مکرم عبدالہادی مسعود صاحب نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ و مبلغ سلسلہ ناروے تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۳؍جولائی ۲۰۲۵ء کی صبح مجلس خدام الاحمدیہ ناروے کا ایک وفد ایک خصوصی تبلیغی مشن پر روانہ ہوا۔ دورے کا پہلا پڑاؤ شہر ہورتن تھا جہاں مختلف مذاہب اور نظریات سے تعلق رکھنے والے تقریباً ۲۰؍نمائندگان اور قائدین نے وفد کا استقبال میتھوڈسٹ چرچ میں کیا۔ اس موقع پر ‘معاشرہ میں اتحاد، بھائی چارہ اور باہمی ہم آہنگی’ کے موضوع پر گہری اور بامعنی گفتگو ہوئی۔ وفد نے تونس برگ، لاروک اور شیئن کا دورہ کیا جہاں مقامی میئرز، مذہبی راہنماؤں اور دیگر شخصیات سے ملاقاتیں ہوئیں۔ مکرم مصور احمد شاہد صاحب مبلغ انچارج ناروے نے ہر شہر کے میئر کو نارویجین زبان میں قرآن کریم کا ترجمہ بطور تحفہ پیش کیا۔ دن کے اختتام پر وفد اپنی آخری منزل کریستیانسینڈ پہنچا جہاں مسجد مریم میں رات کا قیام کیا۔ ۴و۵؍جولائی کو کریستیانسینڈ اور آرندال میں تبلیغی سٹالز لگائے گئے جہاں مقامی افراد نے بھرپور دلچسپی لی اور ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد نے اسلام کے بارے میں سوالات کیے۔ ۶؍جولائی کو واپسی کے سفر میں وفد ایک اور اہم مقام نیسے دال گیا جہاں میئر سے ملاقات ہوئی۔ میئر نے کہا کہ وہ زندگی میں پہلی بار کسی مسلمان امام سے ملاقات کررہے ہیں۔ اس ملاقات کو انہوں نے انتہائی خوشگوار قرار دیا۔ مقامی اخبارات نے وفد کی اس سرگرمی کو نمایاں طور پر شائع کیا۔ الحمدللہ (رپورٹ:حمزہ سلطان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: فن لینڈ کے شہر Riihimäkiکی سٹی لائبریری میں قرآن کریم کی تیس روزہ نمائش