https://youtu.be/1KKqOBraW6Q اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کو اپنا پینتالیسواں سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ۲۰تا۲۲؍جون ۲۰۲۵ء PSD Bank Arena فرینکفرٹ میں بخیر و عافیت منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ علمی و ورزشی مقابلہ جات پر مشتمل اس تین روزہ پروگرام سے جرمنی کے طول و عرض سے آنے والےخدام و اطفال نے بھرپور استفادہ کیا۔ امسال اجتماع کی کُل حاضری دس ہزار ۸۳۱؍رہی جس میں چھ ہزار ۶۹۱؍خدام، ایک ہزار ۹۷۴؍اطفال، ایک ہزار ۶۱۸؍انصار اور ۵۴۸؍دیگر مہمان شامل ہیں۔ امسال مجلس اطفال الاحمدیہ جرمنی کا اجتماع بھی مجلس خدام الاحمدیہ کے اجتماع کے ساتھ ہی منعقد ہوا۔ اس سال کا motto حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ’’ایمان کی حفاظت‘‘ مقرر فرمایا تھا۔ یہی اجتماع کا بھی مرکزی موضوع تھا۔ امسال مکرم ہبۃالرحمٰن صاحب اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری (خدام سیکشن) بطور مرکزی نمائندہ مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کے اجتماع میں شامل ہوئے۔ ناظم اعلیٰ اجتماع مکرم عثمان احمد صاحب کی ٹیم یعنی اجتماع کمیٹی ۱۳؍نائب ناظمین اعلیٰ اور ۹۲؍ناظمین پر مشتمل تھی۔ اجتماع کی تیاری کے ليے اجتماع بورڈ کی ۱۲؍میٹنگز منعقد ہوئیں اور اس کے علاوہ ناظمین کے ساتھ انفرادی طور پر متعدد میٹنگز ہوئیں۔ اسی طرح پوری اجتماع کمیٹی کی ایک میٹنگ ناصر باغ گروس گیراؤ میں منعقد ہوئی۔ تیاری اور معائنہ اجتماع: ۱۶؍جون بروز سوموار صبح ساڑھے نو بجے دعا کے ساتھ باقاعدہ تیاری کا آغاز کیا گیا۔ سوموار، منگل اور بدھ کو بالترتیب ۱۱۰، ۱۶۰ اور ۱۸۰؍خدام تیاری میں شامل ہوئے۔ اسی طرح جامعہ احمدیہ کے طلبہ بھی منگل کے روز سے وقار عمل میں شامل ہوئے۔ تیاری کا اکثر کام ۱۹؍جون بروز جمعرات معائنہ سے قبل مکمل کر لیا گیا۔ امسال چھوٹے بڑے کل ۲۶؍خیمہ جات نصب کیے گئے۔ صدر مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی مکرم امتیاز احمد شاہین صاحب نے ۱۹؍جون بروزجمعرات شام سات بجے اجتماع کے تمام حصوں کا معائنہ کیا۔ جمعرات سے ہی تمام شعبہ جات نے اپنی ڈیوٹیز سنبھال لیں۔ پہلا دن: اجتماع کے پہلے دن ۲۰؍جون کا آغاز صبح چار بجے نماز فجر اور درس کے ساتھ ہوا۔ صبح نو بجے سے ہی اجتماعی ورزشی مقابلہ جات کا بھی آغاز ہوگیا۔ اجتماع گاہ میں نماز جمعہ ادا کی گئی جس کے بعد اجتماع گاہ میں تمام خدام نے مل کر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا براہ راست خطبہ جمعہ سنا۔ خطبہ جمعہ کے بعد اجتماع گاہ کے سامنے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس دوران مرکزی نمائندہ نے لوائے مجلس خدام الاحمدیہ لہرایا اور افتتاحی دعا کروائی۔ ساڑھے چار بجے مرکزی نمائندہ کی زیر صدارت اجتماع گاہ میں افتتاحی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا۔ عہد اور نظم کے بعد صدر مجلس نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا پیغام بنام ممبران مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی برموقع سالانہ اجتماع اردو میں پیش کیا۔ اس کے بعد صدر صاحب نے حضور کے پیغام کا جرمن ترجمہ خدام کے سامنے پڑھ کر سنایا۔ دعا کے ساتھ افتتاحی اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ اس کے بعد ورزشی اور علمی مقابلہ جات کا سلسلہ جاری رہا جن میں ۹۰۰؍سے زائد خدام نے حصہ لیا۔ اجتماع کے پہلے دن کرکٹ، والی بال، رسہ کشی، باسکٹ بال اور فٹ بال کے اجتماعی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ اسی طرح اس دن ٹیبل ٹینس، ٹینس اور Strong Man کے مقابلہ جات بھی منعقد ہوئے۔ اسی طرح پہلے دن علمی مقابلہ جات میں نظم، کیلی گرافی، تحریری امتحان اور فی البدیہ مضمون کے مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ ساڑھے آٹھ بجے مجلس اطفال الاحمدیہ کی افتتاحی تقریب اجتماع گاہ میں منعقد ہوئی۔ پہلے دن معیارصغیر کے نظم، حسن قراءت، اذان اور جرمن تقریر کے مقابلہ جات کا انعقاد ہوا جن میں ۳۰۰؍اطفال نے حصہ لیا۔ معیار کبیراور معیارصغیر کے فٹبال کے مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں ۴۲۰؍اطفال نے حصہ لیا۔ امسال اجتماع پر اطفال کے ليے ’’ایمان کی حفاظت‘‘ کے موضوع پر ایک نمائش لگائی گئی۔ اسی طرح اطفال کے ليے مختلف نمائشیں Education Corner اور Atfal Cornerبھی لگائی گئیں جن میں اطفال کی دلچسپی کے موضوعات پر مبنی پروگرام ترتیب دیے گئے۔ اسی طرح خدام کی تعلیم و تربیت کے ليے side stage پر ایک نشست سیرت النبیﷺ اور ایک نشست وقف زندگی کے موضوع پر منعقد ہوئی۔ اسی طرح Artificial Intelligence کے موضوع پر بھی ایک لیکچر دیا گیا۔ اس کے علاوہ امسال سالانہ اجتماع پر خدام کے ليے نمائش، Survival Coaching، سومساجد، ہیومینٹی فرسٹ، النصرت، شعبہ رشتہ ناطہ، شعبہ اشاعت، ایم ٹی اے، وقف نو، شعبہ وصیتKhuddam-Cafe، IAAAE، Meet a Murrabi، خدام شاپ اور خدام الاحمدیہ کے دیگر شعبہ جات کے سٹالز لگائے گئے۔ خدام کی ایک کثیر تعداد نے ان سٹالز سے استفادہ کیا۔ امسال اجتماع کے موقع پر Khadim of Ijtemaکے نام سے بھی ایک مقابلہ کا انعقاد کروایا گیا جس میں اجتماع میں شامل تمام خدام حصہ لے سکتے تھے۔ اسی طرح اجتماع میں مجلس خدام الاحمدیہ کے زیر انتظام ایک بازار بھی لگایا گیا۔ اسی طرح لنگر اور ضیافت کی ٹیم کی طرف سے تینوں دن خدام بھائیوں کی لذیذ پکوانوں سے تواضع کی جاتی رہی۔ دوسرے دن کی کارروائی:اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز صبح تین بج کر ۲۰؍منٹ پر نماز تہجد، فجر اور درس کے ساتھ ہوا۔ اس دن بھی جرمنی کے طول و عرض سے خدام و اطفال بھائیوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ دوسرے دن صبح سےہی ورزشی اور علمی مقابلہ جات کا بھی آغاز ہوگیا۔ اجتماع کے دوسرے دن خدام کے کرکٹ، والی بال، فٹبال، رسہ کشی اور باسکٹ بال کے اجتماعی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ اسی طرح کلائی پکڑنا، Strong man، ٹیبل ٹینس، ٹینس، بیڈمنٹن، ریلے ریس، ۱۰۰؍میٹر دوڑ اور پانچ ہزار میٹر دوڑ کے انفرادی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ ان مقابلہ جات میں تقریباً ایک ہزار خدام نے حصہ لیا۔ اسی طرح دوسرے دن حُسن قراءت، بیت بازی، ترانہ، اذان، تقریر اردو، تقریر جرمن، حفظ قرآن، فی البدیہ تقریر اردو، فی البدیہ تقریر جرمن، مشاہدہ معائنہ اور حفظ ادعیہ کے مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ ان علمی مقابلہ جات میں مجموعی طور پر ۲۲۰؍خدام نے حصہ لیا۔ اس کے ساتھ ساتھ اطفال الاحمدیہ کے علمی اور ورزشی مقابلہ جات جاری رہے جن میں اطفال نے بھرپور تعداد میں حصہ لیا۔ نماز ظہر و عصر کے بعد مکرم شمشاد احمد قمر صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ جرمنی نے پاک تبدیلی کے موضوع پر تلقین عمل کیا۔ خدام کی تعلیم و تربیت کے ليے side stage پر آج ایمان میں ثابت قدمی، خلافت، ایمان کا امتحان، ایمان اور ریسرچ اور دیگر موضوعات پر پروگرامز کیے گئے۔ اجتماع گاہ میں مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ جرمنی نے تعلیمی میدان میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے خدام میں انعامات تقسیم کیے۔ شام نو بجے اجتماع گاہ میں خدام کے ليے’’ایمان کی حفاظت‘‘ کے موضوع پر ایک فیچر پروگرام منعقد کیا گیاجس کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔ تیسرے دن کی کارروائی اور اختتامی تقریب:اجتماع کے تیسرے دن کا آغاز صبح تین بج کر ۲۰؍منٹ پر نماز تہجد، فجر اور درس کے ساتھ ہوا۔ صبح آٹھ بجے ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوگیا۔ اجتماع کے تیسرے دن خدام کے کرکٹ، والی بال اورفٹبال کے فائنل مقابلہ جات منعقد ہوئےاور اطفال کے فٹبال اور رسہ کشی کے فائنل مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ اسی طرح علمی مقابلہ جات بھی جاری رہے جن میں پیغام رسانی اور کوئز روحانی خزائن شامل ہیں۔ خدام اور اطفال بھائیوں نے مقابلہ جات میں حصہ لینے والوں کی حوصلہ افزائی کی اور فائنل مقابلہ جات سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہوئے۔ مجلس اطفال احمدیہ جرمنی کی تقریب تقسیم انعامات دوپہر بارہ بجے مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت اجتماع گاہ میں منعقد ہوئی۔ دوپہر اڑھائی بجے نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور نمازوں کی ادائیگی کے بعدمکرم ہبۃ الرحمٰن صاحب کی زیر صدارت اختتامی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا۔ عہد اور نظم کے بعد ناظم اعلیٰ صاحب اجتماع نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ تقسیم انعامات کے بعد صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی حاضرین سے مخاطب ہوئے۔ مرکزی نمائندہ صاحب نے اختتامی تقریر کی۔ اختتامی دعا کے ساتھ یہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی بخیر و خوبی اختتام کو پہنچا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ:صہیب احمد، ناظم رپورٹنگ سالانہ اجتماع) حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کے سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ءکے موقع پر بصیرت افروز پیغام پیارے ممبران مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبركاته الحمد للہ کہ آپ کو ’’ایمان کی حفاظت‘‘ کے موضوع پر اپنا سالانہ اجتماع منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے ۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے ایمان کی حفاظت کرتے ہوئے اس میں مزید مضبوطی پیدافرمائے۔ آپ کو اپنے جائزے لینے اور اپنے اندر پاک تبدیلیاں پیدا کرنے کی توفیق دے تاکہ آپ ترقی کی راہوں پر گامزن رہیں۔ آپ کو نیکیوں کے ان معیاروں کو حاصل کرنے کی توفیق دے جو اسلام کی تعلیم کی روشنی میں اس زمانے میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمیں اللہ تعالیٰ سے ہدایت پا کر سکھائے ہیں۔ خود بھی دعا کریں کہ اے اللہ اس زمانے میں ایمان کو زمین پر قائم کرنے کے لئے جو تو نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بعد نظامِ خلافت کو جاری فرمایا ہے ہمیں اس نعمت کی قدر کرنے اور اس سے جڑے رہنے کی توفیق دے اور ہمیں خلیفۂ وقت کا سلطانِ نصیر بنا۔ اللہ تعالیٰ آپ کے اجتماع کو ہر لحاظ سے کامیاب اور بابرکت فرمائے اور آپ کو اپنے ایمان کی حفاظت کرنے اور دوسروں کو بھی ایمان کی روشنی سے آشکار کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین مزید پڑھیں: ہیومینٹی فرسٹ گیانا کے تحت میڈیکل مشن کا انعقاد