https://youtu.be/qlC1htifwrM محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ میلبرن ویسٹ کو مورخہ ۳۱؍اگست ۲۰۲۵ء کو ایک بین المذاہب پروگرام ‘‘خدا تعالیٰ کا عالمگیر تصور’’ کے موضوع پر منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ یہ پروگرام میلٹن سٹی کونسل کے علاقہ اَینٹری (Aintree) کے ٹمبر ٹاپ (Timbertop) کمیونٹی سنٹر میں شام چار تا ساڑھے چھ بجے منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد اور کونسل کے نمائندوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ مکرم وقاص احمد صاحب صدر جماعت احمدیہ میلبرن ویسٹ نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اس پروگرام کی اہمیت بیان کی۔ اس کے بعد عیسائی مشنری بِشپ سمتھ تَفیلی (Smith Tafili)نے عیسائیت اور یہودی راہنما سائمن گنیزلا (Simon Gnieslaw)نے یہودیت میں خدا کے تصور پر پریزنٹیشن دی۔ میلٹن انٹرفیتھ نیٹ ورک کے نائب صدر مکرم کبیر خنال (Kabir Khanal) صاحب نے اپنی تقریر کے دوران جماعت احمدیہ کی مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور خدمت خلق کی کاوشوں کو خوب سراہا۔ پروگرام کے آخر پر خاکسار(مربی سلسلہ)نے سورت فاتحہ کی ابتدائی چار آیات کی روشنی میں تفصیلی طورپر اسلام میں خد اکے تصور کو پیش کیا۔ نیز اس کے بعد حاضرین کے اسلام کے متعلق مختلف سوالوں کے جواب دینے کا بھی موقع ملا۔ الحمدللہ اس موقع پرقرآن کریم کی نمائش اور بک سٹال کا انتظام بھی کیاگیا تھا جس میں حاضرین نے خوب دلچسپی دکھائی۔ پروگرام کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔ اس پروگرام میں ۴۴؍تبلیغی مہمانوں سمیت کل ۱۰۴؍افراد شامل ہوئے۔ پروگرام کے بعد تمام حاضرین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ اللہ تعالیٰ ہماری تبلیغی مساعی میں برکت ڈالے اور ہمیں احسن رنگ میں اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین (رپورٹ:عاطف احمد زاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)