محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال جماعت احمدیہ گیمبیا کے ۱۵۲؍طلبہ و طالبات کو قرآن کریم سیکھنے اورپہلی بار مکمل کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک جماعتی روایت کے مطابق قرآن کریم مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کی آمین کی تقاریب دوران سال ہوتی رہیں۔ اس سلسلہ میں سب سے بڑی تقریب لوئر ریور ریجن کے جماعتی سکول طاہر احمدیہ سینئر سیکنڈری سکول مانساکونکو میں ۲۸؍جون ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ ہوئی جس میں ۵۰؍طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ تقریب سے قبل جلسہ یوم خلافت کا انعقاد کیا گیا جس کے بعد مکرم ماماڈو کماٹے مقامی معلم صاحب نے قرآن کریم مکمل کرنے والوں سے قرآن کریم کے بعض حصے سنے اور آخر پر دعا کروائی۔ اس پروگرام میں کُل ۱۱۰؍احباب شامل ہوئے۔ اسی طرح ملک کے جماعتی مرکز کی جامع مسجد میں مورخہ۵؍جولائی بروز ہفتہ اجتماعی تقریب آمین ہوئی جس میں پہلی بار قرآن کریم مکمل کرنے والے کُل ۴۳؍طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد نظم پیش کی گئی۔ اس کے بعد ایریا مشنری نے رپورٹ پیش کی اور مکرم محمود احمد طاہر صاحب مبلغ انچارج نے بچوں سے قرآن کریم کے مختلف حصے سنے۔ مکرم امیر صاحب نے تمام بچوں کو قرآن کریم، سرٹیفکیٹ، ٹوپی/سکارف بطور انعام دیے۔ نیز چند اختتامی کلمات کے بعد اجتماعی دعا کروائی اور یوں اس بابرکت تقریب کا اختتام ہوا۔ دعا کے بعد ضیافت پیش کی گئی۔ تقریب کی کُل حاضری ۱۰۸؍رہی۔ الحمدللہ اللہ تعالیٰ ہمیں قرآن کریم کو سیکھنے، سکھانے، اس پر عمل کرنے اور اس کی تعلیمات کو پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے۔ (رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ آسٹریلیا کے سالانہ اجتماع کا تیسرا روز