فرمودہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز 09 جون 2013ء حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 09 جون 2013ء بروزاتوار مسجد فضل لندن میں درج ذیل نکاحوں کا اعلان فرمایا۔ تشہّد و تعوّذ اور مسنون آیات قرآنیہ کی تلاوت کے بعدحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:۔ اس وقت مَیں دو نکاحوں کے اعلان کروں گا۔ ایک نکاح عزیزہ قدسیہ کنول صفی بنت مکرم محمد صفی صاحب یوکے کا ہے جو عزیزم طاہر احمد خان ابن مکرم محمد زکریا خان صاحب کے ساتھ دس ہزار یورو حق مہر پر طے پایا ہے۔ اور دوسرا نکاح عزیزہ حانیہ غوری بنت مکرم محمد مبرور غوری صاحب کا ہے جو عزیزم حمزہ محمودونڈر مین ابن مکرم ندیم رضوان ونڈر مین صاحب کے ساتھ بیس ہزار پاؤنڈ حق مہر پر طے پایا ہے ۔ حضور انور نے فرمایا:اللہ تعالیٰ کرے کہ یہ دونوں رشتے جو آج طے ہو رہے ہیں یہ ہر لحاظ سے با برکت ہوں۔ ایک دوسرے کے حقوق ادا کرنے والے ہوں۔ ایک دوسرے کے ساتھ اعتماد اور سچائی پر قائم کرنے والے رشتے ہوں۔ اور دونوں خاندان بھی ہر لحاظ سے ان نئے رشتوں کے قائم ہونے سے نئے خاندانوں کو پیدا کرنے والے ہوں۔ ایک دوسرے کا خیال رکھنے والے ہوں۔ ان چند الفاظ کے ساتھ اب مَیں نکاح کا اعلان کرتا ہوں۔ اس کے بعد حضور انور نے دونوں نکاحوں کے فریقین کے درمیان ایجاب و قبول کروایا اور دوسرے نکاح کے ایجاب و قبول میں لڑکے کو مخاطب کر کے حضور انور نے فرمایا:۔Do you understand Urdu? لڑکے کے اثبات میں جواب پر حضور انورنے اس سے انگریزی میں ہی ایجاب و قبول کروایا اور اس کے اردو میں جواب عرض کرنے پر حضو انور نے فرمایا:۔اچھا! اردو آتی ہے؟۔ شکر ہے اردو آتی ہے ۔ بعدازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دونوں رشتوں کے بابرکت ہونے کے لئے دعا کروائی اور فریقین کو شرف مصافحہ بخشتے ہوئے مبارکباد دی۔ (مرتبہ : ظہیر احمد خان۔ مربی سلسلہ شعبہ ریکارڈدفتر پی ایس،لندن) ٭…٭…٭