فرمودہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز 16 مارچ 2013ء حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 16 مارچ 2013ء بروز ہفتہ مسجد فضل لندن میں درج ذیل نکاحوں کا اعلان فرمایا۔ تشہد و تعوذ اور مسنون آیات قرآنیہ کی تلاوت کے بعدحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: اِس وقت میں چھ نکاحوں کا اعلان کروں گا۔جس میں سے چارتو مبلغین سلسلہ یا جامعہ احمدیہ میں پڑھنے والے وہ بچے ہیں جو انشاء اللہ تعالیٰ مربی اور مبلغ بن کر نکلیں گے اور دووہ ہیں جن کا تعلق خاندان حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام سے ہے۔پس ان دو کو بھی خاص طور پر یاد رکھنا چاہئے کہ یہ خاندان کا تعلق اس وقت تک ہے جب تک کہ ان لوگوں میں نیکی اور تقویٰ قائم ہے، جب تک کہ اس کا حق ادا کرنے والے ہیں ورنہ صرف ایک خونی رشتہ ہونے سے تعلق قائم نہیں ہو جاتا۔ پس اس بات کو ہمیشہ یاد رکھیں کہ یہ جو رشتے قائم ہونے والے ہیں ان میں بھی آپس میں وہ تعلق پیدا ہونا چاہئے جس کا اظہارحضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام اپنی جماعت کے لئے فرماتے رہے۔اور اسی طرح جو مبلغین سلسلہ ہیں وہ بھی یاد رکھیں کہ واقف زندگی ہیں اورانہوں نے دنیا میں تبلیغ اسلام اور تربیت کے لئے اپنے آپ کو پیش کیا ہے۔ پس اس لحاظ سے ان کو کوشش بھی کرنی چاہئے اور وہ اعلیٰ معیار حاصل کرنے کی ضرورت ہو گی جو ایک واقف زندگی کا ہونا چاہئے اور جس کی توقع حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہم سے کی ہے ۔اللہ کرے کہ یہ قائم ہونے والے رشتے اپنی اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنے والے ہوں اور ان کی آئندہ آنے والی نسلیں بھی نیک اور صالح ہوں۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:۔پہلا نکاح عزیزہ بارعہ طاہربنت مکرم پیر محی الدین طاہر صاحب کا ہے جو کہ عزیزم حسن احمد ابن مکرم شکیل احمد صاحب آسٹریلیا کے ساتھ پچیس ہزار آسٹریلین ڈالر پرطے پایا ہے ۔عزیزہ بارعہ طاہر حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کے نواسے کی بیٹی ہے اورپوتی کی بیٹی ہے ۔ اور پیر محی الدین طاہر پیر اکبر علی صاحب کی نسل سے ہیں۔ انہوں نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام یا خلافت ثانیہ میں شاید بیعت کی تھی ۔ یہ ملتان کا مشہور خاندان ہے۔ اسی طرح عزیزم حسن احمد حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کی پوتی کا بیٹا ہے اور والد کی طرف سے ڈپٹی محمد شریف صاحب جماعت کے ایک بزرگ تھے ،صحابی تھے، ان کی نسل میں سے ہے۔ لڑکی اور لڑکے دونوں کے وکیل یہاں ہیں۔مکرم سید محمد احمد صاحب اور مکرم مرزا عمرو احمد صاحب ۔ حضور انور نے فرمایا:۔دوسرا نکاح عزیزہ ثنیہ مبارکہ بنت مکرم پیر محی الدین طاہر احمد صاحب کا ہے جو عزیزم سید مبارک حسن احمدابن مکرم سیدمحمود احمد صاحب کے ساتھ طے پایا ہے ۔عزیزہ ثنیہ مبارکہ احمد پیرمحی الدین طاہر صاحب کی بیٹی ہے ۔ ان کے دادا تو وہی پیر اکبر علی صاحب تھے جیسا کہ مَیں پہلے کہہ چکا ہوں اور ان کی دادی حضرت ڈاکٹر میر محمد اسماعیل صاحبؓکی بیٹی تھیں۔اس لحاظ سے ان کی دادی حضرت اماں جان اُمّ المومنینؓ کی بھتیجی ہیں اور عزیزم سید مبارک حسن احمدبھی حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کی پوتی کا بیٹا اورحضرت ڈاکٹر میر محمد اسماعیل صاحبؓ کی نواسی کا بیٹا ہے۔ یہ نکاح پچیس ہزار یو ایس ڈالر حق مہر پر طے پایا ہے ۔ دونوں کے وکیل مکرم قمر احمد حماد خان صاحب اور سید محمد احمد صاحب یہاں ہیں۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:۔اگلا نکاح عزیزہ امۃ المتین خالد بنت مکرم تصور احمد خالد صاحب کا ہے جو عزیزم محمد احمد خورشید متعلم جامعہ احمدیہ یوکے جو منور احمد خورشید صاحب کے بیٹے ہیں ان کے ساتھ تین ہزار چھ سو پاؤنڈ حق مہر پر طے پایا ہے ۔ فریقین کے درمیان ایجاب و قبول کرواتے ہوئے حضور انور نے لڑکی کے والد سے دریافت فرمایا:۔آپ شاد صاحب کے بیٹے ہیں؟ ان کے اثبات میں جواب عرض کرنے پرحضور انور نے فرمایا:۔یہ خاندان بھی بڑا خدمت کرنے والا ہے۔ اللہ تعالیٰ آئندہ نسلوں کوبھی اس کی توفیق عطا فرمائے۔ حضور انورنے فرمایا:۔اگلا نکاح عزیزہ ھبۃ الوحیدبنت مکرم عبدالمجید عامر صاحب کا ہے جو ہمارے عربی ڈیسک میں ہیں، جو اسلام آباد میں ہے ۔اللہ کے فضل سے بڑی محنت سے انہوں نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی کتب کے عربی میں تراجم کئے ہیں ۔اللہ تعالیٰ ان کے علم و عرفان میں ترقی عطا فرمائے ۔اور اتفاق سے جس سے ان کی بیٹی کا نکاح ہو رہا ہے اس کا نام بھی عرفان ہے۔ عزیزم عرفان احمد ٹھاکر جو جامعہ احمدیہ کے طالب علم ہیں مکرم اسرارالحق صاحب کے بیٹے ہیں اور یہ نکاح چار ہزار پاؤنڈ حق مہر پر طے پایا ہے۔ حضور انور نے فرمایا:۔اگلا نکاح عزیزہ ماہا ارشد احمدبنت مکرم ارشدمحمد احمد صاحب یمن کا ہے جو عزیزم طلحہ احمد چوہدری جو اس سال جامعہ احمدیہ کے دوسرے بیچ میں فارغ ہوئے اور مکرم مبشر احمد چوہدری صاحب ہالینڈ کے بیٹے ہیں ، کے ساتھ پا نچ ہزار یورو حق مہر پرطے پایا ہے۔ مکرم محمد احمد صاحب لڑکی کے وکیل ہیں۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:۔اگلا نکاح عزیزہ فارعہ خالد بنت مکرم ظہیر احمد خالدصاحب جرمنی کا ہے جو عزیزم محمد جری اللہ خان جو جامعہ احمدیہ یو کے کے طالب علم ہیں، ان کے ساتھ پانچ ہزار یورو حق مہر پرطے پایا ہے۔ تمام نکاحوں کے اعلان اور فریقین کے درمیان ایجاب و قبول کروانے کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے رشتوں کے بابرکت ہونے کے لئے دعا کروائی اور فریقین کو شرف مصافحہ بخشتے ہوئے مبارک باد دی۔ (مرتبہ : ظہیر احمد خان۔ مربی سلسلہ شعبہ ریکارڈدفتر پی ایس،لندن)