اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ کینیا دینی لحاظ سےہر میدان میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ہر سال لوگوں کی ایک بڑی تعداد جماعت احمدیہ میں داخل ہوتی ہے نئی جماعتیں بنتی ہیں اور ان کی تربیتی و تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے لیے مساجد اور مشن ہاؤسز کی تعمیر کا سلسلہ بھی جاری و ساری ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۷؍جولائی ۲۰۲۵ء بروز سوموار مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مبلغ انچارج کینیا نے نارتھ کوسٹ ریجن کی جماعت ملولا میں مسجد کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ جماعت ۲۰۲۲ء میں قائم ہوئی اور اس کے قیام کے سلسلہ میں مکرم جمعہ عبداللہ صاحب معلم سلسلہ کو خصوصی خدمت کی توفیق ملی۔ اسی برس مقامی کمیونٹی کی مشترکہ زمین سے ایک ایکڑ زمین برائے تعمیر احمدیہ مسجد حاصل کی گئی جس پرسر دست ایک کچی مسجد تعمیر کی گئی تھی اور احباب جماعت کی تعلیم و تربیت کا کام قریبی جماعت زوونی کے معلم صاحب کے سپرد کیا گیا۔ الحمدللہ، یہ جماعت اب ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔ ملولا میں مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شمولیت کے لیے مقامی جماعت کے احباب کے علاوہ قریبی جماعتوں زوونی اور چبونگا کے احباب نے قریباً ۲۰۰؍کی تعداد میں شرکت کی۔ اس مبارک تقریب کا آغاز ۷؍جولائی بروز سوموار گیارہ بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ نظم کے بعد مکرم بشارت احمد طاہر صاحب ریجنل مبلغ انچارج نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ مکرم امیر صاحب نے ایک مختصر تقریر کی اور مسجد کی تعمیر کے سنگ بنیاد پر احباب کو مبارکباد دی اوراحباب جماعت کو مسجد کی آباد کاری کے سلسلہ میں ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی جس کے بعد آپ نے احباب جماعت کی معیت میں مسجد کا سنگ بنیاد رکھا۔ آپ کے بعد ریجنل مبلغ انچارج، صدر جماعت، ممبران مجلس عاملہ، معلّمین کرام اور ذیلی تنظیموں کے عہدیداران نے باری باری بنیادی اینٹیں نصب کیں جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔ نماز ظہر و عصر کی ادا ئیگی کے بعد مہمانوں کی تواضع ظہرانہ سے کی گئی۔ اس کے ساتھ یہ مبارک تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے اس مسجد کی بخیریت تکمیل کے سامان پیدا فرمائے اور اسے اس علاقہ میں لوگوں کی ہدایت و راہنمائی کا موجب بنائے۔ آمین (رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: سویڈن کے قومی دن کی مناسبت سے جماعتی تقریبات کا اہتمام