اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ نائیجر کو اپنی سترھویں نیشنل مجلس شوریٰ مورخہ ۱۲؍مئی ۲۰۲۵ء بروز سوموار بمقام محمد آباد، گڈاں رومجی میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمدللہ نیشنل مجلس شوریٰ کے پہلے اجلاس کی کارروائی:مکرم اسد مجیب صاحب امیر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ نائیجر کے زیر صدارت نیشنل مجلس شوریٰ کی کارروائی کا آغاز صبح دس بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم امیر صاحب نے نظام شوریٰ کی اہمیت و افادیت کے حوالے سے تقریر کی۔ مکرم ممن بیلو صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری نے مجلس شوریٰ ۲۰۲۴ء کی منظور شدہ تجاویز پر عمل درآمد کی رپورٹ اور امسال کی مجلس شوریٰ کے ایجنڈے میں شامل تین تجاویز، جن کی منظوری حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے عطافرمائی تھی، مجلس شوریٰ کے سامنے پیش کیں۔ ایجنڈے کو بیان کرنے کے بعد مکرم امیر صاحب نے ہر تجویز کے لیے الگ الگ سب کمیٹیاں تشکیل دیں۔ آپ نے ہر کمیٹی کے لیے صدر اور سیکرٹری کے ناموں کا اعلان کیا۔ اس طرح ۸۹؍ممبران شوریٰ کو چار کمیٹیوں میں تقسیم کیا گیا۔ ہر کمیٹی کو متعلقہ ایجنڈا پر غور و فکر کرنے اور تجاویز کی تشکیل کے ليے درکار وقت دیا گیا۔ دوسرے اجلاس کی کارروائی:دوسرے اجلاس کی کارروائی کا آغاز مکرم امیرصاحب کی زیر صدارت بعد از نماز عصر ساڑھے چار بجے ہوا۔ سب کمیٹیز کے صدران نے ایجنڈے میں شامل تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بڑے غور و فکر اور باہمی مشاورت سے مجلس شوریٰ میں پیش کیا۔ پھر ایوان میں چند تبدیلیوں کے بعد فائنل تجاویز کو منظوری کے ليے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں ارسال کر دیا گیا۔ تیسرے اجلاس کی کارروائی:تیسرے اجلاس کی کارروائی کا آغاز بھی مکرم امیر و مبلغ انچارج صاحب کی زیر صدارت دعا کے ساتھ ہوا جس میں نیشنل مجلس عاملہ کے انتخاب کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ انتخاب سے قبل قوانین اور آداب کے حوالے سے تمام شاملین شوریٰ کو یاد دہانی کروائی گئی جس کے بعد انتخاب کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ آخر پر دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا اور تمام ممبران کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا اور اس طرح اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس شوریٰ کی کارروائی اپنے اختتام کو پہنچی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ:کوثر جمیل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: لجنہ اماءاللہ ہالینڈکی امن مہم کے تحت نیشنل امن کانفرنس کا انعقاد