https://youtu.be/8qea2wmN1qk اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماء اللہ اور ناصرات الاحمدیہ فن لینڈ کا ۹واں نیشنل اجتماع ’’اَحَسِبَ النَّاسُ اَنۡ یُّتۡرَکُوۡۤا اَنۡ یَّقُوۡلُوۡۤا اٰمَنَّا وَہُمۡ لَا یُفۡتَنُوۡنَ(العنکبوت:۳)یعنی کیا لوگ یہ گمان کر بیٹھے ہیں کہ یہ کہنے پر کہ ہم ایمان لے آئے وہ چھوڑ دیئے جائیں گے اور آزمائے نہیں جائیں گے؟‘‘ کے مرکزی موضوع پر مسجد نور، ہیلسنکی میں مورخہ ۹و۱۰؍اگست ۲۰۲۵ء کو کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ الحمدللہ، اجتماع نہایت بابرکت اور کامیاب رہا۔ ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات دونوں نے تمام تعلیمی مقابلوں میں بھرپور جوش و جذبہ کے ساتھ حصہ لیا۔ ۴تا۶؍سال کی بچیوں کے مقابلے مرکزی اجتماع سے ایک ہفتہ قبل کروائے گئے۔ اجتماع کی تیاریاں اپریل میں شروع ہوئیں جن کے دوران نصاب تیار کرکے لجنہ اماءاللہ کی ویب سائٹ پر شائع کیا گیا۔ مقامی مجالس کی سیکرٹریان تعلیم نے ممبرات سے رابطہ کرکے ان کو اجتماع میں شرکت کی ترغیب دی۔ بعض مقابلے جیسے حفظ، مضمون نویسی اور دستکاری اجتماع سے پہلے مکمل کر ليے گئے۔ امسال اجتماع میں ۱۵؍مقابلے منعقد کیے گئے جن میں تلاوت قرآن کریم، حفظ، قصیدہ، کوئز دینی معلومات، تقریرفی البدیہہ، مضمون نویسی، شرائط بیعت، بیت بازی، نظم، فنش اور اردو تقاریر، خطاطی اوردستکاری شامل تھے۔ لجنہ ممبرات نے ان مقابلوں میں شوق اور لگن سے حصہ لیا۔ ناصرات کے ليے تلاوت قرآن کریم، حفظ، دعائیں، احادیث، قصیدہ، دینی معلومات، شرائط بیعت، نظم، اردو تقریر اور خطاطی کے مقابلے ہوئے۔ سات سال سے کم عمر بچوں کے ليے چار مقابلے رکھے گئے: تلاوت قرآن کریم، دعائیں، نظم اور دینی معلومات۔ اجتماع کا آغاز ۹؍اگست کی صبح تلاوت قرآن کریم، عہد، نظم اور صدر لجنہ اماء اللہ فن لینڈ کی افتتاحی تقریر سے ہوا۔ پہلے اجلاس میں لجنہ اور ناصرات کے تلاوت قرآن کریم اور حفظ کے مقابلے ہوئے۔ اس کے بعد ناصرات اپنے ہال میں باقی مقابلوں کے ليے روانہ ہو گئیں۔ دوسرے اجلاس میں نظم اور فنش تقریر کے مقابلے ہوئے۔ پہلی مرتبہ دینی معلومات کا کوئز مجلس Helsinki اور مجلس Espoo کے درمیان منعقد ہوا۔ ہر ٹیم میں تین ممبرات شامل تھیں اور کوئز پانچ مراحل پر مشتمل تھا۔ سخت مقابلے کے بعد مجلس Espoo فاتح قرار پائی۔ ۱۰؍اگست بروز اتوار لجنہ اور ناصرات کے باقی مقابلے ہوئے۔ بیت بازی کا مقابلہ بہت دلچسپ رہا جس میں Helsinki, Espoo اور دیگر شہروں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ مجلس Helsinki اور دیگر شہروں کی ٹیمیں پہلی پوزیشن پر رہیں۔ دوپہر کے وقفے کے دوران Helsinki اور Espoo کے شوریٰ نمائندگان کے انتخابات ہوئے۔ اسی روز مجلس Vantaaکے قیام کا اعلان صدر کے انتخاب کے ساتھ کیا گیا۔ اسی طرح احمدیہ مسلم سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن برائے خواتین (AMSAW) کے عہدیداران کے انتخابات بھی منعقد ہوئے۔ اختتامی اجلاس میں نیشنل جنرل سیکرٹری نے گذشتہ سال کی سرگرمیوں کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ فن لینڈ نے لجنہ اور ناصرات سے مخاطب ہوتے ہوئے انہیں قیمتی نصائح کیں اور ان کی راہنمائی کی۔ آخر میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس سال دو نئے اعزازات متعارف کروائے گئے: بہترین مجلس ایوارڈ اور ایوارڈ آف ایکسیلینس۔ بہترین مجلس کا ایوارڈ مجلس Helsinki کو دیا گیا جبکہ تقریباً ۳۰؍لجنہ ممبرات کو ان کی شاندار سال بھر کی کارکردگی پر اسناد دی گئیں۔ فن لینڈ کی پانچوں مجالس(Espoo, Helsinki, Tampere, Turku اور Vaasa) سے ممبرات نے اس اجتماع میں شرکت کی۔ کُل حاضری۱۵۷؍رہی جس میں ۷۴؍ لجنہ ممبرات، ۸؍مہمان، ۲۵؍ناصرات، ۴۴؍بچے اور ۴؍اطفال شامل تھے۔ اللہ تعالیٰ تمام شرکاء اور منتظمین کی کاوشوں کو قبول فرمائے۔ آمین (رپورٹ: کنزہ محمود۔نیشنل سیکرٹری تعلیم لجنہ اماء اللہ فن لینڈ)