٭… برطانیہ کے شاہ چارلس سوم نے پاکستان میں بارش اور سیلاب سے ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شاہ چارلس نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے تباہی اور امدادی ہیلی کاپٹر کے حادثے پر غمزدہ ہیں۔ ان سے ہمدردی ہے جنہوں نے اپنے پیاروں، گھروں اور معاش کو کھو دیا۔ برطانیہ میں پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات رکھنے والے خاندانوں کا خیال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، امدادی سرگرمیوں کےلیے رضا کاروں اور مقامی کمیونٹیز کی ہمت اور عزم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ٭…پاکستان کے شمال مغربی صوبے خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سیلاب نے تباہی مچا دی۔ خیبر پختونخوا کے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں بونیر سرفہرست ہے جہاں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا، اموات چار سو سے تجاوز کر گئیں۔ ضلع بونیر میں خوفناک بارشوں اور سیلاب سے ہر طرف تباہی کے مناظر اور لاشیں بکھری پڑی ہیں، سیلابی ریلے میں کسی کا مکمل خاندان تو کسی کے خاندان کے درجنوں افراد بہ گئے۔ ڈان نیوز کے مطابق سرکاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دو ہزار تین سو مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے، جبکہ ۴۱۳؍ گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے اور دو تھانے اور چھ سرکاری سکول بہ گئے ہیں۔ ۶۳۹؍گاڑیاں تباہ ہوئیں، ۱۲۷؍دکانیں مکمل طور پر صفحہ ہستی سے مٹ گئیں اور ۸۲۴؍کو جزوی نقصان پہنچا۔ ٭…پاکستان کے میگا سٹی کراچی میں مون سون کی بارشوں کے پہلے سپیل کے پہلے روز جل تھل ایک ہوگیا۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش گلشنِ حدید میں ۱۷۰؍ملی میٹر ریکارڈ ہوئی ہے۔ وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کے سبب شہر میں اربن فلڈنگ سے پانی ہی پانی جمع ہوگیا، سڑکوں پر پانی سے متعدد گاڑیاں ڈوب گئیں، پانی گھروں میں داخل ہونے لگا۔ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہو گئی۔ ٭…عالمی شہرت کے حامل اور امریکہ کے ہر دلعزیز جج Frank Caprioانتقال کرگئے۔ انتقال سے پہلے انہوں نے ہسپتال میں بستر مرگ سے اپنے چاہنے والوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کے لیے دعا کریں۔فرینک کیپریو کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں ان کے انتقال کی خبر دی گئی اور بتایا گیا کہ ۸۸؍برس کی عمر میں لبلبے کے کینسر سے ایک طویل جنگ لڑنے کے بعد وہ اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔واضح رہے کہ فرینک کیپریو جن مقدمات کی سماعت کرتے تھے وہ سوشل میڈیا پر دکھائے جاتے تھے اور ان کے فیصلوں کا انداز انتہائی متاثر کن ہوتا تھا۔