سیرالیون میں کچھ عرصے سے ایک متعدی بیماری منکی پاکس پھوٹ پڑی تھی اور ابھی تک جاری ہے جس سے بہت سے لوگ متاثر ہوتے ہیں۔ یہ بیماری سیرالیون کی مختلف آبادیوں پر گہرے اثرات ڈال رہی ہے، خاص طور پر نوجوانوں، بزرگوں اور کمزور طبقات پر۔ اس ليے مجلس خدام الاحمدیہ نے اس خطرناک اور ممکنہ طور پر مہلک بیماری کے متعلق شعور اجاگر کرنے کے ليے مورخہ ۲۹؍جون کو کسی ڈاکیارڈ کی مرکزی مسجد بیت السبوح میں ایک سیمینار منعقد کیا۔ یہ پروگرام نہ صرف ایک تعلیمی پلیٹ فارم تھا بلکہ اس میں دیگر سرگرمیاں بھی شامل تھیں جو صحت کی تعلیم اور کمیونٹی کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے ترتیب دی گئی تھیں۔ مقررین نے حفظان صحت کے اصولوں کو واضح کیا اور بتایا کہ ان کو اختیار کر کے اس مہلک بیماری سے بچا جا سکتا ہے جس میں خاص طور پر صفائی کا خیال کرنا اور بار بار ہاتھوں کو جراثیم کش محلول سے دھونا اور حتی الوسع پبلک مقامات پر جانے سے اجتناب کرنا ہے نیز اگر کوئی اس بیماری سے متاثر ہو جائے تو بجائے اس کے کہ اسے چھپایا جائے گورنمنٹ کے مقرر کردہ سنٹرز پر جانا چاہيے تاکہ اس پر قابو پایا جاسکے۔ سیمینار کے ساتھ ہی ایک نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا تھا جس میں جماعتی لٹریچر کی نمائش کی گئی تھی جو فیرے روڈ پر، مسجد کے بالکل سامنے منعقد کی گئی۔ اس نمائش کا مقصد عوام الناس کو جماعت احمدیہ کی تعلیمات سے آگاہ کرنا تھا اور یہ نمائش ہر کسی کے لیے کھلی تھی۔ نمائش میں حضرت مسیح موعودؑ کی تحریرات پر مبنی فلائرز بھی تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے دوران فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے مقامی طورپر تیار کردہ دہی مجلس کے اراکین اور دیگر شرکاء کو فروخت کیا گیا۔ اس سے حاصل ہونے والی آمدنی مقامی جماعتی سرگرمیوں کی تکمیل کے لیے استعمال کی جائے گی۔ تقریب میں شرکاء کی صحت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خاص انتظامات کیے گئے تھے جن میں ہینڈ واشنگ سٹیشن اور ہینڈ سینیٹائزرز شامل تھے جو خاص طور پر خدام اور اطفال کے لیے مہیا کیے گئے تھے جو ویسٹرن اربن کی مختلف مجالس سے آئے تھے۔ سیمینار کے انعقاد سے پہلے شجر کاری کے ليے وقار عمل کیا گیا جس میں خدام و اطفال کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انسانی جان بچانے کے ليے عطیہ خون انتہائی اہم ہے اور اللہ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ اس میں پیش پیش ہے۔ الحمدللہ، ۱۱؍خدام نے فری ٹاؤن کے مشہور ہسپتال کاٹیج میں خون کا عطیہ دیا تاکہ دکھی انسانیت کی مدد کی جاسکے۔ اللہ تعالیٰ جماعت کی ان کاوشوں میں برکت ڈالے اور مزید خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے۔آمین (رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: سویڈن کے مختلف شہروں میں مبلغین سویڈن کا پانچ روزہ تبلیغی دورہ