https://youtu.be/Gp57aAgEcHA محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور احسان سے مجلس انصاراللہ جرمنی کا ۴۴واں سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ ۱۱تا۱۳؍جولائی۲۰۲۵ء کو Messe Karlsruhe ہال نمبر ۳ میں منعقد ہوا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے سال رواں کے ليے مجلس انصاراللہ جرمنی کو ’’اصلاح نفس‘‘ کا ماٹوعطا فرمایا تھا جو سالانہ اجتماع کا بھی مرکزی موضوع رہا۔ گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے قیمتی نصائح پر مبنی پیغام موصول ہوا جو مکرم بشیر احمد ریحان صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی نے افتتاحی تقریب میں پڑھ کر سنایا۔ مکرم مرزا نصیر احمد صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ یو کے نے مرکزی نمائندہ کی حیثیت سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری و اجازت سے سالانہ اجتماع میں شرکت کی۔ اس سال سالانہ اجتماع میں مجموعی حاضری سات ہزار ۹۶۶؍رہی، الحمدللہ علیٰ ذالک۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سالانہ اجتماع کی افتتاحی اور اختتامی تقریب کے علاوہ ’’علمی و تربیتی پروگرام‘‘ اور ’’تلقین عمل‘‘ کے پروگرام بھی براہ راست آن لائن دکھائے گئے جن سے گھروں میں موجود احباب نے بھی استفادہ کیا۔ اس سال انصار کی حاضری کو بڑھانے اور چیک کرنے کے ليے خصوصی کاوشیں کی گئیں۔ حاضری کو آن لائن چیک کرنے کے ليے خصوصی سافٹ ویئر بنایا گیا جس میں زعمائے مجالس اور ناظمین اعلیٰ آن لائن اپنی مجلس اور اپنے علاقہ کی حاضری چیک کرتے رہے۔ اس سافٹ ویئر کے خاطر خواہ اور مثبت نتائج سامنے آئے الحمدللہ۔ پہلی بار شعبہ رشتہ ناطہ کی طرف سے اجتماع کے موقع پر meet and greet کا پروگرام بھی منعقد ہوا۔ سالانہ اجتماع کے تینوں بابرکت ایام میں مختلف تقاریر اور دیگر مواقع پر سٹیج سے لگائے گئے فلک شگاف نعرے ایمانی حرارت کا باعث بنتے رہے۔ تیاری کے سلسلہ میں اجتماع کمیٹی کا ۲۷؍اپریل کو ایک اجلاس منعقد ہوا جس کا مقصد تیاری کا جائزہ لینا اور باہمی مشاورت سے ان تیاریوں کو مزید بہتر کرنا تھا۔ اسی طرح ۳؍جولائی سے وقار عمل کا سلسلہ شروع ہوا جس میں مجموعی طورپر۷۸۳؍انصار، ۱۸۴؍خدام اور ۶۰؍اطفال نے حصہ لیا۔ ۱۰؍جولائی کو تقریب معائنہ انتظامات مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ اجتماع کا پہلا دن۔ ۱۱؍جولائی بروز جمعۃ المبارک:سالانہ اجتماع کے پہلے دن کا آغاز تہجد اور فجر کی باجماعت ادائیگی سے ہوا۔ ناشتے کے بعد جرمنی بھر سے آنے والے مہمانوں کےاستقبال اور رجسٹریشن کا سلسلہ دوپہر کے کھانے اور نمازجمعہ کی تیاری تک جاری رہا۔ مکرم مبارک احمد تنویر صاحب مبلغ انچارج جرمنی کی امامت میں پنڈال میں نماز جمعہ و عصر ادا کی گئیں۔ اس کے بعد وہیں تمام احباب کرام نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سناجس کے بعد کچھ دیر کا وقفہ کیا گیا۔ تقریب پرچم کشائی:تقریباً چار بجے مرکزی نمائندہ نے لوائے انصاراللہ جبکہ صدر صاحب مجلس انصاراللہ نے جرمنی کا قومی جھنڈا لہرایا۔ بعدازاں مرکزی نمائندہ نے دعا کروائی۔ اس موقع پر انصار کی ایک آٹھ رکنی ٹیم نے ترانہ پڑھا اور احباب نے پرجوش نعرے بلند کیے۔ افتتاحی اجلاس: افتتاحی اجلاس مرکزی نمائندہ کی زیرصدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے شروع ہوا۔ بعدازاں مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی نے اپنی افتتاحی تقریر میں ماضی میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے سالانہ اجتماعات کے مواقع پر بھیجے گئے پیغامات سے اقتباسات پڑھ کر سنائے جن میں انصار کو ان کی ذمہ داریوں سے متعلق نصائح کی گئی تھیں۔ اسی موقع پر صدر صاحب نے اس سال کے ليے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا پیغام پڑھ کر سنایا جس کا جرمن ترجمہ مکرم نیشنل امیر صاحب نے پڑھا۔ مرکزی نمائندہ نے دعا کروائی جس کے ساتھ یہ افتتاحی اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے آج کے باقی پروگرام کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق وقفہ طعام و نماز مغرب و عشاء کے وقت تک علمی و ورزشی مقابلے اپنے مقررہ مقامات پر منعقد ہوئے۔ رات نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے ساتھ ہی پہلا دن اپنے اختتام کو پہنچا۔ اجتماع کا دوسرا دن:اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز باجماعت نمازتہجد اور فجر سے ہوا۔ درس قرآن اور تلاوت قرآن کریم کے بعد شاملین اجتماع نے انفرادی و اجتماعی سیر کی۔ اسی موقع پر صبح سویرے ایک نمائشی کرکٹ میچ ناظمین اعلیٰ علاقہ اور نیشنل مجلس عاملہ جرمنی کے درمیان کھیلا گیا جس کو نیشنل عاملہ نے جیت لیا۔ ناشتہ کے بعدعلمی مقابلے مقررہ مقامات پر صبح دس بجے شروع ہوئے جو دوپہر ۱۲؍بجے تک جاری رہے۔ علمی و تربیتی پروگرام:پنڈال میں یہ پروگرام تقریباً بارہ بجےمکرم مبلغ انچارج صاحب کی زیر صدارت شروع ہوا جو کہ دو تقاریر اور ایک رپورٹ پر مشتمل تھا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد مکرم مشہود احمد ظفر صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’عائلی زندگی اور انصاراللہ کی ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ مکرم بشیر احمد ریحان صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی نے ۲۰۲۴ء کی مساعی پر مشتمل کارگزاری رپورٹ پڑھی۔ اس پروگرام کی آخری خصوصی نشست بعنوان ’’خلافت کی برکات‘‘ تھی جس پر نمائندہ خصوصی نے تقریر کی۔ اس کے بعد وقفہ برائے طعام و نماز ظہر و عصر ہوا۔ پروگرام تلقین عمل:تین بجے کے قریب تلقین عمل کا پروگرام مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت شروع ہوا۔ یہ پروگرام دو تقاریر اور ایک فیچر پروگرام پر مشتمل تھا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد تلقین عمل کے پروگرام میں پہلی تقریر مکرم مبلغ انچارج صاحب نے بعنوان ’’اصلاح نفس‘‘ کی۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے جرمن زبان میں اظہار خیال کیا جس کا بعد میں اردو ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔اس نشست کا آخری پروگرام ایک فیچر پروگرام تھا۔ دکھائے گئے فیچر پروگرام میں تزکیہ نفس کی اہمیت و ضرورت پر روشنی ڈالی گئی تھی جس کو تمام احباب نے دلچسپی سے دیکھا اور سنا۔ یہ فیچر پروگرام جماعت احمدیہ جرمنی کے شعبہ سمعی و بصری کے تعاون سے تیار کیا گیا تھا۔ تلقین عمل کا پروگرام تقریبا ًسوا چار بجے اپنے اختتام کو پہنچا تو سٹیج سے باقی پروگراموں کا اعلان کرکے انصار کو ان میں شرکت کی تحریک کی گئی۔ ان میں علمی و ورزشی مقابلوں کے علاوہ ملٹی نیشن کے انصار کا ایک پروگرام بھی شامل تھا۔ یہ تمام پروگرام نماز مغرب و عشاء اور طعام کے وقت سے کچھ دیر پہلے اختتام پذیر ہوئے۔ نمازوں کی ادائیگی کے ساتھ اجتماع کا دوسرا دن بھی اپنے اختتام کو پہنچا۔ اجتماع کا تیسرا دن: اجتماع کے تیسرے اور آخری دن کا آغازنماز تہجد اور فجر کی ادائیگی سے ہوا۔ درس قرآن کے بعد تلاوت قرآن مجید کی گئی۔ سیر اور ناشتہ کے بعد فائنل علمی و ورزشی مقابلے صبح نو بجے شروع ہوئے۔ ان سب کا اختتام دوپہر ڈیڑھ بجے طعام اور نمازوں کے وقت ہوا۔ اختتامی اجلاس:دوپہر تقریباً پونے تین بجے سہ روزہ سالانہ اجتماع کے اختتامی اجلاس کا آغاز مرکزی نمائندہ کی زیرصدارت ہوا۔ مکرم امیر صاحب، مکرم مبلغ انچارج صاحب بھی اس اجلاس میں موجود تھے۔ عقب میں سٹیج پر نیشنل عاملہ مجلس انصاراللہ جرمنی کے اراکین بھی بیٹھے ہوئے تھے۔ اجلاس کاآغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔ سالانہ اجتماع کے منتظم اعلیٰ مکرم ظفر احمد ناگی صاحب نے سالانہ اجتماع سے متعلق ایک رپورٹ پڑھی جس میں تیاری اجتماع اور دوران اجتماع کے قابل ذکر امور کا تذکرہ کرنے کے علاوہ اجتماع کے دوران بھرپور تعاون کرنے پر تمام کارکنان، شاملین اجتماع، نیشنل اجتماع کمیٹی، اراکین و ممبران نیشنل مجلس عاملہ، مبلغ انچارج جرمنی اور مربیان کرام کا شکریہ ادا کرنے کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے پیغام کا ایک حصہ پڑھا۔ تقسیم انعامات:مرکزی نمائندہ نے علمی و ورزشی مقابلوں میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والوں نیز دیگر شعبہ جات میں حسن کارکردگی دکھانے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔ ان میں گذشتہ سال یعنی۲۰۲۴ء میں حسن کارکردگی دکھانے والی ۵چھوٹی اور ۱۰؍ بڑی مجالس کے علاوہ ۲۰۲۴ء میں بہترین کارکردگی دکھانے پر مجلس Niddaکے زعیم مجلس نے عاملہ اراکین سمیت علم انعامی وصول کیا۔ اسی طرح خصوصی انعامات میں مکرم نیشنل امیر صاحب جرمنی نے مرکزی نمائندہ کی خدمت میں مجلس انصاراللہ جرمنی کی جانب سے ایک یادگاری شیلڈ پیش کی۔ مکرم صدر صاحب مجلسانصار اللہ ہالینڈ، سوئٹزرلینڈ اور نائب صدر صاحب بیلجیم کی خدمت میں بھی تحائف پیش کیے گئے۔ اس کے بعد مرکزی نمائندہ نے اپنی اختتامی تقریر میں عبادات، خلافت سے تعلق اور آپس کے تعاون کی اہمیت و ضرورت کو بیان کرتے ہوئے شاملین اجتماع اور آن لائن دیکھنے والے احباب کو جملہ تین امور پر دل و جان سےعمل کرنے کی تلقین کی۔ اس کے بعد اجتماع میں حاضری کا اعلان کیا گیا جس کی تفصیل درج ذیل ہے: کل حاضری ۷؍ہزار ۹۶۶؍تھی۔ اس میں چار ہزار ۱۰۸؍انصار، دو ہزار ۳۰۴؍خدام، ایک ہزار ۷۳؍اطفال، ۳۷۸؍بچے، ۱۰؍بچیاں اور ۹۳؍مہمان شامل تھے۔ اسی طرح ۲۰؍اقوام کے کُل ۵۲؍غیر پاکستانی انصار بھی شامل ہوئے۔ مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی کی طرف سے اظہار تشکر اور وائنڈاپ سے متعلق ضروری اعلانات کے بعد مرکزی نمائندہ صاحب نے اختتامی دعا کروائی جس کے ساتھ یہ سالانہ اجتماع اپنے بابرکت اختتام کو پہنچا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک الحمدللہ، امسال کے اجتماع میں لنگر خانہ کی شاندار خدمت میں ۱۰۵؍چولہوں پر ۵۰۰؍کارکنوں نے تین دن مختلف انواع و اقسام کے کھانے تیار کر کے شاملین کی میزبانی کی۔ طبی امداد کے کیمپ میں مجموعی طور پر ۲۷۵؍مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کی گئی جبکہ بعض کو ایمرجنسی میں ادویات دیں یا ہسپتال بھجوایا گیا۔ نظم و ضبط کی ٹیم نے پانی کی فوری فراہمی اور پنڈال میں خاموشی قائم رکھنے کا فریضہ ادا کیا جن کے ساتھ جامعہ احمدیہ جرمنی کے ۱۷؍فارغ التحصیل ہونے والے مربیان بھی شامل تھے۔ سیکیورٹی ٹیم نے ۴؍جولائی سے مسلسل ۲۴؍گھنٹے خدمات سرانجام دیں، ریلوے سٹیشن اور داخلی مقامات پر خصوصی ڈیوٹیاں دیں۔ علمی و تربیتی پروگراموں، معلوماتی نمائش اور مختلف سٹالز نے احباب کو دینی و جدید علوم سے روشناس کروایا جبکہ سوشل میڈیا کے ذریعے ۷۶؍ہزار سے زائد افراد تک اجتماع کی خبریں پہنچیں۔ پارکنگ میں چار ہزار ۸۳۱؍گاڑیاں پارک کی گئیں اور ٹرانسپورٹ کے ذریعے چار ہزار ۷۰؍مہمانوں کو لانے اور لے جانے کا انتظام کیا گیا۔ متفرق سٹالز، بار بی کیو اور آم کی فروخت نے اجتماع کی رونق میں اضافہ کیا۔ اجتماع کے بعد ۱۳تا۱۵؍ جولائی وائنڈ اپ بخوبی مکمل ہوا اور رپورٹنگ ٹیم نے دوران اجتماع حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں سات دعائیہ خطوط ارسال کیے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ: منور علی شاہد۔منتظم رپورٹنگ) حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا مجلس انصاراللہ جرمنی کے نیشنل سالانہ اجتماع ۲۰۲۵ءکے موقع پر بصیرت افروز پیغام پیارے ممبران مجلس انصار الله جر منی السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ الحمد للہ کہ آپ کو امسال بھی اپنا سالانہ اجتماع منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ سب کو توفیق دے کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی خواہش کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالتے ہوئے اسلامی تعلیم کا صحیح نمونہ بن جائیں اور اللہ کا قرب پانے والے ہوں اور اپنے بیوی بچوں کو بھی اس پاک چشمہ سے سیراب کرنے والے ہوں۔ اللہ آپ کو یہ بھی توفیق دے کہ آپ اِس زمانہ کے مامور کے ذریعہ اسلام کا پیغام پہنچانے کا جو کام ہمارے سپرد ہوا ہے اس کو احسن رنگ میں ادا کرنے والے ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو حقیقی احمدی بنتے ہوئے وہ سب نظارے اور ترقیات دیکھنے کی توفیق عطا فرمائے جس کے وعدے اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام سے فرمائے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کے اجتماع کو ہر لحاظ سے کامیاب کرے اور یہ بابرکت موقع حقیقت میں سب میں پاک تبدیلی پیدا کرنے کا ذریعہ بن جائے۔ آمین مزید پڑھیں: سویڈن کے قومی دن کی مناسبت سے جماعتی تقریبات کا اہتمام