https://youtu.be/00LL0QtULPE محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ جرمنی کا ۴۳واں سالانہ اجتماع ’’الحیاء من الایمان‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۱۱تا۱۳؍جولائی ۲۰۲۵ء کارلسروئے میں کامیابی سے منعقد ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک امسال ہماری یہ خوش قسمتی تھی کہ اجتماع کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ کی درخواست پر ایک خصوصی محبت بھرا پیغام ارسال فرمایا جو اجتماع کے تینوں دن پڑھ کر سُنایا جاتا رہا۔ نیز اِس کی کاپیاں چھپوا کروا کر شاملین میں تقسیم کی گئیں۔ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ و نگرانِ اعلیٰ مکرمہ حامدہ سوسن چودھری صاحبہ نے مکرمہ نسیم احمد صاحبہ کو بطور منتظمۂ اعلیٰ لجنہ اور مکرمہ عمرانہ صباحت صاحبہ نیشنل سیکرٹری ناصرات کو بطور منتظمۂ اعلیٰ ناصرات مقرر کیا۔ لجنہ و ناصرات کے کُل۹۶؍انتظامی شعبہ جات کا قیام عمل میں لایا گیا۔ معائنہ انتظامات:۱۰؍جولائی بروز جمعرات شام سات بجے معائنہ انتظامات کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ کارروائی کے دوران بیجز تقسیم کیے گئے، کارکنات کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات کی روشنی میں ہدایات دی گئیں اور دُعا کروائی گئی۔ بعد ازاں اجتماع گاہ کے مختلف شعبہ جات کا مکرمہ صدر صاحبہ نے معائنہ کیا اور ضروری ہدایات دیں۔ یہ تقریب رات سوا نو بجے بخیروخوبی مکمل ہوئی۔ کُل حاضری ۷۲۸؍رہی۔ مجلس انصاراللہ کی جانب سے اجتماع گاہ میں تینوں دن نماز تہجد ونماز فجر کی باجماعت ادائیگی اوردرس القرآن کا انتظام کیا گیا تھا۔ کارلسروئے میں لجنہ کی اجتماع گاہ میں تینوں دنوں میں مجموعی طور پر دو ہزار کی تعداد میں لجنہ ممبرات و ناصرات نے قیام کیا۔ پہلا روز: سالانہ اجتماع کا باقاعدہ آغاز مورخہ ۱۱؍جولائی بروزجمعۃ المبارک نماز جمعہ کی باجماعت ادائیگی نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا براہ راست خطبہ جمعہ سننے کے بعد سہ پہر ساڑھے چار بجے مکرمہ صدر صاحبہ کی زیرصدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ عمومی کارروائی کے بعدصدر صاحبہ کےافتتاحی کلمات، دُعا اور سٹیج پر تشریف فرما ہونے والے مہمانوں کے تعارف کے بعد سٹیج پر منصفات کی زیر نگرانی مقابلہ حسن قراءت گروپ اول اور اجتماع گاہ سے ملحقہ خصوصی Cabinsمیں کوئز، اردو نظم اور معلمات کے حسن قراءت کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ افتتاحی تقریب کے بعدناصرات الاحمدیہ کی اجتماع گاہ میں نیشنل سیکرٹری ناصرات کی زیر صدارت مقابلہ جات کروائے گئے۔ لجنہ اماء اللہ کی اجتماع گاہ میں شام سات بجے معلمات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ نو بج کر پینتالیس منٹ پرنماز مغرب وعشاء کی باجماعت ادائیگی کے بعد اجتماع کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔ اجتماع کا دوسرا روز: ساڑھے نو بجے مکرمہ صدر صاحبہ کی زیر صدارت لجنہ کی اجتماع گاہ میں عمومی کارروائی کے بعد مقابلہ جات کا سلسلہ جاری رہا۔ سٹیج پر عائشہ اکیڈمی کا تعارف اور شعبہ خدمت خلق کے تحت Blood Cancer سے متعلق ایک معلوماتی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔ ناصرات الاحمدیہ کے ہال میں ناصرات معیار اوّل/دوم کے بھی مقابلہ جات جاری رہے۔ اس اجلاس کےاختتام پردوپہر سوا ایک بجے وقفہ برائے طعام و نماز ظہر و عصر ہوا۔ سہ پہر تین بجےسٹیج سے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی بیان فرمودہ خصوصی دُعاؤں کی دہرائی کروائی گئی۔ بعد ازاں الحیاء من الایمان کے موضوع پر قرآنی آیات، احادیث نبویہﷺ کی روشنی میں اور حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کے اقتباسات پر مبنی ۴۵؍منٹ کے دورانیہ پر مشتمل جرمن زبان میں فیچر پروگرام پیش کیا گیا جس میں نظم، حضور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات سے کلپس اور لجنہ اماء اللہ کے ذاتی تجربات کے ذریعہ روزمرہ کی زندگی میں حیا کو اپنانے اور اس کو اپنی ذات کا حصہ بنانے کے متعلق اہمیت واضح کی گئی۔ اسی طرح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطابات و خطبات کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کی ذات کا ادراک حاصل کرنےکے متعلق دل میں پیدا ہونے والے گمان کو سُن کر اس کا جواب ڈھونڈنے کی کوشش کرنے کی اہمیت کے متعلق بتایا گیا۔ اس پروگرام کے اختتام پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اجتماع کے موقع پر ارسال کردہ خصوصی پیغام پڑھ کر سُنایا گیا۔ سہ پہر چار بج کر ۳۵؍منٹ پر سٹیج پر مقابلہ نظم شناسی کا آغاز ہوا۔ یہ مقابلہ تین راؤنڈز پر مشتمل تھا جس میں تمام ٹیمز نے بھرپور حصہ لیا۔ اس مقابلہ کا اختتام شام پانچ بج کر پینتیس منٹ پر ہوا۔ اس دوران بیک وقت نومبائعات بہنوں کے چار علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ چھ بج کر پچاس منٹ پر مرکزی ہال میں تقسیم انعامات منعقد ہوئی جس میں مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نے لجنہ ممبرات، ناصرات اور نومبائعات میں مقابلہ شعبہ صنعت ودستکاری کے انعامات کے علاوہ تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کر نے والی لجنہ ممبرات میں اسناد و ایوارڈز تقسیم کیے۔ نماز مغرب و عشاء کی باجماعت ادائیگی کے بعد اجتماع کے دوسرے دن کا بخیروخوبی اختتام ہوا۔ اجتماع کا تیسرا روز:صبح دس بجے مکرمہ نیشنل صدر صاحبہ کی زیرصدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے چوتھے اجلاس کاآغاز ہوا۔ عمومی کارروائی کے بعد مقابلہ کوئز کا آغاز ہوا جس میں چھ مختلف ریجنز سے تین تین ممبرات پر مشتمل ٹیموں نے حصہ لیا۔ تربیتی سیمینار:دن ۱۲؍بجے تربیتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جو شعبہ تربیت کے تعاون سے نیشنل سیکرٹری تربیت مکرمہ عالیہ ورک صاحبہ نے پیش کیا۔ اس سیمینار کا موضوع ’’حقوق و فرائض اور معاشرے میں بڑھتی خود غرضی و انا کا اسلامی تعلیمات کی روشنی میں تدارک‘‘ تھا۔ سیمینار کے آخر میں ایک مکالمہ کے انداز میں دو ممبرات نے بچوں کی تربیت میں ماں کے کردار پر روشنی ڈالی اور بندوں کے حقوق اور اللہ تعالیٰ کے حقوق کے توازن کی اہمیت بیان کی۔ یہ پروگرام نہایت مؤثر اور اصلاحی رنگ لیے ہوئے تھا جس نے شامل ممبرات کے دلوں پر گہرا اثر چھوڑا۔الحمد اللہ اختتامی اجلاس:وقفہ برائے طعام و نماز ظہر و عصر کے بعد مکرمہ صدر صاحبہ کی زیر صدارت اختتامی اجلاس کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد مکرمہ جنرل سیکرٹری صاحبہ نے سالانہ رپورٹ ۲۰۲۳ء - ۲۰۲۴ء پیش کی اور بہترین کارکردگی پر مجالس کو اسناد دی گئیں۔ چنانچہ بڑی مجالس میں Neuwied ،Aziz Moschee، درمیانی مجالس میں Betzdorf اور چھوٹی مجالس میں Soltau سر فہرست رہیں۔ نیشنل اجتماع کے موقع پر لجنہ ممبرات و ناصرات کی بہترین حاضری کے لحاظ سے ریجنز میں سے Badenریجن نے پہلی، Groß-Gerau ریجن نے دوسری اور یجن Riedstadt نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سیکرٹری تعلیم لجنہ اماء اللہ جرمنی نے سالانہ اجتماع کی، جبکہ سیکرٹری ناصرات نے ناصرات اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں ناصرات الاحمدیہ اورلجنہ اماء اللہ کے مقابلہ جات میں اوّل پوزیشن حاصل کرنے والی لجنہ ممبرات و ناصرات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقسیم انعامات کے بعد مکرمہ صدر صاحبہ نے اپنی اختتامی تقریر میں کہا کہ ہم نے تین دن محبت، اتحاد اور حیا کے موضوع پر قیمتی باتیں سیکھیں اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات سے بھی راہنمائی حاصل کی۔ نیز آپ نے آئندہ جلسہ سالانہ جرمنی میں خدمات پیش کرنے اور لجنہ کے انتخابات کے لیے دعاؤں کی درخواست کی۔ دعا کے ساتھ سالانہ اجتماع اپنے بابرکت اختتام کو پہنچا۔ لجنہ کے مقابلہ جات: امسال لجنہ کے ۱۷؍مقابلہ جات میں ۵۴۹؍ممبرات نے حصہ لیا۔ حسن قراءت گروپ اوّل میں ۲۸، گروپ دوم میں ۳۰، معلمات ۲۰، اردو نظم ۳۰، پریزنٹیشن ۶۰، نظم شناسی ۷۵(۲۵؍ٹیمیں)، کوئز ۷۵، نومبائعات نے ۴؍علمی مقابلہ جات جبکہ صنعت و دستکاری کے ۵؍مقابلہ جات (پرس کی سلائی، ایپرن، کروشیہ، موزائیک) میں ۲۲۷؍ممبرات شریک ہوئیں۔ ناصرات کے پروگرام: ناصر ات کے ۱۴؍علمی مقابلہ جات میں ۴۹۲؍بچیوں نے حصہ لیا۔ مزید ۸۰؍اضافی مقابلہ جات، ۱۸۳؍تخلیقی سرگرمیاں، ۳۰۰؍نے Entdeckungsraum (دریافت کی جگہ)، ۱۴۵؍نے دفاعی کورس، ۵۰؍تبلیغی ورکشاپس، ۴۲؍مشاہدہ معائنہ اور ۱۸۰؍نے فیچر پروگرامز میں حصہ لیا۔ خصوصی نشستیں اور ورکشاپس: معیار سوم کی ناصرات کے لیے ’’تعلق باللہ‘‘ نشست اور ’’حیا میرا باطنی خزانہ‘‘ کے موضوعات پر ورکشاپس منعقد ہوئیں۔ سیلف ڈیفنس ورکشاپ میں اعتماد بڑھانے پر زور دیا گیا۔ ناصرات کو صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ سے ملاقات کا موقع بھی ملا۔ خطوط اور مشاورت: اجتماع کے دوران حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں تقریباً ۳۶۰؍خطوط لکھے گئے۔ نیشنل شعبہ خدمت خلق نے مشاورت کا منصوبہ متعارف کروایا جس میں ۱۴؍خواتین نے مختلف موضوعات پر ماہرین سے انفرادی راہنمائی حاصل کی۔ نمائش اور مشاعرہ: ’’الحیاء من الایمان‘‘ کے موضوع پر دستکاری نمائش میں ۲۴؍ریجنز شریک ہوئے۔ اسی طرح مشاعرہ ’’ایک شام گھر کے نام‘‘ میں ۶۰۰؍ممبرات شریک ہوئیں۔ وصیت کوئز: ریجنز کی ٹیموں کے مابین بیت السبوح میں سہ روزہ وصیت کوئز کا انعقاد ہوا۔ خصوصی ضروریات:خصوصی ضروریات کے حامل تقریباً ۳۰؍بچوں نے علمی مقابلہ جات میں حصہ لیا اور انعامات حاصل کیے۔ اس کے ساتھ ماؤں کو مفید معلومات فراہم کی گئیں۔ AMWSA پروگرام: نیشنل سیکرٹری امور طالبات کی زیر نگرانی AMWSA کی صدر و عاملہ کا انتخاب عمل میں آیا۔ مزید پروگراموں میں Abiturکی راہنمائی، پی ایچ ڈی و ڈاکٹریٹ کی طالبات سے ملاقات، ری یونین اور تبادلہ خیال شامل تھے۔ معلوماتی سٹینڈز:تعلیم القرآن پراجیکٹ، وصیت، وقف عارضی، عائشہ اکیڈمی، النصرت، تبلیغ، رشتہ ناطہ، امور طالبات، AMWSA، AMJV، Amvti، ہیومینٹی فرسٹ اور لجنہ آفس کے تحت سٹینڈز لگائے گئے جن سے شاملین نے معلومات حاصل کیں۔ خدمت خلق: ۹۲؍ممبرات نے Stem Cells عطیہ کیے اور ۵۰؍نے اعضاء عطیہ کے لیے رجسٹریشن کروائی۔ غزہ کے لیے امدادی مہم کے تحت ورزشی سائیکل، تہنیتی کارڈز اور ہاتھ سے بنائی ہوئیسینریز کی فروخت کے ذریعے عطیات جمع کیے گئے۔ دیگر پروگرامز:مربیان سلسلہ کی بیگمات کے ساتھ نشست، ٹاک لاؤنج میں مختلف موضوعات پر اجلاسات، ’’الحیاء من الایمان‘‘کے موضوع پر علمی نمائش اور ناصرات کے فیچر پروگرامز شامل تھے۔ بازار و سٹالز: بیرونی احاطہ میں بازار لگایا گیا جہاں کھانے پینے کی اشیاء اور خواتین کے ملبوسات دستیاب تھے۔ بُک سٹال اور لجنہ شاپ پر کتب، سوونیئرز، سکارف اور بوتلیں فروخت ہوئیں۔ تہنیتی کارڈز: اجتماع کے اختتام پر صدر صاحبہ لجنہ نے تمام نائب منتظمات اعلیٰ اور کارکنات کو دعائیہ تہنیتی کارڈز بطور تحفہ دیے جن کی آمدنی غزہ کی امدادی مہم میں شامل کی گئی۔ اِس رپورٹ کی تیاری میں نیشنل سیکرٹری ناصرات الاحمدیہ اور شعبہ ہٰذا کی ٹیم نے معاونت کی ہے۔ (رپورٹ:لبنیٰ ثاقب۔ منتظمہ رپورٹنگ سالانہ اجتماع۲۰۲۵ء) ٭…٭…٭ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا اجتماع لجنہ اماءاللہ جرمنی ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ جرمنی السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء الله جرمنی کو اپنا سالانہ نیشنل اجتماع منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو ہر لحاظ سے بابرکت اور کامیاب فرمائے۔ آمین آپ کی اس سال کی تھیم ’’حیاء ایمان کا حصہ ہے ‘‘ اور اس حوالہ سے ہمیشہ اس بات کو یاد رکھیں کہ حیاء محض ظاہری پردہ ہی نہیں بلکہ ایک اندرونی کیفیت اور روحانی ڈھال ہے جو ہر قسم کی بے حیائی اور لغویات سے بچاتی ہے۔ آجکل کے دور میں جہاں ہر طرف سے حیاء پر حملے ہو رہے ہیں وہاں ہر احمدی خاتون کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے عملی نمونہ سے اس عظیم اسلامی خلق کو اپنی اور اپنی نسلوں کی زندگیوں میں قائم کرے۔ آپ کی گودیں آپ کی اولادوں کی پہلی درسگاہیں ہیں۔ پس نمازوں کی باقاعدہ ادائیگی اور قرآن کریم سے اپنا تعلق مضبوط کرتے ہوئے اپنے گھروں کو پاکیزہ ماحول کا گہوارہ بنائیں اور اسلام کی خوبصورت تعلیم کو اپنے معاشرہ اور گرد و نواح میں پھیلانے کی کوشش کریں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو حیاء کی حقیقی روح کو سمجھنے اور تقویٰ کے اعلیٰ معیاروں کو قائم کرنے کی توفیق دے اور آپ کو اور آپ کی نسلوں کو ہمیشہ دین پر قائم رکھے۔ آمین