https://youtu.be/603EVkPx2mE آیئے!آپ کو سوشل میڈیا پر مقبول OCD پرندے کے بارے میں بتاتے ہیں۔ آسٹریلیا کے مشرقی بارانی جنگلات میں ایک نہایت دلچسپ اور عجیب و غریب عادتوں والا پرندہ پایا جاتا ہے جسے سَیٹن باور برڈ (Satin Bowerbird) کہا جاتا ہے۔ یہ پرندہ نہ صرف اپنی چمکدار نیلگوں سیاہ رنگت کی وجہ سے مشہور ہے بلکہ اس کی غیرمعمولی صفائی کی عادت ، ترتیب، اور خوبصورتی کی محبت نے اسے ’’OCD پرندہ‘‘ کے لقب سے مشہور کر دیا ہے۔ گو کہ یہ انسانی اصطلاح ہے لیکن اس پرندے کا رویہ واقعی ایسا ہے کہ انسان بھی حیرت میں پڑ جائے۔ تصویر بشکریہ: https://en.wikipedia.org/wiki/Satin_bowerbird پہلے جانتے ہیں کہ باور کیا ہے؟ نر سَیٹن باور برڈ ہر سال جفت گیری (mate) کے موسم میں ایک خاص قسم کا جھونپڑی نما گھونسلہ بناتا ہے جسے باور (bower) کہتے ہیں۔ دراصل یہ گھونسلہ نہیں ہوتا بلکہ صرف ایک نمائش گاہ ہوتی ہے جہاں نر پرندہ مادہ کو متاثر کرنے کے لیے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتا ہے۔ مادہ سَیٹن مختلف نر کے باور دیکھتی ہیں، ان کا جائزہ لیتی ہیں اور پھر جفت گیری کے لیے انتخاب کا فیصلہ کرتی ہیں۔ یہ انتخاب صرف باور کی صفائی، ترتیب اور خوبصورتی پر مبنی ہوتا ہے اور یاد رہے کہ مقابلہ سخت ہوتا ہے۔ جیسے ہی موسمِ جفت گیری آتا ہے نر پرندہ ایک مخصوص جگہ منتخب کرتا ہے اور اسے پوری طرح صاف کرتا ہے۔ وہ نہ صرف باور کی جگہ کو بلکہ اس کے اردگرد کے علاقے کو بھی ہر قسم کی پتیوں، کانٹوں، پتھروں اور مٹی سے پاک کرتا ہے۔ بعض اوقات اسے کسی ایک پتے کو ہٹانے یا سیدھا کرنے میں گھنٹوں لگ جاتے ہیں۔ اگر کچھ بے ترتیب ہو، یا رنگوں میں فرق آجائے، تو وہ فوراً اسے درست کرتا ہے۔ یہ صفائی اور ترتیب کا جنون کچھ ایسا ہوتا ہے کہ انسانی OCD (Obsessive Compulsive Disorder) کی یاد آ جاتی ہے، جہاں فرد کسی چیز کو مکمل اور بےعیب بنانے کے لیے بار بار ایک ہی عمل دہراتا ہے۔ لیکن سَیٹن باور برڈ کے لیے یہ جنون ایک حکمت عملی ہے جتنا بہتر اس کا باور ہوگا اتنا زیادہ امکان ہےکہ مادہ اسے منتخب کرے۔ سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پرندے نیلے رنگ سے خاص لگاؤ رکھتے ہیں۔ ان کے باور کی سجاوٹ میں زیادہ تر نیلے رنگ کی اشیاء ہوتی ہیں۔ یہ قدرتی اشیاء ہو سکتی ہیں جیسے نیلے پھول، نیلے پر، بیریاں یا انسانوں کی چیزیں جیسے بوتل کے ڈھکن، قلم کے کور، نیلی پلاسٹک کی ٹوپیاں، دھاگے یا شیشے کے ٹکڑےوغیرہ۔ یہ نر پرندے گھنٹوں جنگل اور آبادی والے علاقوں میں گھوم کر نیلی چیزیں جمع کرتے ہیں اور پھر انہیں نہایت ترتیب سے باور کے سامنے رکھتے ہیں۔ چیزوں کو سائز اور رنگ کی شدت کے حساب سے ترتیب دینا اور روزانہ کی بنیاد پر ان کی جگہ بدلنا ایک باور برڈ کا معمول ہوتا ہے۔ اگر کوئی اور نر پرندہ اس کی اشیاء چوری کر لے یا انہیں ہلا دے تو وہ فوراً واپس جا کر ہر چیز کو دوبارہ ترتیب دیتا ہے۔ بعض اوقات نرپرندے ایک دوسرے کی باور توڑتے بھی ہیں یا سجاوٹ کو چرا لیتے ہیں۔ بعض نر پرندے اپنی باور کو رنگنے کے لیے چاکلیٹ یا چارکول کو چبا کر ایک خاص لعاب انما مواد تیار کرتے ہیں اور پھر پتّے یا لکڑی کے ٹکڑے سے دیواروں پر پینٹ کرتے ہیں۔ یہ خاص قسم کی پینٹنگ جانوروں کی دنیا میں نایاب ہے۔ پھر جب مادہ باوربرڈ دیکھنے آتی ہے، تو نر نہ صرف اپنی جھونپڑی اور سجاوٹ دکھاتا ہے بلکہ ایک رقص اور نغمے کی پرفارمنس بھی دیتا ہے۔ وہ پروں کو پھڑپھڑاتا ہے، اچھلتا ہے اور عجیب آوازیں نکالتا ہے۔ سَیٹن باور برڈ دیگر پرندوں کی آوازیں یا انسانی آوازیں نقل کرنے میں بھی ماہر ہوتے ہیں اور یہ سب کچھ وہ مادہ کو متاثر کرنے کے لیے کرتے ہیں۔ جیسا کہ بتایا تھا کہ یہ ایک سخت مقابلہ ہوتا ہے۔ اگر مادہ کو باور کی ترتیب پسند نہ آئے، رنگ مناسب نہ ہوں، یا نر کی پرفارمنس بہت جارحانہ ہو تو وہ فوراً وہاں سے چلی جاتی ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ مادہ بھی اپنے انتخاب میں اتنی نفاست پسند ہوتی ہے کہ اکثر آبادی میں صرف ۱۰ سے ۱۵؍فیصد نر مقابلہ جیت پاتے ہیں۔ باقی نر سالہا سال اپنی باور بہتر بنانے میں گزار دیتے ہیں لیکن پھر بھی کامیاب نہیں ہوپاتے۔ بہت سے لوگ جب پہلی بار اس پرندے کا رویہ دیکھتے ہیں، تو اسے ’’OCD پرندہ‘‘ کہتے ہیں۔ بلاشبہ انسانی OCD ایک ذہنی بیماری ہے لیکن سَیٹن باور برڈ میں جو ترتیب، صفائی، تکرار اور خوبصورتی کا جنون نظر آتا ہے، وہ انسانی OCD سے بہت ملتا جلتا ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ یہ جنون باور برڈ کے لیے فائدہ مند ہے۔ اسے جفت گیری میں کامیاب بناتا ہے اور اس کی نسل بڑھانے میں ممد ثابت ہوتا ہے۔ یہ پرندہ ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ بعض اوقات جو چیز جنون لگتی ہے وہ دراصل فن، بقا اور محبت کی علامت ہوتی ہے۔ ایک نیلا پر رکھنا، ایک ڈھکن کا زاویہ ٹھیک کرنا، یا پتے کو سیدھا کرنا۔ یہ سب چھوٹے چھوٹے کام بظاہر عجیب لگتے ہیں، مگر سَیٹن باور برڈ کے لیے یہی چیزیں اس کی کامیابی کی کنجی ہیں۔ قدرت کا شاہکار یہ پرندہ سَیٹن باور برڈ ہمیں خداتعالیٰ کی تخلیق کی خوبصورتی کا احساس دلاتا ہے۔ انسان جب اس بارے میں غور کرتا ہے تو ایک ترتیب ایک نظامِ عدل کو پاتا ہے۔ یہ پرندہ ہمیں ارتقائی نفسیات، خوبصورتی کی اہمیت اور جفت گیری کے عمل میں عقل، جمالیات اور محنت کا کردار سمجھاتا ہے۔ جنگل کے بیچ ایک چھوٹا سا پرندہ، جو نیلی بوتل کے ڈھکن کے لیے میلوں سفر کرتا ہے، صرف اس لیے کہ شاید اس بار مادہ اس کے فن کو پہچان اور مان لے۔ ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: مرگ بچپن کا سوگ