*…مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ 18؍ اکتوبر2015ء بروزاتوار حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے بیت السبوح فرینکفرٹ جرمنی میں مکرم ڈاکٹر عبد الغنی قیصر صاحب جماعت Mannheimکی نماز جنازہ حاضر پڑھائی۔ آپ 13اکتوبر 2015ء کو انتڑیوں کے کینسر کی بیماری کے نتیجہ میں 57سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے ۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم 1989 میں اپنی اہلیہ کے ساتھ جرمنی آئے تھے۔ پاکستان میں بطور ڈاکٹر کبھی امیر اور غریب مریضوں میں امتیاز نہیں کیا بلکہ بسااوقات غریب مریضوں کا علاج مفت کیا کرتے تھے۔ مرحوم نے اپنی بیماری کا عرصہ نہایت صبر کے ساتھ گزارا اور اس دوران بھی اپنی پنج وقتہ نمازوں کے علاوہ تہجد بھی ادا کیا کرتے تھے۔ مرحوم کا خلافت کے ساتھ پیار اور اخلاص کا تعلق تھا۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں بعمر 22اور 20 سال شامل ہیں۔ اس کے ساتھ حسب ذیل مرحومین کی نماز جنازہ غائب بھی ادا کی گئی: (1)مکرم محمد ناصر صاحب (معلم سلسلہ احمد آباد۔ صوبہ گجرات ۔انڈیا)آپ5اکتوبر 2015ء حرکت قلب بند ہو جانے کی وجہ سے 39سال کی عمر میں گورنمنٹ ہسپتال احمد آباد میں وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کا تعلق جماعت احمدیہ کرڈاپلی ضلع کٹک صوبہ اڈیشہ سے تھا۔ آپ نے اگست2001ء میں زندگی وقف کی اور جامعۃ المبشرین قادیان میں داخلہ لیا اور 2004ء میں معلم کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد صوبہ گجرات کی مختلف جماعتوں میں گیارہ سال تک خدمت بجا لاتے رہے۔ آپ صوم و صلوٰۃ کے پابند، نہایت فرمانبردار اور دل لگا کر سلسلہ کی خدمت کرنے والے نو جوان تھے۔ جب بھی کوئی کام سپرد کیا جاتا فوری اس کی تعمیل کرتے تھے اور باوجود علیل ہونے کے کبھی بھی کسی خدمت سے منہ نہیں موڑا۔ سادہ مزاج، دوسروں کی عزت کا خیال رکھنے والے باوقار معلم تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں ضعیف والدہ کے علاوہ اہلیہ اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ بڑے بیٹے کی عمر دس سال ہے اور وہ تحریک وقف نو میں شامل ہے۔ (2) مکرم شیخ سعید احمد صاحب آف تخت ہزارہ حال جماعت ہاناؤ جرمنی۔آپ 27ستمبر 2015ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم حضرت شیخ پیر محمد صاحب صحابی آف تخت ہزارہ کے پوتے اور شیخ محمد رفیق صاحب سابق امیر جماعت احمدیہ تخت ہزارہ کے بیٹے تھے۔ خلافت کی اطاعت اور وفاداری آپ کا شعار تھا۔ آپ واقفین زندگی مربیان اور جماعتی کارکنان کی بہت عزت کرتے اور ان کی مہمان نوازی میں راحت اور خوشی محسوس کیا کرتے تھے۔ نماز باجماعت کے ساتھ خاص محبت تھی اور اپنے اہل و عیال کو بڑی تاکید اور تسلسل سے اس کی نصیحت کیا کرتے تھے۔ رشتہ داروں سے ہمیشہ حسن سلوک کرتے، بڑے غریب پرور اور مالی لین دین میں بہت صاف تھے۔ خود نمائی سے پرہیز کرنے والے اور بڑے منکسرالمزج نیک انسان تھے۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم منیراحمد منور صاحب اور ایک پوتا مکرم احمد کمال صاحب واقف زندگی ہیں اور مربیان سلسلہ کے طور پر خدمت بجا لا رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر کرنے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین ………………… أ…مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ21؍ اکتوبر2015ء بروزبدھ نماز ظہر سے قبل حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کرمکرمہ امۃالقیوم صاحبہ(اہلیہ مکرم ناصر احمد صاحب مرحوم ۔ یوکے) کی نماز جنازہ حاضر پڑھائی۔ آپ17؍اکتوبر2015 کو 85سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کے دادا حضرت احمد دین صاحب رضی اللہ عنہ اور پڑدادا حضرت حاجی رحیم بخش صاحب رضی اللہ عنہ دونوں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ میں سے تھے ۔ آپ پابند صوم وصلوۃ ، تہجد گزار، دعا گو ، بہت نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ خلافت سے بہت عقیدت اور وفا کا تعلق تھا۔ میاں کی بینائی ختم ہوجانے کے بعد آپ نے 34سال کا عرصہ ان کی خدمت کرتے ہوئے بڑے صبر کے ساتھ گزارا۔ آپ کو حج کی سعادت بھی ملی ۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور چھ بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم طاہر احمد صاحب لمبے عرصہ سے MTAمیں خدمت بجالارہے ہیں۔ آپ کے باقی بچے بھی مختلف رنگ میں جماعتی خدمت کی توفیق پارہے ہیں ۔ اس کے ساتھ حسب ذیل مرحومین کی نماز جنازہ غائب بھی ادا کی گئی: (1)مکرم خالد محمود بسراء صاحب (واپڈ اٹائون ۔ لاہور) 25؍اگست 2015ء کو 62سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت غلام رسول بسراء صاحبؓ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پوتے تھے ۔ 2007ء سے تا دم وفات صدر حلقہ واپڈا ٹائون لاہور کی حیثیت سے خدمت کی توفیق پاتے رہے۔ بہت خوش اخلاق، ہمہ وقت خدمت پر کمر بستہ رہنے والے نیک اور مخلص انسان تھے۔ خلافت سے گہری وابستگی اور عقیدت کا تعلق تھا۔ مرحوم موصی تھے ۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ ان کے بڑے بیٹے مکرم اسعد خالد بسراء صاحب اب صدر حلقہ واپڈا ٹائون کی حیثیت سے خدمت کی توفیق پارہے ہیں ۔ (2)مکرم منور احمد اختر وڑائچ صاحب (ابن مکرم چوہدری حاتم علی مجاہد صاحب مرحوم ۔ کینیڈا)12؍اکتوبر 2015ء کو 61سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ اپنی لوکل جماعت میں نائب صدر کی حیثیت سے خدمت بجالارہے تھے۔قبل ازیں آپ کو شعبہ امور عامہ میں بھی خدمت کرنے کی توفیق ملی ۔ دعوت الی اللہ کا خاص جو ش اور جذبہ رکھتے تھے ۔آپ کو کینیڈا میں 15بیعتیں کروانے کی سعادت بھی ملی۔ مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے نیک اور مخلص انسان تھے ۔ حضورانور کے خطبات جمعہ کو بڑی باقاعدگی سے خود بھی سنتے اور اپنے بچوں کو بھی سنواتے تھے۔ مرحوم موصی تھے ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں اور چار بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔آپ کے ایک بیٹے مکرم طاہر احمد صاحب اس وقت صدر مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا کی حیثیت سے خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر کرنے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین