https://youtu.be/hpOoe3kmdcs ٭… بین الاقوامی ریڈ کراس نے خبردار کیا ہے کہ غزہ شہر سے بڑے پیمانے پر انخلا کی کسی بھی اسرائیلی کوشش سے رہائشیوں کی جانوں کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی فوج نے شہر کے گرد محاصرہ سخت کر دیا ہے اور ایک بڑے حملے کی تیاری کر رہی ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق، ۲۳؍ماہ سے جاری جنگ نے غزہ کو قحط زدہ بنا دیا ہے اور آبادی کی اکثریت کم از کم ایک بار بے گھر ہو چکی ہے۔ اس کے باوجود، اسرائیلی فوج غزہ کے سب سے بڑے شہری مرکز پر قبضے کے لیے ایک تیز اور فیصلہ کن کارروائی کی تیاری کر رہی ہے۔ ٭… شمالی مصر میں پیش آنے والے ٹرین حادثے میں تین افراد ہلاک اور۱۰۳؍ زخمی ہوگئے۔ حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین ساحلی شہر مرسہ متروح سے دارالحکومت قاہرہ جارہی تھی۔ ٭… امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے ساتھ بارہ روزہ جنگ کے دوران ایرانی شخصیات کو نشانہ بنانے اور ان کی نقل و حرکت کا پتا لگانے کے لیے اہم سیکیورٹی خامی کا فائدہ اٹھایا۔اسرائیل نے ایرانی راہنماؤں کو ٹارگٹ کرنے کےلیے ان کے باڈی گارڈز کے فون کی نگرانی کی۔ یاد رہے کہ اسرائیل نے جون میں ایران پر حملے کے دوران ایران کے جوہری سائنسدانوں سمیت کئی اہم فوجی کمانڈروں کو نشانہ بنایا تھا۔ ٭… برطانیہ، جرمنی اورفر انس نے اقوام متحدہ میں ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران عالمی جوہری ایجنسی کو رسائی اور یورینیم افزودگی پر خدشات دور کرے۔تینوں ممالک نے مطالبہ کیا کہ ایران امریکہ کے ساتھ دوبارہ جوہری مذاکرات میں شریک ہو۔انہوں نے ایران کو تین شرائط پوری کرنے پر پابندیوں میں تاخیرکی پیشکش بھی کی۔اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر نے کہا کہ یورپی ممالک کی پیشکش غیرحقیقی اور پیشگی شرائط سے بھرپور ہے۔یورپی ممالک ایسا مطالبہ کر رہے ہیںجو مذاکرات کا نتیجہ ہونا چاہیےآغازنہیں۔ ٭…٭…٭