فرمودہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 24اگست 2013ء بروز ہفتہ مسجد فضل لندن میں درج ذیل نکاحوں کا اعلان فرمایا۔ تشہد و تعوذ اور مسنون آیات قرآنیہ کی تلاوت کے بعدحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: ۔ اس وقت میں چند نکاحوں کا اعلان کروں گا۔ اللہ تعالیٰ کرے کہ یہ تمام نکاح، رشتے جو آج طے ہورہے ہیں ہر لحاظ سے بابرکت ہوں۔ نکاح اور شادی کے وقت لڑکا اور لڑکی دونوں کو یہ احساس ہونا چاہئے، یہ خیال رکھنا چاہئے کہ یہ قائم ہونے والے رشتے ایسے رشتے ہیں جس میں اللہ تعالیٰ نے تقویٰ پر بار بار زور دیا ہے۔ پس جب تک اخلاص قائم رہے گا، تقویٰ قائم رہے گا، خدا تعالیٰ کی رضا مد نظر رہے گی، رشتے بابرکت ہوتے رہیں گے اور آئندہ نسلیں بھی نیک اور صالح پیدا ہوں گی۔ اللہ کرے یہ قائم ہونے والے رشتے ہر لحاظ سے بابرکت ہوں۔ یہ تمام نکاح جو آج ہورہے ہیں ان میں لڑکا یا لڑکی یا دونوں ہی واقف نَو ہیں۔ پھر ان نکاحوں کا اعلان کرتے ہوئے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ۔ پہلا اعلان میں عزیزہ نداء النصر جاوید بنت مکرم منصور جاوید صاحب کا کر رہا ہوں۔ ان کا نکاح عزیزم مباہل احمد شاکر ابن مکرم حنیف احمد شاکر صاحب سٹن کے ساتھ دس ہزار پاؤنڈ حق مہر پر طے پایا ہے۔ اور دونوں لڑکا اور لڑکی اللہ تعالیٰ کے فضل سے وقفِ نو میں شامل ہیں۔ عزیزم مباہل شاکر تو اپنی تعلیم مکمل کرکے جماعت کے کام بھی کر رہے ہیں۔ حضور انور نے فرمایا: ۔ دوسرا نکاح عزیزہ درِّ عدن کا ہے جو مکرم امین اللہ صاحب کی بیٹی ہیں۔ اور یہ عزیزم سحر فاروقی جو واقفِ نو ہے اور شجر فاروقی صاحب کے بیٹے ہیں، ان کے ساتھ دس ہزار پاؤنڈ حق مہر پر طے پایا ہے۔ حضور انور نے فرمایا: ۔ اگلا نکاح عزیزہ آمنہ بتول آیت اللہ کاہے۔ یہ بھی واقفہ نو ہیں۔ جو عزیزم مجیب احمد مرزا کے ساتھ تین ہزار پاؤنڈ حق مہر پر طے پایا ہے، جو واقفِ نو بھی ہیں اور جامعہ احمدیہ یو کے کے طالبِ علم ہیں۔ تمام نکاحوں کے اعلان اور فریقین کے درمیان ایجاب و قبول کروانے کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے رشتوں کے بابرکت ہونے کے لئے دعا کروائی اور فریقین کو شرف مصافحہ بخشتے ہوئے مبارکباد دی۔ (مرتبہ: ظہیر احمد خان۔ مربی سلسلہ شعبہ ریکارڈدفتر پی ایس،لندن)