۲۲؍اگست جمعۃ المبارک کو نماز فجر کے وقت ہوا بند تھی اور حبس موجود تھا۔ آسمان صاف تھا اور سورج خوب چمک رہا تھا ، جس سےموسم گرم بن گیا۔مسلسل سوا ماہ سے موسم مجموعی طور پر گرم اور خشک چلا آرہا ہے ۔حبس کی کیفیت کچھ کم ہوئی ہے اور ہوا کی وجہ سے قدرے سکون ملتاہے۔ہفتہ کو صبح سے ہی گرمی بہت زیادہ تھی۔ظہر کے بعد مشرق کی جانب سے کالی گھٹا اُٹھی ، پہلے ہلکی آندھی چلی لیکن پھر بادل آسمان پر بکھر گئے، موسم کچھ ٹھیک ہوگیا۔ٹھنڈی تیز ہوا کی وجہ سے فضا میں خنکی موجود تھی جو رات بھر جاری رہی۔ اتوار کی صبح فجر کے وقت اچانک بارش ہوئی جس کے بعدتیز ٹھنڈی ہوا جاری ہوگئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ سوموار سے بدھ موسم کی صورتحال ایک طرح کی تھی۔ان تین دنوں میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے موسم بہت اچھا بنا رہا۔ دن بھر آہستہ رفتار سے ٹھنڈی ہوا چلتی رہی۔ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا اور شام کے وقت تینوں دن مشرق اور جنوب کی طرف سے بہت سیاہ بادل آتے رہے لیکن بغیر برسے بکھر جاتے رہے، شام اور رات کے وقت ٹھنڈی ہوا میں تیزی آجاتی تھی۔ کیونکہ سندھ اور پنجاب اور خیبر پختونخوا کے علاوہ لاہور ، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کے شہروں میں بارشیں بہت ہوئی ہیں اس لیے ان علاقوںسے بادلوں کی آمد ہوتی رہی۔ پنجاب میں آجکل بہت اونچے درجہ کا سیلاب آیا ہوا ہے اور گاؤں کے گاؤں سیلاب کی نذر ہوگئے ہیں، چاول اور کپاس کی تیار فصلیں ضائع ہورہی ہیں۔دریائے چناب پر ربوہ کے پل سے اس وقت ساڑھے آٹھ لاکھ کیوسک سے زائد کی مقدار میں پانی کا ریلا گزر رہا ہے ۔ خدام چوبیس گھنٹے سیلاب کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور مختلف جگہوں پر راشن پہنچانے کے حوالے سے مصروف ِعمل ہیں۔جمعرات کے دن آسمان پر کہیں کہیں بادل گشت کرتے نظر آئے ہلکی ہوا کی وجہ سے موسم کچھ ٹھیک تھا۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۲؍اور کم سے کم ۲۶؍درجہ سینٹی گریڈتھا۔ (ابو سدید)