https://youtu.be/3KFHQ7wFRJ4 مورخہ ۳؍جولائی ۲۰۲۵ء کو جرمن سفیر برائے لائبیریا عزت مآب ڈاکٹر H.E. Jakob Haselhuber صاحب نے مسرور احمدیہ سکول ٹیآنی (Tienii)کا دورہ کیا جو دارالحکومت منروویا سےشمال مغرب کی سمت میں ۱۲۵؍کلومیٹر کی مسافت پرGrand Cape Mount کاؤنٹی کے ایک چھوٹے سے ٹاؤن میں قائم ہے۔ یہ دورہ اِس لحاظ سے بھی تاریخی اہمیت کا حامل تھا کہ پہلی بار اِس سکول اور ٹاؤن میں کسی سفیر کی تشریف آوری ہوئی۔ صبح ساڑھے گیارہ بجے جناب سفیر صاحب کاؤنٹی کے داخلی دروازہ (چیک پوائنٹ) پر وارد ہوئے جہاں سکول پرنسپل مکرم وجیہ رانا صاحب نےاساتذہ و طلبہ کے ہمراہ اُن کا استقبال کیا۔ اس کے بعد ایک مارچ کی صورت میں وہ سکول کی جانب بڑھے جہاں مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر و مبلغ انچارج لائبیریا نے ان کو خوش آمدید کہا۔ سفیر صاحب کے اعزاز میں سکول انتظامیہ کی طرف سے ایک تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جو مکرم امیر صاحب کی زیرصدارت منعقد ہوئی جس میں اسسٹنٹ کمشنر، سکول انتظامیہ اور والدین نے بھی شرکت کی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم پرنسپل صاحب نے خوش آمدید کے رسمی کلمات کے ساتھ سکول کا تعارف پیش کیا۔ معاً بعد طلبہ کی طرف سے School Odeپیش کیا گیا۔ مکرم امیر صاحب نے حاضرین کو نصرت جہاں سکیم کا تعارف اور افریقہ، خصوصاً لائبیریا میں جماعت احمدیہ کی تعلیمی و طبی خدمات کےدائرہ کار کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ آخر پر موصوف سفیر صاحب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کامیابی کی کنجی ہے اور افریقہ میں اس کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے جس کے ليے یہ سکول کوشاں ہے۔ نیز جماعت احمدیہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جو سکولوں، کلینکس، پانی کی فراہمی اور دیگر رفاہی کاموں کے ذریعہ عوام کی بے لوث خدمت میں ایسے علاقوں میں سرگرم ہے جہاں بڑی بڑی دیگر فلاحی تنظیمیں بھی نہیں پہنچ پاتیں۔ تقریب کے اختتام پر مکرم امیر صاحب نے سفیر صاحب کو سکول کی طرف سے ایک یادگاری شیلڈ اور جماعت کا تعارفی لٹریچر، سیرت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور عالمی بحران اور امن کی راہ کی کتب کا تحفہ بھی پیش کیا۔ سفیر صاحب کو سکول کی عمارت، اس کی توسیع اور سکول سے ملحقہ زیر تعمیر کلینک کا بھی دورہ کروایا گیا جس کے بعد ان کی ظہرانہ سے تواضع کی گئی جس دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوتا رہا۔ (رپورٹ : فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل ) مزید پڑھیں: برازیل کے شہروں Piracicaba اور Jundiaikaکاتبلیغی دورہ