کونگو کنشاسا کے صوبہ کونگو سنٹرل کا ایک اہم تجارتی شہر Boma ہے جو دارالحکومت کنشاسا سے ۴۴۰؍کلومیٹر کے فاصلہ پر ہے۔ یہاں پر کلیم اللہ بسمل صاحب مرکزی مبلغ سلسلہ جنوری ۲۰۲۳ء میں تعینات کیے گئےجس کے بعد اس شہر اور گرد و نواح میں تبلیغ کے ذریعہ لوگ جماعت احمدیہ میں داخل ہونے لگے۔ اس سے قبل بھی اس علاقہ میں جماعت قائم تھی۔ لیکن کوئی جماعتی مشن ہاؤس یا زمین نہیں تھی۔ مبلغ سلسلہ کی تعیناتی کے بعد یکم اپریل ۲۰۲۴ء کو بوما شہر میں ایک ایکڑ سے زائد جگہ پر مشتمل وسیع پلاٹ خریدا گیا جس میں جماعتی پروگرامز منعقد کیے جانے لگے۔ اس حوالے سے مکرم کلیم اللہ صاحب مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ بارشوں کے موسم کے بعد زمین میں کافی گھاس پھوس اور جھاڑیاں اُگ آتی ہیں۔ ان کی صفائی کے ليے مجلس خدام الاحمدیہ بوما کو مورخہ ۱۰؍اگست کو وقار عمل کرنے کی توفیق ملی جس میں ۶؍جماعتوں کے ۲۸؍خدام نے حصہ لیا۔ وقار عمل کی اطلاع پہلے سے خدام کو کر دی گئی تھی۔ چنانچہ خدام اپنے اپنے خرچ پر اتوار کو صبح آٹھ بجے بوما پہنچے۔ تمام خدام کی آمد کے بعد نو بجے وقار عمل کا آغاز دعا سے کیا گیا۔ خدام نے مل کر جماعتی پلاٹ سے جھاڑیاں اور گھاس پھوس صاف کیا اور بعد میں ان کو آگ لگادی گئی۔ وقار عمل کے بعد خدام کے مابین فٹ بال کے دو میچز کروائے گئے جس سے خدام نے خوب لطف اٹھایا۔ خدام میں جوش وخروش پیدا کرنے کے ليے لوکل زبان میں جماعتی نغمے بھی پڑھے گئے۔ ڈیڑھ بجے دوپہر نماز ظہر و عصر جمع کرکے ادا کی گئیں۔ کھانے اور دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتا م ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ: شاهد محمود خان۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ کینیا کا ریفریشر کورس اور خدام و اطفال کا سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء