اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ پری اینڈ پرائمری سکول موروگورو، تنزانیہ کو مورخہ ۳۰؍اگست ۲۰۲۵ء کو ساتویں کلاس کی پانچویں تقریب گریجوایشن کے انعقاد کی توفیق ملی۔ امسال سکول کے ۲۸؍طلبہ پرائمری تعلیم مکمل کرنے کے ليے ماہ ستمبر میں نیشنل امتحانات میں حصہ لیں گے، ان شاء اللہ۔ اس طرح احمدیہ پری اینڈ پرائمری سکول موروگورو سے کُل ۱۲۱؍طلبہ اب تک فارغ التحصیل ہوجائیں گے۔ الحمدللہ گریجوایشن تقریب صبح ساڑھے دس بجے ہوا۔ مکرم خواجہ مظفر احمد صاحب قائم مقام امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ کی زیرصدارت منعقد ہوئی۔ مکرم عابد محمود بھٹی صاحب نائب امیرو پرنسپل جامعہ و انچارج احمدیہ سکول موروگورو نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ قومی ترانہ کے بعدتلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز ہوا۔ بعد ازاں سکول کا ترانہ پڑھا گیا۔ مکرم سعید علی Kitata صاحب سکول ہیڈ ٹیچرنے تمام مہمانان و حاضرین کا تعارف کروایا۔ ساتویں کلاس کے طلبہ نے نظم کی صورت میں مہمانان کوخوش آمدیدکہا۔ پھر بعض دیگر طلبہ نے نظموں کی صورت میں الوداعی جذبات کا اظہار کیا جس کے بعد چھٹی کلاس کے بعض طلبہ نے فارغ التحصیل طلبہ کو دعائیہ کلمات سے الوداع کہا۔ بعد ازاں مکرم عبدالرحمٰن Mikila صاحب نے سکول انچارج صاحب کی طرف سے تعلیمی و ترقیاتی رپورٹ پڑھی جس کے مندرجات مختصراً قارئین کی خدمت میں پیش ہیں۔ اس سکول کا آغاز ۲۰۱۳ء میں ۸؍طلبہ اور ایک استادکے ساتھ جامعہ ہال سےہوا۔ ۲۰۱۴ء میں دو کلاس رومز، دو بیت الخلاء کی تعمیر ہوئی اور سکول باقاعدہ اپنی عمارت میں منتقل ہو گیا۔ آج اللہ کے فضل سے ۳۰۰؍طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ دس کلاس رومز، تین دفاتر (جن میں انتظامیہ کا کمرہ، سٹاف روم، کمپیوٹر لیب اور لائبریری ہے)، ایک کشادہ ہال اور طلبہ و طالبات کے ليے الگ الگ بیت الخلاء اس سکول کی عمارت کا حصہ ہیں۔ الحمدللہ ۲۰۲۱ء میں اس سکول کی پہلی ساتویں کلاس کے ۲۷؍طلبہ سرکاری امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے فارغ التحصیل ہوئے اور اس سال ماہ ستمبر میں سالانہ امتحانات کے بعد کُل ۱۲۱؍طلبہ اس درسگاہ سے فارغ التحصیل ہو جائیں گے۔ ان شاءاللہ اس رپورٹ کے بعد مقامی حکومت کے شعبہ تعلیم کی نگران صاحبہ نے سٹیج پر آکر اظہار خیال کیا اور احمدیہ سکول کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور فارغ التحصیل طلبہ کو نصائح کیں۔ بعد ازاں سکول کمیٹی کی انچارج صاحبہ نے اظہار خیال کیا اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ اس کے بعد مکرم عابد محمود بھٹی صاحب انچارج احمدیہ سکول نے طلبہ کو آنے والے امتحانات کے حوالے سے نصیحت کی کہ دعا اور ایمانداری سے امتحانات دیں اور کسی لحاظ سے نہ گھبرائیں۔ اس کے بعد صدر مجلس نے طلبہ میں اسناد تقسیم کیں۔ بعدازاں آپ نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ ملک کا مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہیں۔ آپ میں ڈاکٹر، استاد، انجینئرز اور عہدیداران بننے والے موجود ہیں۔ ہمیشہ سچ بولیں، دینی و دنیاوی علم میں ترقی کریں۔ دعا کے بعد گروپ فوٹوز کا اہتمام ہوا اور آخر پر حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ اس سکول سے منسلک تمام افراد کو اپنے فضل کے سایہ میں رکھے، ہدایت کی راہ پر چلنے کی توفیق دے اور ہر آن کامیابیوں سے نوازے۔ آمین (رپورٹ:عبدالناصر باجوہ۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)