اس کالم میں الفضل انٹرنیشنل کو موصول ہونے والی جماعت احمدیہ عالمگیر کی تبلیغی و تربیتی مساعی پر مشتمل رپورٹس کا خلاصہ پیش کیا جاتا ہے۔ ……………………… [فِن لینڈ] ہیلسنکی میں سالانہ بُک فیئر کا کامیاب انعقاد اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کو 22تا 25اکتوبر 2015ء فن لینڈ کے سالانہ بُک فیئر منعقدہ بمقام دار الحکومت ہیلسنکی جماعتی سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ہیلسنکی کے سب سے بڑے ہال میسوکیسکوس میں یہ بُک فیئر منعقد ہوتا ہے ۔ مکرم سید عبد الصمد صاحب کی مرسلہ رپورٹ کے مطابق جماعت احمدیہ فن لینڈ کو شعبہ اشاعت کے تحت دوسری دفعہ بُک فیئر میں سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ اِمسال جماعت کو پچھلے سال کے مقابلے میںجگہ کے لحاظ سے زیادہ بڑا اور زیادہ نمایاں جگہ سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ قرآن مجید کے 16زبانوں میں تراجم بھی نمائش کی زینت رہے ۔علاوہ ازیں مختلف جماعتی کُتب کی نمائش کی گئی۔ اِن میں زیادہ تر کُتب حضرت مسیح موعودؑ اورخلفائے احمدیت کی رکھی گئیں۔ 22اکتوبر2015ء صبح دس بجے جماعتی سٹال کا آغاز مکرم عطاء الغالب صاحب صدر جماعت فن لینڈ نے دعا کے ساتھ کیا۔ سٹال پر متعدد بینرز آویزاں کئے گئے جن سے جہاد کی اصل حقیقت، ISISکی مذمّت ،اسلام میں عورتوں کے حقوق اور حضرت خلیفۃ المسیح الخا مس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی امن سے متعلق کوششوں کو ظاہر کیا گیا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخا مس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کتاب World Crisis & the Pathway to Peace، حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کی کتاب Muhammadsa the Liberator of Women اور Life of Muhammadsaلوگوں میں تقسیم کی گئیں۔ اِس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے نیشنل شعبہ تبلیغ نے جماعتی سٹال کے ساتھ ساتھ لوگوں میں تبلیغی فلائر بھی تقسیم کئے۔اِس سال بُک فیئر پر کُل 8632 فلائر تقسیم کئے گئے ۔ اِس سال اس بک فیئر کو کُل 79926لوگوں نے وزٹ کیا جن میں68فیصد خواتین اور 29فیصد مرد حضرات شامل تھے۔ جماعتی سٹال کو مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے احباب و خواتین نے وزٹ کیا اور اِس طرح بہت سے لوگوں تک اسلام کی اصل اور حقیقی تعلیم پہنچانے اور لوگوں کو جماعت کے بارے میں معلومات دینے کا موقع ملا۔زائرین سے وفاتِ مسیح، ISIS اورجماعت کا دوسرے مسلمانوں سے اعتقادی فرق کے بارہ میں بات ہوئی۔ سٹال پر موجود افراد جماعت اور مکرم مصور احمد شاہد صاحب مبلغ سلسلہ فن لینڈ نے زائرین کے سوالات کے جوابات دئیے۔ ……………………… [مارشل آئی لینڈز] مارشل آئی لینڈز میں پہلے پیشوایان مذاہب کانفرنس کا انعقاد اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ مارشل آئی لینڈز کو Majuro Atollکے مقام پر College of Marshall Islandsمیں 10؍اکتوبر 2015ء کو اپنے پہلے پیشوایان مذاہب کانفرنس کے انعقاد کی توفیق ملی۔ کانفرنس کا مرکزی عنوان ’بانیان مذاہب‘ تھا۔ اس میں ہندومذہب، بدھ مذہب ، عیسائیت اور اسلام کے نمائندگان نے پریزنٹیشن دی ۔ مکرم فلاح الدین شمس صاحب صدر جماعت مارشل آئی لینڈز کی مرسلہ رپورٹ کے مطابق پروگرامBen Chutaro صاحب نے میزبانی کے فرائض سر انجام دیئے ۔ آپ کالج آف مارشل آئی لینڈز کے Board of Regentsکے چیئرمین ہیں۔ درج ذیل احباب و خواتین نے اپنے اپنے مذہب کی نمائندگی میں پریزنٹیشن دی۔ ٭…ہندو ازم۔ Usha Patilصاحبہ (Finance Consultant to the Majuro Hospital) ٭… بدھ ازم۔ Todd Skorichصاحب (English Teacher and Instructor of Yoga and Meditation) ٭…عیسائیت۔ Brian Tidwellصاحب (Working at Christian School )۔ ٭… اسلام ۔ Matiullah Joyiaصاحب(مبلغ سلسلہ جماعت احمدیہ مارشل آئرلینڈز) پریزنٹیشنز کے بعد سوال و جواب کا پروگرام ہوا اور اس کے بعد جماعتی تحائف تقسیم کئے گئے۔ پروگرام کے آخر پر مکرم صدر صاحب جماعت مارشل آئی لینڈز نے احباب کا شکریہ ادا کیا اور دعا کروائی۔ پروگرام میں کُل حاضری 70رہی۔ …………………… [ فجی] فجی کے جزیرہ تاویونی میں جلسہ سیرت النبیؐ کا بابرکت انعقاد اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت کو فجی کے ایک جزیرہ تاویونی میں 31؍اکتوبر 2015ء کو بمقام Central Sanatan School جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ و سلم منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ مکرم آصف احمد عارف صاحب مبلغ سلسلہ تاویونی فجی کی مرسلہ رپورٹ کے مطابق جلسہ میں زیادہ سے زیادہ حاضری کے لئے 250دعوت نامے تقسیم کئے گئے اور لوگوں سے انفرادی ملاقات کرنے کے علاوہ دکانوں، حکومتی دفاتر اور بسوں میں شتہارات بھی لگائے گئے ۔ اجلاس کے مہمان خصوصی جزیرہ کی District Officer مکرمہ تیمالیسانی(Tema Lesani) صاحبہ تھیں۔ جلسہ کا آغاز مکرم محمود احمد صاحب امیر جماعت فجی کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم مع فجین ترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کے نعتیہ قصیدہ کے منتخب اشعار کا انگریزی تر جمہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں مکرم آصف عارف صاحب مبلغ سلسلہ تاویونی نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا اور آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کی سیرت طیّبہ کے حوالے سے ایک ڈاکومنٹری دکھائی۔ مکرم محمود احمد صاحب امیر و مشنری انچارج فجی نے آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم بطور رحمۃللعالمین کے پہلو کو اپنی تقریر میں اجاگر کیا اور اور مختلف واقعات سے اسلام کی پُر امن تعلیم پیش کی اور آجکل اسلام پر کئے جانے والے اعتراضات کا ان واقعات سے ردّ کیا۔ آخر پر آپ نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کی بعثت کا مقصد اور جماعت احمدیہ کی عالمی خدمات کا ذکر کیا۔ بعد ازاں مہمان خصوصی مکرمہ تیمالیسانی(Tema Lesani) صاحبہ District Officer تاویونی نے بہت اچھے انداز میں آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کی پاک سیرت کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ دنیا کو اس عالمی نبی کی پُر امن تعلیم پر غور کرنا چاہئے ۔ پروگرام کے آخر پر مکرم امیر صاحب نے مہمان خصوصی کو تحفہ پیش کیا اور اختتامی دعا کروائی۔ جلسہ کے موقع پر ایک بُک سٹال لگایا گیا جس سے مہمانوں نے قرآن کریم کے انگریزی اور فجین ترجمہ کے نسخہ اور آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کی سیرت طیبہ اور Review of Religionsکے کئی نسخے حاصل کئے۔ ایک عیسائی پادری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے احمدیت یعنی حقیقی اسلام کی پُر امن تعلیم اور محبت بھرے پیغام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اللہ اور اس کا سچا مذہب یہی تعلیم دیتا ہے کہ ہمیں دوسروں سے ایسی ہی محبت کرنی چاہئے جیسے ہم اپنے وجود سے کرتے ہیں۔ کئی غیر از جماعت مہمانوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ ایسے پروگرام بہت ضروری ہیں اور بار بار ہونے چاہئیں تاکہ اسلام کی صحیح تعلیمات سے آگاہی حاصل ہوتی رہے۔ نیز اس بات کا بھی اظہار کیا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ انہیں اسلامی پروگرام میں دعوت دی گئی اور اس پروگرام کے ذریعہ سے اُن کو غیر متوقع طور پر امن اور محبت کا ماحول ملا۔ جلسہ کی کُل حاضری 81رہی جن میں 60 غیر از جماعت مرد و زن شامل ہیں۔ ………………………