قارئین الفضل انٹرنیشنل کی خدمت میں عیدالاضحی کے موقع پر جماعت احمدیہ سربیا کی بعض سرگرمیوں کی تفصیلات پیش ہیں۔ عید الاضحی ۲۰۲۵ء:اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۶؍جون ۲۰۲۵ء کومشن ہا ؤس میں عید الاضحی کا انعقاد ہو ا۔ عید کی نماز صبح چھ بجے مکرم وسیم احمد سروعہ صاحب مربی سلسلہ سربیا نے پڑھائی۔ خطبہ عید پہلے مقامی زبان اور پھر انگریزی میں دیا۔ خطبہ کا موضوع ’اس دن کی اہمیت اور قربانی کا فلسفہ‘ تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۲۲؍افراد نے نماز عید ادا کی۔ ان میں سے اکثریت ہندوستان اور ترکی سے آنے والے افراد کی تھی جو یہاں ملازم ہیں۔ عید کی ادائیگی، خطبہ عید اور دعا کے بعد تمام شاملین کی ضیافت کی گئی۔ چونکہ اس دن جمعہ کا دن تھا اس ليے بعد میں نماز جمعہ بھی ادا کی گئی۔ عید الاضحی ۲۰۲۵ء کے مبارک موقع پر سربیا میں غرباء میں قربانی کے گوشت کی تقسیم:جماعت احمدیہ سربیا نے حسب سابق امسال بھی عید الاضحی کے مبارک موقع پر ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کی طرف سے سربیا میں قربانی کا گوشت چار مختلف شہروں میں تقسیم کیا۔ اس سلسلہ میں مورخہ ۶؍جون کو عید الاضحی کے دن تین بیلوں کی قربانی کی گئی۔ ہیومینٹی فرسٹ کی ٹیم نے یہ گوشت چار شہروں Belgrade, Novi Sad, Indjija اور Nis میں تقسیم کیا۔ خدمت خلق کا یہ کام تین دن میں مکمل ہوا۔ اندازاً دو ہزار ۶۰۰؍افراد اس سے مستفیض ہوئے۔ جماعت احمدیہ کے مشن ہاؤس میں پہلی دفعہ Open Door Dayکا انعقاد:مورخہ ۶؍جون کو جماعت احمدیہ سربیا نے اپنے مشن ہاؤس (Inđija) میں پہلی بار Open Door Dayکا انعقاد کیا۔ اس دن عید الاضحی تھی اس لیے عید کی مناسبت سے مقامی شہریوں کو مدعو کیا گیا کہ وہ مشن ہاؤس میں آکر اسلام اور احمدیت سے متعارف ہوں۔ اس مقصد کے لیے صبح ۱۰؍ بجے سے شام ۸؍بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا۔ اس شہر میں جماعت احمدیہ کا سینٹر پہلا اسلامی سینٹر ہے۔ پروگرام سے قبل مقامی شہر میں فلائر اور دعوت نامے تقسیم کیےگئے اور مشن ہاؤس کے باہر ایک بینر بھی لگایا گیا جس کے ذریعہ پروگرام کی مشہوری کی گئی۔ اس دن اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۱۵؍افراد نے مشن ہاؤس کی زیارت کی۔ آنے والے مہمانوں کومقامی معلم صاحب، ان کی اہلیہ اور مربی سلسلہ نے جماعت احمدیہ کاتعارف کروایا اور تعارفی لٹریچر بھی دیا نیز ان کی مہمان نوازی بھی کی گئی۔ بعض مہمانوں سے تفصیلی گفتگو بھی ہوئی۔ تمام مہمان اللہ تعالیٰ کے فضل سے اچھے تاثرات کے ساتھ واپس گئے۔ (رپورٹ:کاشف محمود مربی سلسلہ سربیا و وسیم احمد سروعہ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ بوسنیا کی گیارھویں تربیتی ریلی کا انعقاد