اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سیرالیون میں تبلیغ احمدیت کے نتیجے میں مختلف طبقاتِ اور اعلیٰ تعلیم یافتہ معززین اسلام احمدیت کے قریب آ رہے ہیں۔ امیر جماعت ہائے احمدیہ سیرالیون مکرم موسیٰ میوا صاحب نے بتایا کہ ہیڈکوارٹرز میں آنے والے مہمانوں کو قرآنِ کریم کا نسخہ بطور تحفہ دیا جاتا ہے اور اس کے ساتھ بنیادی تعارفی کتب مثلاً اسلامی اصول کی فلاسفی، دعوۃالامیر اور Life of Muhammadﷺ بھی پیش کی جاتی ہیں۔ یہ کتب سعید روحوں کو دینِ حق تک پہنچانے کا ذریعہ بن رہی ہیں۔ یہ تمام کوششیں اُس عملی مساعی کا حصہ ہیں جس کی طرف حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خصوصیت کے ساتھ توجہ دلائی ہے کہ تبلیغِ اسلام صرف دیہی عوام تک محدود نہ رہے بلکہ اشرافیہ اور تعلیم یافتہ طبقہ کو بھی مسیح موعود و مہدی معہود علیہ السلام کا پیغام پہنچایا جائے۔ اس ضمن میں امیر صاحب اور دیگر احباب نے اعلیٰ حکام اور وزراء سے رابطہ کیا اور پیغام پہنچانے کا کام شروع کیا جس کے شاندار نتائج سامنے آئے۔ چند مہمانان اور بیعت کنندگان کا تعارف پیش ہے۔ ٭…عزت مآب عمرُو نیپولین کوروما (Honourable Umaru Napoleon Koroma) صاحب حال ہی میں بیعت کرکے احمدیت میں داخل ہوئے۔ آپ تین سال تک سیرالیون کے ڈپٹی منسٹر آف جسٹس رہے اور جون ۲۰۲۳ء سے تاحال نائب وزیر معدنیات وقدرتی وسائل (Deputy Minister of Mines and Mineral Resources) کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ آپ قانون کے شعبہ سے وابستہ ہیں اور اعلیٰ تعلیم یافتہ شخصیت ہیں۔ آپ نے بی اے (آنرز) پولیٹیکل سائنس، ایل ایل بی (آنرز) اور ایل ایل ایم (انٹرنیشنل ڈسپیوٹ ریزولیوشن) کی ڈگریاں حاصل کی ہیں۔ ٭…مکرم المامی لَہائی کمارا(Alimamy Lahai Kamara صاحب ۲۰۲۲ء میں امیر صاحب کی طویل تبلیغی محنت کے نتیجہ میں جماعت احمدیہ میں شامل ہوئے۔ آپ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آف سیرالیون براڈکاسٹنگ کارپوریشن (SLBC) کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ آپ نے بی اے ماس کمیونیکیشن اور ایم ایس سی ڈپلومیسی اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز کی ڈگریاں حاصل کی ہیں۔ ٭…محترم سلیو محمد تراوالی (Sallieu Mohamed Tarawally) صاحب امیر صاحب کے دفتر میں وکالت کے شعبہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ کئی سال کی تبلیغ کے بعد آپ نے امسال جلسہ سالانہ فروری ۲۰۲۵ء پر جماعت احمدیہ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ آپ نے جون ۲۰۲۵ء میں بیعت فارم پر دستخط کیے اور جولائی ۲۰۲۵ء سے چندہ ادائیگی بھی باقاعدہ شروع کر دی ہے۔ ٭…محترم ابراہیم سوری ساکوہ (Ibrahim Sorie Saccoh) صاحب ایک وکیل ہیں اور نجی پریکٹس میں مصروف ہیں۔ آپ نے احمدیہ مسلم سیکنڈری سکول بو میں تعلیم حاصل کی جہاں آپ کے والد بھی زیرِ تعلیم رہے۔ آپ کے والد کو دورانِ طالب علمی ریویو آف ریلیجنز کے مطالعہ سے خاص شغف رہا جس پر آپ کو بھی فخر ہے۔ اگرچہ آپ نے تاحال بیعت نہیں کی تاہم جماعت احمدیہ کے ساتھ محبت اور احترام کا تعلق رکھتے ہیں۔ آپ نے بی اے (ہسٹری اینڈ پولیٹکس) اور ایل ایل بی (آنرز) کی ڈگریاں حاصل کی ہیں۔ ٭…محترم عمارہ ابراہیم کریم (Amara Ibrahim Karim) صاحب ایک وکیل ہیں اور نجی پریکٹس میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ آپ نے بھی احمدیہ مسلم سیکنڈری سکول بو میں تعلیم حاصل کی۔ آپ بی اے (انگلش) اور ایل ایل بی (آنرز) کی ڈگری کے مالک ہیں۔ امیر صاحب کی تبلیغ کے نتیجہ میں آپ اسلام احمدیت کے قریب آ رہے ہیں۔ ٭…محترم میکس کیٹا(Max Katta)صاحب Seventh-Day Adventist چرچ سے تعلق رکھتے ہیں لیکن احمدیہ مسلم سیکنڈری سکول بو کے فارغ التحصیل ہیں۔ آپ کو اسلام احمدیت سے محبت ہے اور امت مسلمہ کی وحدت پر خاص زور دیتے ہیں۔ آپ اقوامِ متحدہ کے ادارہ UN Mission in Darfur میں ملازم ہیں۔ حالیہ تعطیلات کے دوران سیرالیون آمد پر آپ نے امیر صاحب سے رابطہ قائم کیا اور ۱۱؍جولائی ۲۰۲۵ء کو نمازِ جمعہ میں شامل ہوئے۔ آپ نے بی اے (انگلش و سوشیالوجی) اور ایم اے پیس اینڈ کانفلکٹ سٹڈیز کی ڈگریاں حاصل کی ہیں۔ ٭…معزز وزیر خارجہ محترم الحاج تیموتھی موسیٰ کبا(Honourable Al-Hajj Timothy Musa Kabba) صاحب اس وقت سیرالیون کے وزیر خارجہ و عالمی ہم آہنگی(Minister of Foreign Affairs and International Cooperation Sierra Leone)ہیں۔ گذشتہ سال حج کی ادائیگی کے بعد آپ پہلی مرتبہ مکرم امیر صاحب کے ساتھ نمازِ جمعہ میں شامل ہوئے۔ اس موقع پر امیر صاحب نے آپ کو قرآن کریم کا نسخہ، جماعت کی کتب اور ایک سرمئی جناح کیپ تحفہ میں دی۔ ان احباب کو مشن ہاؤس آمد پر بھرپور طریق پر خوش آمدید کہا گیا اور ان کوقرآن کریم اور کتب کے تحائف بھی پیش کیے گئے۔ اللہ تعالیٰ ان سعید روحوں کے ایمان کو مضبوط سے مضبوط تر کرے اور ان کے دلوں کو ایمان کی روشنی کے لیے کشادہ فرمائے۔ آمین (رپورٹ:ذیشان محمود مربی سلسلہ سیرالیون) مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا کے ریجنل اجتماعات کا انعقاد