اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماءاللہ و ناصرات الاحمدیہ نائیجر کو امسال ماہ جون میں اپنے ریجنل اجتماعات منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ نائیجر کے ملکی حالات کے باعث ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کو سفر کر کے ایک جگہ اکٹھا کرنا مشکل تھا اس ليے فیصلہ ہوا کہ امسال نیشنل اجتماع کی بجائے ریجنل اجتماعات منعقد کر ليے جائیں۔ اس طرح زیادہ ممبرات لجنہ اماءاللہ و ناصرات کو شمولیت کا موقع بھی مل جائے گا۔ ان ریجنل اجتماعات کا سب سے بڑا مقصد لجنہ اماءاللہ و ناصرات الاحمدیہ کو جماعت احمدیہ کی تعلیمات سے روشناس کروانا اور خلافت احمدیہ کے ساتھ مضبوط تعلق پیدا کرنا تھا۔ لہٰذا اسی مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کی علمی و ورزشی صلاحیتوں کو بڑھانے کے ليے مقابلہ جات ترتیب دیے گئے۔ چنانچہ ایک تیار شدہ جماعتی نصاب کے مطابق اجتماعات میں علمی مقابلہ جات کروائے گئے جن میں تلاوت قرآن کریم، حفظ ادعیہ، حفظ القرآن، احادیث اور دینی معلومات شامل تھے۔ جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں دوڑ، تیز چلنا، تین ٹانگ دوڑ، میوزیکل چیئرز جیسے مقابلہ جات شامل تھے۔ تمام ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات نے پورے جوش و خروش سے تمام مقابلہ جات میں حصہ لیا۔ علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والی ممبرات لجنہ اور ناصرات میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ اجتماعات میں شاملین کی حاضری درج ذیل رہی۔ اللہ تعالیٰ شاملین اجتماعات کا جماعت اور خلافت احمدیہ کے ساتھ مضبوط ترتعلق قائم فرماتا چلاجائے۔ آمین (رپورٹ:کوثر جمیل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)