https://youtu.be/IQEEGmHLTes?si=vzY78behXA01zFcw اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ سویڈن کو ۱۲تا ۱۶؍مئی ۲۰۲۵ء کوپانچ مختلف شہروں (Arvika, Hammarö, Lindesberg, Kumla اور Finspång) میں ایک منظم تبلیغی دورہ ’’Ask a Muslim‘‘ کے عنوان سے منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس دورے کا مقصد سویڈن میں اسلام اور مسلمانوں سے متعلق پیدا ہونے والے غلط تصورات کا ازالہ کرتے ہوئے اسلام کا پُرامن اور حقیقی پیغام مؤثر انداز میں عام لوگوں تک پہنچانا تھا۔ تبلیغی قافلے میں مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج، مکرم کاشف ورک صاحب، مکرم مصعب رشید صاحب اور خاکسار (مربیان سلسلہ) شامل تھے۔ دورانِ سفر ایک مخصوص جماعتی ٹریلر بھی استعمال کیا گیا جس پر حضرت مسیح موعودؑ کی تصویر، ’’مسیح آ گیا‘‘ کا سویڈش ترجمہ، جماعتی ویب سائٹ، ’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ کا ماٹو اور ’’Ask a Muslim‘‘ سمیت دیگر عنوانات تحریر تھے۔ اس ٹریلر کو پانچوں شہروں میں مرکزی مقامات پر کھڑا کیا گیا جہاں مقامی افراد سے براہِ راست گفتگو ہوئی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے Hammarö اور Finspång میں میئرز، Arvika میں چیئرمین کونسل، Lindesberg میں اپوزیشن لیڈر اور Hammarö, Lindesberg اور Kumla میں مقامی پادریوں سے ملاقاتیں ہوئیں جنہیں جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا گیا اور حضور انور کی امن عالم کی کوششوں کا ذکر کیا گیا۔ چار مختلف اخبارات اور ایک علاقائی ٹی وی چینل نے نہ صرف مبلغین کے انٹرویوز کیے بلکہ اپنی پرنٹ اور آن لائن رپورٹس میں تصاویر سمیت اس مہم کو نمایاں کوریج دی۔ الحمدللہ تمام تر ذرائع پرنٹ میڈیا، ٹی وی اور سوشل میڈیا کے ذریعہ جماعت کا پیغام اللہ تعالیٰ کے فضل سے براہِ راست یا بالواسطہ طور پر کم و بیش پانچ لاکھ افراد تک پہنچا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: ہمبرگ، جرمنی میں چھ روزہ تبلیغی نمائش بعنوان ’’اسلامی تاریخ کا سفر‘‘کا انعقاد