوبہنیں اور دوبھائی یادگار چھوڑے ہیں۔ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر کرنے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین ٭…٭…٭