کامیابی کی راہیں۔ نصاب ستارہ اطفال آٹھ سے نو سال کی عمر کے بچوں کے لیے نصاب چھ ارکانِ ایمان 4۔ اللہ کے رسولوں پر ایمان لانا اللہ تعالیٰ کے بندوں تک اُس کا پیغام پہنچانے والے کو نبی، رسول یا پیغمبر کہتے ہیں۔ نبی کے معنی ہیں خدا سے غیب کی خبریں پا کر دنیا کو بتانے والا۔ دنیا میں جب ہر طرف بُرائی پھیل جاتی ہے اور لوگوں کو اللہ تعالیٰ پر یقین نہیں رہتا تو اللہ تعالیٰ اپنے نیک بندوں میں سے کسی کو نبی بنا کر بھیجتا ہے تا وہ لوگوں کو راہ راست پر لائے اور اُنہیں اللہ تعالیٰ کے احکام بتائے۔ انہیں پاک بنائے۔ کتاب اور حکمت سکھائے۔ سب نبی معصوم (بے گناہ)ہوتے ہیں۔ وہ کبھی گناہ نہیں کرتے۔ اُن کی زندگی بڑی پاک ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہر قوم، ہر ملک اور ہر زمانہ میں اپنے نبی اور رسول بھیجے ہیں جن کی تعداد ایک لاکھ چوبیس ہزار بتائی جاتی ہے۔ ان میں سے بعض مشہور نبیوں کے نام یہ ہیں: 1۔ حضرت آدمؑ 2۔حضرت نوحؑ 3۔ حضرت ابراہیمؑ 4۔ حضرت اسماعیلؑ 5۔ حضرت اسحاقؑ 6۔حضرت یعقوبؑ 7۔حضرت یوسفؑ 8۔ حضرت موسیٰؑ 9۔ حضرت عیسیٰؑ 10۔حضرت محمد مصطفیﷺ ٭… ٭… ٭… ٭… ٭ روز مرّہ دعائیں رَبِّ اِنِّیۡۤ اَعُوۡذُ بِکَ اَنۡ اَسۡـَٔلَکَ مَا لَـیۡسَ لِیۡ بِہٖ عِلۡمٌ ؕ وَاِلَّا تَغۡفِرۡ لِیۡ وَتَرۡحَمۡنِیۡۤ اَکُنۡ مِّنَ الۡخٰسِرِیۡنَ (ھود:48) ترجمہ: اے میرے ربّ! یقیناً میں اس بات سے تیری پناہ مانگتا ہوں کہ تجھ سے وہ بات پوچھوں جس (کے مخفی رکھنے کی وجہ) کا مجھے کوئی علم نہیں۔ اور اگر تُو نے مجھے معاف نہ کیا اور مجھ پر رحم نہ کیا تو میں نقصان اٹھانے والوں میں سے ہو جاؤں گا۔ اَحَادیث یاد کریں لَا يَكُوْنُ لِأَحَدِكُمْ ثَلَاثُ بَنَاتٍ أَوْ ثَلَاثُ أَخَوَاتٍ فَيُحْسِنُ إِلَيْهِنَّ إِلَّا دَخَلَ الْجَنَّةَ (سنن الترمذي، کتاب البر و الصلۃ … باب ما جاء في النفقة على البنات والأخوات … حدیث نمبر: 1912) ترجمہ: تم میں سے کسی کی تین لڑکیاں یاتین بہنیں ہوں اوروہ ان کے ساتھ اچھا سلوک کرے تو جنت میں ضرور داخل ہوگا۔ عربی الہام حضرت مسیح موعودؑ حضرت نواب مبارکہ بیگم صاحبہؓ کے متعلق الہام ہوا کہ تُنَشَّأُ فِی الْحِلْیَۃِ یعنی زیور میں نشوونما پائے گی۔ (حقیقۃ الوحی، روحانی خزائن جلد 22 صفحہ 227) قصیدہ مع ترجمہ شعر نمبر 18 قَامُوْا بِاِقْدَامِ الرَّسُوْلِ بِغَزْوِھِمْ كَالْعَاشِقِ المَشْغُوْفِ فِي الْمَيْدَانٖ ترجمہ: وہ رسول کریم ﷺ کی پیش قدمی پر اپنی جنگ میں ایک فریفتہ عاشق کی طرح میدان میں ڈٹ گئے۔