اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس اطفال الاحمدیہ ہالینڈ کو اپنا سالانہ اجتماع ’’ہمارا عہد‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۹؍اگست بروز ہفتہ بیت المحمود، ایمسٹرڈیم میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ پونے دس بجے تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی۔ صدر مجلس خدام الاحمدیہ مکرم سعید احمد جٹ صاحب نے لوائے خدام الاحمدیہ لہرایا اور ناظم اعلیٰ مکرم عبیداللہ سعید صاحب نے ہالینڈ کا جھنڈا لہرایا۔ دس بجے کے قریب پہلا اجلاس صدر صاحب مجلس کی زیرصدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، وعدہ اطفال الاحمدیہ اور نظم سے شروع ہوا۔ بعد ازاں مکرم صدر صاحب نے اطفال کو اجتماع کے مرکزی موضوع کے حوالے سے نصائح کیں۔ اس کے بعد تین گروپس کے درمیان مقابلہ تلاوت اور نظم ہوا۔ پھر دوپہر ایک بجے کھانا پیش کیا گیا اور نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ نمازوں کے بعد تقریر، حفظ قرآن اور اذان کے مقابلے ہوئے۔ اطفال کے لیے ریفریشمنٹس کا بھی انتظام تھا۔ اجتماع کے دوران کھانے اور کتب کا سٹال بھی لگایا گیا۔ شام سوا چھ بجے اختتامی اجلاس کا آغاز مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب مبلغ انچارج کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم سے ہوا۔ مکرم شیخ علیم صاحب نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ بعدازاں مبلغ انچارج صاحب نے پوزیشن حاصل کرنے والے اطفال کے درمیان انعامات تقسیم کیے۔ اس سال بہترین مجلس Groningen رہی۔ اس کے بعد مقابلہ جات کے منصفین کو انعامات دیے گئے۔ پھر مکرم مبلغ انچارج صاحب نے اطفال کو نصیحت کی کہ تبلیغ میں حصہ لیں، بُک سٹال کا دورہ کریں، نماز اور تلاوتِ قرآن کی عادت ڈالیں، نماز کی ڈائری بنائیں، سکول میں نیک نمونہ پیش کریں اور ہمیشہ محنت، صبر اور دعا کو اپنائیں۔ مکرم صدرصاحب نے اختتامی تقریر کی اور پھر دعا ہوئی۔ تمام اطفال اور ان کے والدین اور مہمانوں کے ليے عشائیہ کا انتظام کیا گیا۔ اس اجتماع کی کُل حاضری ۲۲۰؍تھی جس میں ۱۲۶؍اطفال شامل تھے۔اللہ تعالیٰ ان اجتماعات کے نیک نتائج پیدا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:عدیل باسم۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جرمنی کے شہر Bad Hersfeldمیں اسلام وقرآن نمائش