ریفریشر کورس مکرم طاہر احمدمجنگو صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ کینیا تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ کینیا کو۱۱تا ۱۴؍اگست ۲۰۲۵ء نیروبی ہیڈ کوارٹرز میں ریجنل اور مقامی قائدین اور ان کی مجالس عاملہ کے لیے چار روزہ ریفریشر کورس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ ۱۱؍اگست کو خاکسار (صدر مجلس خدام الاحمدیہ کینیا) نے کورس کا افتتاح کیا۔ تلاوت قرآن کریم، نظم اور عہد کے بعد خاکسار نے حاضرین کو چند نصائح کیں اور کورس کے مجوزہ پروگراموں سے کماحقہ فائدہ اٹھانے کی تلقین کی۔ اس کورس کا بنیادی مقصد اِن عہدیداران کو اُن کے مفوضہ فرائض اور خدام الاحمدیہ کے تنظیمی امور سے متعلق زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم کرنا اور عملی ٹریننگ دینا تھا تاکہ وہ اپنے اپنے ریجنز اور جماعتوں میں بہتر طریق پر کام کر سکیں اور باقی خدام کو بھی آگاہ کر سکیں۔ اس مقصد کے پیش نظر تمام مہتممین نے اپنے اپنے شعبہ سے متعلق کورس کے شرکا کو تفصیلا ت سے آگاہ کیا اور خاص طور پر اعتماد اور مال کے شعبہ میں عملی طور پر ٹریننگ بھی دی گئی جس کا کورس کے شرکاء کو بہت فائدہ ہوا۔ ۱۴؍اگست کو تمام شرکاکا تحریری امتحان لیا گیا جس میں نمایاں کارکردگی د کھانے والوں کو ۱۷؍اگست کو اجتماع کے آخری اجلاس میں انعامات دیے گئے۔ ہر روز پروگرام کا آغاز نماز تہجد سے ہوتا رہا اور ایم ٹی اے سے استفادہ اور کھیلوں کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ مجلس خدام الاحمدیہ کینیا کا اکتالیسواں اور مجلس اطفال الاحمدیہ کینیا کا بارھواں سالانہ اجتماع اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امسال ۱۵تا۱۷؍اگست ۲۰۲۵ء بروز جمعہ تا اتوار نیروبی ہیڈکوراٹرز میں مجلس خدام الاحمدیہ کینیا کے اکتالیسویں اور مجلس اطفال الاحمدیہ کینیا کے بارھویں سالانہ اجتماع کا بابرکت انعقاد ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک ان اجتماعات کا مرکزی موضوع تھا ‘‘نماز ہماری روزمرّہ کی مشکلات کا حل ہے۔’’ اس کا بنیادی مقصد اطفال اور خدام کی روحانی اور اخلاقی زندگی بہتر بنانا اور ان میں عبادت کا ذوق پیدا کرنا تھا۔ اجتماع ہذا کے لیے اطفال اور خدام ۱۴؍اگست سے ہی نیروبی ہیڈ کوارٹرز پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ ۱۵؍اگست بروز جمعۃ المبارک دن کا آغاز حسب معمول نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر اور درس کے بعد ناشتہ پیش کیا گیا اور اجتماع کی تیاری و رجسٹریشن کا کام مکمل کیا گیا۔ نماز جمعہ و عصر اور طعام کے بعد اطفال و خدام نے ایم ٹی اے پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد فرمودہ خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔ بعدہٗ پرچم کشائی کی تقریب کے لیے خدام و اطفال ریجن وائز صف در صف کھڑے ہوئے۔ خاکسار (صدر مجلس خدام الاحمدیہ) نے خدام الاحمدیہ کا جھنڈا لہرایا جبکہ مکرم ناصرمحمود طاہر صاحب امیر و مبلغ انچارج نے کینیا کا جھنڈا لہرایا جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔ افتتاحی اجلاس کا آغاز احمدیہ ہال میں خاکسار کی زیرصدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔ اس کے بعد خاکسار نے اجتماع میں شریک ہونے والے تمام خدام اور اطفال نیز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اجتماع کے انعقاد کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور پھر دعا کروائی۔ دعا کے بعد مکرم شیخ عدی ابواء صاحب مبلغ سلسلہ نے ‘‘نماز ہماری روز مرہ کی مشکلات کا حل ہے’’کے موضوع پر تقریر کی جس کے بعد خدام اور اطفال کے علمی مقابلہ جات شروع ہوئےجو نماز مغرب و عشاء تک جاری رہے۔ ان مقابلوں میں تلاوت و حفظ قرآن، نظم، حفظ قصیدہ، حفظ ادعیہ، حدیث، نماز، اذان اور دیگر مقابلے شامل تھے۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد شام کے کھانے کے ساتھ اجتماع کے پہلے روز کا اختتام ہوا۔ ۱۶؍اگست بروز ہفتہ اجتماع کے دوسرے روز کا آغاز بھی نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر اور درس قرآن وغیرہ کے بعد ناشتہ پیش کیا گیا جس کے بعد تمام اطفال اور خدام ورزشی مقابلہ جات کے لیے سٹی پرائمری سکول کے گراؤنڈ میں گئے اور نمازوں اوردوپہر کے کھانے کے وقفہ کے ساتھ نماز مغرب تک یہ مقابلے جاری رہے۔ اطفال اور خدام کی ریجنل ٹیموں کی سطح پر رسہ کشی، فٹ بال، والی بال، ریلے ریس، فلیٹ ریس اور اتھلیٹکس کے مختلف مقابلے ہوئے۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد کھانا پیش کیا گیا اور پھر ایم ٹی اے پر مختلف پروگرامز دکھائے گئے۔ ۱۷؍اگست بروز اتوار اجتماع کے آخری دن کا آغاز بھی نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر، درس اور ناشتہ کے بعد اطفال اور خدام اختتامی اجلاس کے لیے احمدیہ ہال میں جمع ہوئے۔ یہ اجلاس مکرم ناصر محمود طاہر صاحب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد مکرم شیخ قاسم مچیرے صاحب نے ‘‘نظام خلافت اور دور حاضر میں اس کی اہمیت’’کے موضوع پر تقریر کی جس کے بعد خاکسار نے سالانہ رپورٹ اور اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ بعدہ ٗمکرم امیر صاحب نے دوران سال بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مجالس اور ریجنزنیز اجتماع میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریجنز، مجالس اور خدام و اطفال میں انعامات تقسیم کیے اور ایک مختصر تقریر کی جس میں آپ نے حضرت مسیح موعودؑ کی عظیم الشان کتاب ‘اسلامی اصول کی فلاسفی’ سے مختلف اقتباسات پڑھ کر سنائے اور ان کی روشنی میں اطفال اور خدام کو اعلیٰ اخلاقی اقدار اپنانے، اپنے اندر عبادت اور خدمت کا جذبہ پید ا کرنے نیز باہمی محبت و اخوت کو مزید تقویت دینے کی تلقین کی اور دعا کروائی جس کے بعد یہ اجتماع بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوا۔ اس اجتماع میں ۱۳۰؍اطفال سمیت کل حاضری ۴۱۴؍ تھی جو ایک ریکارڈ ہے۔ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے ان دونوں تنظیموں کو دن دگنی، رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ زیمبیا کے جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد