محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا میں قائم جماعتی سکولوں میں دوران ماہ جون و جولائی ۲۰۲۵ء کو اس سال کی گریجوایشن تقاریب منعقد ہوئیں جن کی مختصراً رپورٹ پیش خدمت ہے۔ نصرت سینئر سیکنڈری سکول بانجل/کومبو:یہ سکول اللہ تعالیٰ کے فضل سے نصرت جہاں سکیم کا پہلا پھل ہے جو کہ پانچ دہائیوں سے قوم کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ اس سکول سے تعلیم یافتہ افراد ملک کے نامور عہدوں پر پہنچ چکے ہیں اور سکول اور جماعت کا نام روشن کررہے ہیں۔ امسال سکول کی تقریب کا آغاز مورخہ ۲۸؍جون ۲۰۲۵ء کو تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں قائم مقام پرنسپل مکرم پال گراہم صاحب نے حاضرین کو خوش آمدید کہا۔ وزیر تعلیم ڈاکٹر حبیبہ ڈرامے صاحبہ نے طلبہ کو محنت جاری رکھنے اور دنیاکا مستقبل سنوارنے کا پیغام دیا۔ مہمانِ خصوصی نائب صدر گیمبیا مکرم محمد بی ایس جالو صاحب نے، جو اسی سکول کے سابق طالب علم ہیں، طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل کے معمار ہیں اور نصرت سکول تعلیمی و اخلاقی میدان میں ایک نمایاں ادارہ ہے۔ انہوں نے ثابت قدمی اور محنت کو کامیابی کی کنجی قرار دیا۔ اس موقع پر مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا بھی تشریف فرما تھے۔ اسی طرح گیمبیا کے رکن پارلیمنٹ مکرم سیلمان جامع بھی جوکہ اسی سکول سے پڑھے ہیں موجود تھے۔ اس کے علاوہ اور بہت سے حکومتی عہدیداران و اراکین بھی شامل تھے۔ تقاریر اور تقسیم اسناد کے علاوہ ایک دلچسپ ڈرامہ بھی پیش کیا گیاجسے حاضرین نے بہت پسند کیا۔ سکول کی ہیڈ گرل نے اپنے اور طلبہ کی طرف سے سکول، اساتذہ اور مہمانان کرام کا شکریہ ادا کیا اور ان کی قیمتی نصائح کو اپنانے کا عہد کیا۔ طاہر احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول مانساکونکو:گیمبیا کے لوئر ریور ریجن میں موجود طاہر احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۱۹۸۸ء سے معمارِ مستقبل تیار کرنے کے فرائض انجام دے رہا ہے۔ امسال سکول میں گریجوایشن تقریب مورخہ ۱۹؍ جولائی بروز ہفتہ ہوئی۔ اس سال گریڈ ۱۲؍ کے ۳۸۰؍طلبہ و طالبات جبکہ گریڈ ۹؍کے ۱۴۶؍طلبہ و طالبات بیرونی امتحان میں شریک ہوئے۔ مورخہ ۱۹؍جولائی کی صبح مہمانوں کا استقبال کیا گیا اور انہیں ناشتہ پیش کیا گیا۔ اس پروگرام کے مہمان خصوصی سابق گورنرنارتھ بینک ریجن مکرمہ فاٹو جامع تورے تھیں۔ آپ اس وقت محکمہ زراعت کی نائب مستقل سیکرٹری ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ طاہر احمدیہ سکول کی بورڈ ممبر بھی ہیں۔ امیر صاحب چونکہ جلسہ سالانہ برطانیہ میں شمولیت کے ليے جارہے تھے اس ليے انہوں نے نائب امیر اول مکرم محمود احمد طاہرصاحب کواپنی نمائندگی کے ليے بھیجا۔ انہوں نے امیر صاحب کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ ان کے علاوہ مکرم لانڈنگ سانے چیف جسٹس ہائی کورٹ، مکرم الیو بلدے رکن قومی اسمبلی، اراکین بورڈ آف گورنرز طاہر احمدیہ سکول، چھ سکولوں کے پرنسپل، ریجنل ایمبورسمنٹ، سیکیورٹی اداروں کے نمائندے، فائر سروس، مینیجر کسٹم، امیگریشن ڈائریکٹوریٹ، مینیجر گیمبیا ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ و دیگر اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ جماعتی مہمانوں میں تین ریجنز کے ایریا مشنریز، مربیان اور معلمین نے بھی اس میں شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم کے بعد گیمبیا کے قومی ترانہ سے ہوا۔ پھر سٹیج پر بیٹھے معززین کا مختصر تعارف پیش کیا گیا اور ان کو خوش آمدید کہا گیا۔ تعارف کے بعد مکرم ابوبکر نیابلی صاحب پرنسپل سکول نے افتتاحی تقریر کی جس میں سکول کی کارکردگی پیش کی۔ اسی طرح سکول کے ليے کسی بھی رنگ میں تعاون کرنے والے احباب، جماعت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد دوران تقریب سائنس کے طلبہ نے سب کے سامنے نمائش پیش کی۔ اسی طرح مختلف نظمیں، ترانے، ڈرامہ اور مہمانان کی طرف سے تقاریر کی گئیں۔ اس کے بعد سٹیج پر بیٹھے مہمانان میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے اور امسال گریڈ ۱۲؍میں پاس ہونے والے طلبہ وطالبات میں سرٹیفکیٹ اور تمام کلاسوں میں پوزیشن لینے والے طلبہ وطالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقریب کا اختتام قومی ترانے سے ہوا۔ بعدازاں تمام مہمانوں، والدین، اساتذہ اور طلبہ کودوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔ یہ تقریب تقریباً پانچ گھنٹے تک جاری رہی اور ہر لحاظ سے کامیاب رہی۔ الحمدللہ اس تقریب کو میڈیا ہاؤس سے مقامی ریڈیو کے علاوہ ایک اور ریڈیو سٹیشن نے کور کیا۔ اس کے علاوہ مقامی جماعتی رسالہ الاسلام نے بھی رپورٹ شائع کی۔ اللہ تعالیٰ ہماری تمام کاوشوں کو برکت عطا فرمائے اور ہمیں اپنی پسندیدہ نعمتوں سے نوازے۔ آمین (رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: سویڈن کے مختلف شہروں میں مبلغین سویڈن کا پانچ روزہ تبلیغی دورہ