اس کالم میں الفضل انٹرنیشنل کو موصول ہونے والی جماعت احمدیہ عالمگیر کی تبلیغی و تربیتی مساعی پر مشتمل رپورٹس کا خلاصہ پیش کیا جاتا ہے۔ ……………………… [شمالی امریکہ] منیسوٹا (Minnesota)میں مسجد نصرت کا افتتاح اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ امریکہ کو 2013ء میں Minnesotaسٹیٹ کے شہر Coon Rapids میں مسجد کے لئے ایک عمارت خریدنے کی توفیق ملی تھی۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت ستمبر 2014ء میں اس مسجد کانام مسجد ’’ نصرت ‘‘ رکھا۔ مسجد کا اندرونی حصہ مردوں اور عورتوں کے لئے الگ الگ بڑے ہالز پر مشتمل ہے۔ لائبریری، دفاتر، کچن، احباب و خواتین کے لئے کھانے کی جگہ ، ایک بڑا دالان اور ایک وسیع تہ خانہ بھی عمارت میں ہیں۔ بیرونی حصہ میں کاروں کی پارکنگ کے لئے وسیع جگہ ہے۔ مسجد کا باقاعدہ افتتاح 23مئی 2015ء بروز ہفتہ ہوا۔ مکرم نسیم مہدی صاحب مبلغ انچارج امریکہ نے افتتاحی تقریب میں صدارت کی اور ماڈریٹر کے فرائض مکرم امجدمحمود خان صاحب نے سر انجام دیئے۔اس موقع پر مکرم ڈاکٹر محمد عبدالخالق صاحب صدر جماعت Minnesota نے خیر مقدمی ایڈریس پیش کیا جس میں آپ نے حاضرین کا تقریب میں شمولیت پر شکریہ ادا کیا اور جماعت احمدیہ کا تعارف اور جماعت احمدیہ Minnesota کی مختصر تاریخ پیش کی۔ بعد ازاں کانگریس مَین Keith Ellison نے حاضرین سے مخاطب ہو تے ہوئے کہا کہ جماعت احمدیہ کا نام میرے ذہن میں اس وقت آتا ہے جب میں یہ کہتا ہوں کہ اسلام ایک پُر امن مذہب ہے۔ Minnesotaمیں مسجد نصرت کا قیام اس بات کو ظاہر کرے گا کہ جماعت احمدیہ کتنا اہم ہمسایہ ہے۔ اس اجلاس میںکئی معزز مہمانوں کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا موقع دیا گیا ۔ اختتامی تقریر میں مکرم نسیم مہدی صاحب نے حاضرین کو بتایا کہ مسجد ایسی جگہ کو کہتے ہیں جہاں خدا تعالیٰ کو سجدہ کیا جاتاہے۔ اس لحاظ سے جہاں کہیں خدا تعالیٰ کو سجدہ کیا جائے وہاں بلا تفریق مذہب سب اپنی عبادت بجا لا سکتے ہیں۔ مسجد نصرت بھی مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے لئے کھلی ہے جو خدائے واحد کی عبادت کرنا چاہتے ہیں۔ دعا سے اس تقریب کا اختتام ہوا۔بعد ازاں مہمانوں کو کھانا پیش کیا گیا۔مختلف سیاسی و سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے 200 افراد اس تقریب میں شامل ہوئے۔ مہمانوں کو قرآن کریم و جماعتی لٹریچر بطور تحفہ دیا گیا۔ ……………………… [تنزانیہ(مشرقی افریقہ)] تنزانیہ کےRuvuma ریجن میں ریجنل جلسہ سالانہ کا کامیاب انعقاد ٭…نیک کردار کے لحاظ سے احمدیہ مسلم جماعت ایک پرامن اور مثالی جماعت ہے ۔ (ضلعی کمشنر سونگیا) تنزانیہ کے Ruvumaریجن کا جلسہ سالانہ 28تا 30 اگست 2015ء Suluti کے مقام پر منعقد ہوا جس میں اس ریجن کی مختلف جماعتوں سے افراد جماعت نے دلی ذوق و شوق کے ساتھ شرکت کی اور جلسہ کی برکات سے فیضیاب ہوئے۔ جماعتی روایات کے مطابق ان ایام میں باجماعت نماز تہجد اور نماز فجر کے بعد درس کا اہتمام رہا۔اسی طرح اس کے مختلف اجلاسات میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم، توکل علی اللہ، برکات خلافت، جہاد، تعلق باللہ ،علم کی اہمیت، دینی علوم کا حصول، عورتوں کے حقوق اور صداقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام جیسے موضوعات پر تقاریر ہوئیں۔ مکرم یوسف عثمان کامبااولایا صاحب ریجنل مشنری Ruvumaکی مرسلہ رپورٹ کے مطابق 28اگست کو افتتاحی اجلاس میں ضلع Namtumbo کے ضلعی کمشنر Chande صاحب نے بھی شرکت کی اور حاضرین کو ایڈریس کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے علم ہے کہ آپ بہت ہی پُرامن لوگ ہیں ۔اور یہ مسلمہ بات ہے کہ احمدی مسلمان جہاں کہیں رہتے ہیں وہ معاشرہ امن کا گہوارہ بن جاتا ہے کیونکہ آپ بہت ہی منظم لوگ ہیں ۔ اور آپ لوگوں کے کردار کی وجہ سے ہی احمدیہ مسلم جماعت ایک پُرامن اور مثالی جماعت ہے ۔ان نیک اخلاق کو جاری رکھیں ۔ مہمان خصوصی کو جماعتی کتب پر مشتمل تحفہ دیا گیا ۔ 29اگست کو صبح کے اجلاس میںڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے نمائندے تشریف لائے۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دینی جلسہ بہت بابرکت جلسہ ہے ۔خداتعالیٰ آپ سب کو نیک اجر دے ۔ مذہب ِاسلام امن سکھاتاہے اور جماعت احمدیہ ایک پُرامن جماعت ہے۔ مَیں زنجبار سے آیا ہوں۔ آپ لوگ اچھا کام کر رہے ہیں اسے جاری رکھیں ۔ انہیں بھی جماعتی کتب پر مشتمل تحفہ دیا گیا۔ 29اگست کی شام کو ایک تربیتی پروگرام رکھا گیا جس کی صدارت مکرم ریجنل پریذیڈنٹ صاحب نے کی۔ تنزانیہ کے دو مرکزی مبلغین سلسلہ مکرم ریاض احمد ڈوگر صاحب اور مکرم کریم الدین شمس صاحب نے اس اجلاس میں تربیتی موضوعات پر تقاریر کیں اور احباب جماعت کو فعّال احمدی بننے اور عبادات کے قیام اور مالی قربانی میں آگے سے آگے بڑھتے چلے جانے کی طرف توجہ دلائی ۔ 30؍اگست بروز اتوار جلسہ کے آخری اجلاس کا آغاز صبح دس بجے ہوا۔مختلف تقاریر کے بعد آخر پر ریجنل مبلغ سلسلہ مکرم یوسف عثمان صاحب نے شاملین کا شکریہ ادا کیا ۔مکرم ریاض احمد ڈوگر صاحب نے اختتامی دعا کروائی اور اس طرح یہ جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمد للہ علی ذلک۔ ……………………… [ڈنمارک] مجلس انصار اللہ ڈنمارک کے سالانہ اجتماع کا بابرکت انعقاد اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ ڈنمارک کو 19 ستمبر 2015ء اپنا سالانہ اجتماع بمقام مسجد نصرت جہاں کوپن ہیگن منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ مکرم نعمت اللہ بشارت صاحب مبلغ سلسلہ ناکسکو ڈنمارک کی مرسلہ رپورٹ کے مطابق افتتاحی اجلاس کی کارروائی مشن ہاؤس کی جدید تعمیر شدہ عمارت کے نصرت ہال میں منعقد کی گئی۔ مکرم محمد زکریا خان صاحب امیر و مبلغ انچارج ڈنمارک کے زیر صدارت پہلے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم مع ڈینش ترجمہ سے ہوا۔ مکرم عمر احمد صاحب صدر مجلس انصار اللہ ڈنمارک نے عہد دہرایا ۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے افتتاحی تقریر میں انصار کو اپنی ذمہ داریاں نبھانے ، اپنی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ بچوں کی تربیت کرنے اورحضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے اطاعت کے ذریعہ وابستہ رہنے کی تلقین کی۔ اس اجتماع کے موقع پر مختلف علمی و ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ شام پانچ بجے اختتامی اجلاس اور تقسیم انعامات کی تقریب مکرم امیر صاحب ڈنمارک کی زیر صدارت ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد صدر مجلس انصار اللہ ڈنمارک نے سالانہ کارگزاری رپورٹ پیش کی اور انصار کو تعلیمی اور تربیتی پروگراموں میں بھر پور حصّہ لینے کی طرف توجہ دلائی۔ مکرم امیر صاحب نے انعامات تقسیم کئے اور اختتامی تقریر کی۔ دعا کے ساتھ اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔ …………………………… [فرنچ گیانا] شہر Cayenneکے مشہور ہوٹل Amazonia میں قرآن کریم اور جماعتی کتب کی نمائش کا کامیاب انعقاد ٭…افتتاحی تقریب میں کیتھولک چرچ کے بشپ کی شرکت اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فرنچ گیانا کو 16تا 17؍ اکتوبر 2015ء کو شہر Cayenneکے مشہور ہوٹل Amazoniaکے ایک ہال میں قرآن کریم اور جماعتی کتب کی نمائش لگانے کی توفیق ملی۔ مکرم صدیق احمد منور صاحب مبلغ انچارچ گیانا کی مرسلہ رپورٹ کے مطابق 40 مختلف زبانوں میں تراجم قرآن کریم اور جماعتی لٹریچر نمائش میں رکھے گئے۔ ہال میں ایک بڑی سکرین پر قرآن کریم کے معجزات سے متعلق 10منٹ کی ایک معلوماتی ویڈیو بھی دکھائی جاتی رہی۔ نمائش کی افتتاحی تقریب کا آغاز 16اکتوبر 2015ء بروز جمعۃ المبارک ہوا۔ مکرم محمد بشارت صاحب مربی سلسلہ نے تلاوت قرآن کریم مع فرنچ ترجمہ پیش کی۔اس کے بعد رومن کیتھولک چرچ فرنچ گیانا کے چیف بشپ مکرم Emanuel Lafondنے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم مسلمانوں کی مقدس کتاب ہے اور اس پروگرام کے ذریعہ احمدیہ مسلم جماعت نے عوام کو موقع دیا ہے کہ وہ اپنی معلومات میں اضافہ کر سکیں۔ بعد ازاں Mr. Jacque Betholeصاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔موصوف جج ہیں اور فرانس کے سب سے بڑے سول ایوارڈ کے حامل بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ احمدیت اسلام کی حقیقی تعلیم دنیا کے سامنے پیش کرتی ہے۔یہ دوست جلسہ سالانہ یوکے 2015ء میں بھی شامل ہوئے تھے۔ اس کے بعدفرنچ گیانا کی مسلم کمیونٹی کے صدر مکرم Lasana Keitaنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی نمائش کا پروگرام یہاں کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے اور یہ اعزاز جماعت احمدیہ کو حاصل ہوا ہے۔ افتتاحی تقریب کے آخر پر مکرم Ismael Didier Bruandصدر جماعت فرنچ گیانا نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔ دعا کے بعد حاضرین کو نمائش وزٹ کرنے کی دعوت دی گئی۔ افتتاحی تقریب میں کُل 25افراد شامل ہوئے۔ زائرین کوجماعتی لٹریچر پر مشتمل تحفہ بھی دیا گیا ۔ بعض زائرین 60کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے نمائش کو وزٹ کرنے آئے۔ اور بعض نے قرآن کریم کے نسخے بھی خریدے۔ پریس میں بھی اس نمائش کو کوریج ملی۔فرنچ گیانا کے واحد اخبار France Guyane نے اپنی13؍اکتوبر 2015ء کی اشاعت میں نمائش کے بارہ میں لکھا کہ احمدیہ مسلم کمیونٹی قرآن کریم کے متعلق 16تا 17؍اکتوبر Amazoniaہوٹل میں ایک نمائش کا انعقاد کر رہی ہے۔اس نمائش کو سب وزٹ کر سکتے ہیں ۔ اس نمائش میں بینرز اور چارٹس کے ذریعہ قرآن کریم کی تعلیم کو اجاگر کیا جائے گا۔ اسی اخبار نے 19اکتوبر 2015ء کی اشاعت میں خبر دی کہ احمدیہ مسلم کمیونٹی فرنچ گیانا نے Amazonia ہوٹل میں قرآن کریم کے مختلف زبانوں میں تراجم کی نمائش لگائی۔ اس نمائش کا مقصد عوام کو قرآنی تعلیم سے آگاہ کرنا تھا۔ امام محمد بشارت نے بتایا کہ ہم اس نمائش سے یہ بتانا چاہتے ہیں کہ اسلام ایک پُر امن مذہب ہے اوراسلام رواداری اور امن کی تعلیم پیش کرتا ہے۔ …………………… فرنچ گیانا میں قرآن کریم اور جماعتی کتب کی نمائش کے موقع پر حاضرین کی ایک تصویر۔ ٭…٭…٭