ڈاکٹر حافظ محمد آصف صاحب فارماسسٹ احمدیہ ہسپتال ٹلنڈنگ، گیمبیا تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ ہسپتال ٹلنڈنگ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ترقی کے زینوں پر چڑھتا جارہا ہے اور خدمت انسانیت میں رواں دواں ہے۔ ذیل میں اس سلسلہ میں چند سرگرمیوں کی رپورٹ پیش ہے۔ احمدیہ ہسپتال ٹلنڈنگ میں شعبہ امراض چشم کا آغاز: مورخہ ۷؍جولائی ۲۰۲۵ءکوامراض چشم کے معائنہ اور علاج کے ليے ہسپتال کی انتظامیہ نے گیمبیا میں امراض چشم کی سہولت فراہم کرنے والے مشہور ادارے آئی کیئر آپٹکس کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس کے تحت آئی کیئر آپٹکس نے ہسپتال میں آنکھوں کے تفصیلی معائنے کے لیے جدید آلات نصب کیے ہیں۔ یہ ادارہ مریضوں کو سستے داموں لینز اور فریم بھی فراہم کرے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ آنکھوں کی معیاری دیکھ بھال مقامی لوگوں کے ليے قابل رسائی ہو۔ مستقبل قریب میں ہسپتال میں آنکھوں کی سرجری شروع کرنے کا منصوبہ بھی زیر تکمیل ہے جس سے آنکھوں کے علاج کے میدان کو مزید وسعت دی جائے گی۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں دونوں اداروں کے اہم نمائندگان نے شرکت کی جن میں ڈاکٹر صاحبزادہ رفیع احمد خان قائم مقام ڈاکٹر انچارج احمدیہ مسلم ہسپتال، جناب محمد عالم سی ای او، آئی کیئر آپٹکس، مکرم محمد ظہیر احمد صاحب مبلغ سلسلہ، مکرم موسیٰ کنٹے صاحب ایڈمنسٹریٹر احمدیہ مسلم ہسپتال اورخاکسار (فارماسسٹ احمدیہ مسلم ہسپتال) شامل تھے۔ میٹنگ کا اختتام دعا سے ہوا جو مکرم محمد ظہیر احمد نے کروائی۔ یہ معاہدہ سب کو سستے اور معیاری علاج فراہم کرنے کے ہسپتال کے مشن میں ایک امید افزا پیش رفت ہے اور توقع ہے کہ مستقبل قریب میں مریض ان خدمات سےبھرپور فائدہ اٹھائیں گے، ان شاء اللہ جسٹس ہائی کورٹ سے وفد کی ملاقات:۹؍جولائی بروز بدھ ڈاکٹر صاحبزادہ رفیع احمد خان صاحب اور خاکسار پر مشتمل دو رکنی وفد نےگیمبیا کے ہائی کورٹ کی جسٹس محترمہ عائشہ جالو سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی۔ اس ملاقات میں وفد کو اسلام احمدیت کی خوبصورت اور پُرامن تعلیمات موصوفہ تک پہنچانے کی توفیق ملی۔ اس کے علاوہ موصوفہ کو حضرت مسیح موعودؑ کی دو کتابوں ’اسلامی اصول کی فلاسفی‘ اور ’مسیح ہندوستان میں‘ کا انگریزی ترجمہ پیش کیا گیا۔ موصوفہ نے اس ملاقات پر تہ دل سے شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ جلد ہی یہ دونوں کتابیں پڑھیں گی اور بعدازاں اپنے خیالات کا اظہار کریں گی۔ یہ ملاقات باہمی تعلقات کو مزید راسخ کرنے اور پرامن ماحول کو فروغ دینے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ گیمبیا میں تقاریب آمین کا انعقاد