مورخہ ۲۵؍جولائی ۲۰۲۵ء کو برطانوی شاہی خاندان کے رکن عزت مآب شہزادہ ایڈورڈ (Prince Edward)صاحب ڈیوک آف ایڈنبرا(Duke of Edinburgh) نے مغربی یورپ کی سب سے بڑی مسجد بیت الفتوح کا دورہ کیا جس کا مقصد احباب جماعت کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا اور سماجی خدمات کا اعتراف کرنابھی تھا۔ یہ پہلا موقع تھا جب برطانوی شاہی خاندان کے کسی بھی رکن نے مسجد بیت الفتوح کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے لندن گارڈن سوسائٹی کے پیٹرن کی حیثیت سے انتظامیہ مسجد بیت الفتوح کو ماحول کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے ليے بہترین اور خوش نما پھولوں کی آراستگی کے مقابلہ میں ایک ایوارڈ سے بھی نوازا۔ بعدازاں انہوں نے ایک یاد گار پودےکی بنیاد میں مٹی ڈالنے میں بھی حصہ لیا۔ عزت مآب شہزادہ صاحب کی مسجد بیت الفتوح میں آمد پر ڈپٹی لیفٹیننٹ آف لندن بورو آف مرٹن جناب کرس کوٹن (Chris Cotton)، میئر آف مرٹن کونسل جناب Martin Whelton، ممبران لندن گارڈن سوسائٹی جبکہ جماعت احمدیہ یوکے کی جانب سے نائب امیر مکرم نصیر دین صاحب، سیکرٹری امور خارجہ مکرم فرید احمد صاحب اور منتظمین مسجد بیت الفتوح کے اراکین نے ان کا پُرتپاک اور پُرجوش استقبال کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا۔ انہیں مسجد کا تفصیلی دورہ کرواتے ہوئے اس کی تاریخی اہمیت بتائی گئی جبکہ جماعت احمدیہ کے تعارف اور عقائد سے بھی آگاہ کیا گیا۔ انہیں قرآن کریم مع انگریزی ترجمہ، حضرت مسیح موعودؑ کی کتاب ’اسلامی اصول کی فلاسفی‘ اور نیشنل پیس سمپوزیم میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات پر مشتمل کتاب بھی تحفۃً دی گئی۔ اس کے علاوہ مسجد بیت الفتوح کی ایک انتہائی خوبصورت پینٹ کی گئی تصویر بھی انہیں تحفے میں پیش کی گئی۔ بعدازاں میئر آف مرٹن نے اپنے تاثرات میں بیان کیا کہ آج یہاں عزت مآب شہزادہ ایڈورڈ صاحب کی موجودگی کی وجہ سے ایک اہم دن تھا۔ میں پہلے بھی کئی مرتبہ یہاں آچکا ہوں اور آپ لوگوں کی میزبانی اور انتظامات ہمیشہ سے بہترین رہے ہیں۔ انہوں نے رنگ برنگے پھولوں کے گلدستے اور چھوٹے درختوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ یہاں کے ماحول کومزید خوشنما بناتے ہیں۔ جناب Andrew Babiczصاحب ممبر آف لندن گارڈن سوسائٹی نے کہا کہ میں آپ کو یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہو ں کہ عزت مآب شہزادہ صاحب آج یہاں کے دورے سے بہت ہی محظوظ ہوئے ہیں۔ (رپورٹ: لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ بوما ریجن، کونگو سنٹرل کے زیر اہتمام جماعتی زمین پر ایک وقار عمل