مازوملومے (Mazumalume) کینیا کے ساؤتھ کوسٹ ریجن کی قدیم اور فعال جماعتوں میں سے ایک ہے جس کا قیام ۱۹۸۴ء میں عمل میں آیا تھا۔ اُس وقت مکرم ملک جمیل الرحمٰن رفیق صاحب سابق امیر جماعت کینیا کی زیر صدارت ایک تبلیغی جلسہ منعقد ہوا تھا۔ اسی جلسہ میں یہاں کے مقامی امام مرحوم عبد اللہ مکرانی صاحب نے، جنہوں نے اسی دن اپنے قریباً ۴۰۰؍ زیر اثر افراد کے ساتھ بیعت کر کے جماعت احمدیہ میں شمولیت اختیار کی، مسجد کی تعمیر کے لیے ایک قطعہ زمین عطیہ کیا۔ اس زمین پر ابتدا میں ایک کچی مسجد اور معلم ہاؤس تعمیر کیا گیا جس کی جگہ ۱۹۹۸ء میں ایک پختہ مسجد تعمیر کی گئی جو مرور زمانہ کے ساتھ اب کافی خستہ حال ہو چکی تھی۔ اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہاں جماعت کو ایک بار پھر خوبصورت پختہ مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی ہے الحمدللہ علیٰ ذالک۔ ۳۰؍فٹ لمبی اور ۲۵؍فٹ چوڑی اس مسجد میں تقریباً ۱۳۰؍افراد بیک وقت نماز ادا کر سکتے ہیں۔ مسجدکے ہال میں پارٹیشن لگا کر مستورات کے لیے بھی نماز ادا کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اسی طرح مردوں اور عورتوں کے لیے وضو وغیرہ کی بھی الگ الگ سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔ اس کے لیے مسجد کی چھت سے بارش کا پانی جمع کرنے کے لیے تین ہزار لیٹر کا واٹر ٹینک رکھا گیا ہے۔ مسجد میں ہال کے سامنے دو با لکونیاں بنائی گئی ہیں جو مسجد کی مکانیت میں اضافہ کے علاوہ اس کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ سولر پینل کے ذریعے مسجد میں روشنی اور ایم ٹی اے اور پنج وقتہ اذان وغیرہ کے لیے لاؤڈ سپیکر کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ گویا مسجد ہذا میں تمام ممکنہ سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔ مسجد کے احاطہ میں ہی پرانا معلم ہاؤس ہے جسے مستقبل قریب میں نیا تعمیر کیا جائے گا، ان شاء اللہ۔ مسجد کے تعمیراتی کام کی نگرانی مکرم شیخ صدام رجب صاحب ریجنل انچارج ساؤتھ کوسٹ ریجن نے کی۔ مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مبلغ انچارج کینیا نے مورخہ ۷؍جولائی ۲۰۲۵ء کو اس مسجد کا افتتاح کیا جس میں مقامی احباب جماعت، سرکاری افسران و معززین علاقہ کے علاوہ ارد گرد کی احمدی جماعتوں اکونڈا، مسلوا، ٹنگانی اور جروری کے تقریباً ۲۰۰؍سے زائد افراد نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز بعد نماز ظہر مسجد کے احاطہ میں ہوا جہاں دو بڑی چھولداریاں اور کرسیاں لگا کر حاضرین کے لیے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا تھا۔ ریجنل انچارج صاحب نے احباب جماعت کے ہمراہ تمام معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ مکرم امیر صاحب نے معزز مہمانوں اور احباب جماعت کی معیت میں یادگاری تختی کی نقاب کشائی کی اور فیتہ کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ نظم کے بعد ریجنل انچارج صاحب نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پھر مسجد کی تعمیر کے مقاصد اور اس کے آداب سے متعلق ایک تقریر کی جس کے بعد لوکل سب چیف اور وارڈ ایڈمن نے بھی باری باری مختصر تقاریر کیں اور جماعت کو اس خوبصور ت مسجد کی تعمیر پر مبارکباد دی۔ بعدہٗ مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں احباب جماعت کو مسجد کی آباد کاری، صفائی، نمازوں کی پابندی، باہمی اتفاق واتحاد اور خلافت احمدیہ سے وابستگی نیز تربیتی و تبلیغی امور میں تیزی اور باقاعدگی پیدا کرنے کی تلقین کی۔ دعا کے ساتھ یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر تمام شاملین کی ظہرانہ سے تواضع کی گئی۔ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو متقی اور پاک دل نمازیوں سے بھر دے اور اسے اس علاقہ میں رشدو ہدایت کا منبع بنائے۔ آمین (رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: آئیوری کوسٹ میں احمدیہ و ہیومینٹی فرسٹ کے سکولز میں تعلیمی سال کے اختتام پر پروگرامز کا انعقاد