٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ۱۵؍اگست کو امریکی ریاست الاسکا میں ملاقات کریں گے۔ پوٹن نے ملاقات کے ممکنہ مقام کے طور پر متحدہ عرب امارات کا نام تجویز کیا تھا۔ ٭… ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ مہینوں میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد سے تعلق رکھنے والے بیس افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ایرانی عدلیہ کے ترجمان اصغر جہانگیری نے ہفتے کے روز صحافیوں کو بتایا کہ گرفتار کیے گئے ان افراد پر جاسوسی کے الزامات عائد ہیں اور عدلیہ ان کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتے گی۔ ان افراد کو عبرت کی علامت بنایا جائے گا تاکہ ایران مخالف کام کرنے والے ایجنٹوں کو واضح پیغام دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات منظر عام پر لائی جائیں گی۔ خیال رہے کہ اس اعلان سے چند روز قبل، ایران نے ایک جوہری سائنسدان روزبہ وادی کو سزائے موت دی تھی، جس پر اسرائیل کے لیے جاسوسی اور ایک ساتھی سائنسدان کی معلومات فراہم کرنے کا الزام تھا۔ ٭… ڈی ڈبلیو کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ نے امریکہ کی ثالثی میں طے پانے والے آرمینیا اور آذربائیجان کے امن معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے تاہم اس معاہدے میں ایرانی سرحد کے قریب امریکہ کو حاصل ہونے والے ترقیاتی حقوق پر ’غیر ملکی مداخلت‘ کے خلاف خبردار کیا ہے۔ جمعہ کے روز آرمینیائی وزیر اعظم نکول پیشینیان اور آذربائیجانی صدر الہام علییف نے وائٹ ہاؤس میں اس امن معاہدے پر دستخط کیے۔اس معاہدے میں آرمینیا کے راستے ایک ٹرانزٹ کوریڈور کی تشکیل بھی شامل ہے جو آذربائیجان کو اس کی الگ تھلگ ریاست نخچیوان سے جوڑے گا۔ یہ آذربائیجان کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا۔امریکہ کو اس کوریڈور میں، جسے ’’ٹرمپ روٹ فار انٹرنیشنل پیس اینڈ پراسپیریٹی‘’(TRIPP) کا نام دیا گیا ہے، ترقیاتی حقوق حاصل ہوں گے۔ یہ کوریڈور سٹریٹجک اہمیت کے حامل اور وسائل سے مالا مال خطے میں واقع ہے۔ ایران اس کوریڈور کی، جسے اکثر زنگیزور کوریڈور بھی کہا جاتا ہے، طویل عرصے سے مخالفت کرتا رہا ہے۔ ایران کو خدشہ ہے کہ اس کی وجہ سے وہ قفقاز سے کٹ جائے گا اور اس کی سرحدوں پر غیر ملکی موجودگی بڑھ جائے گی۔ ٭… امریکی ٹیکنالوجی کمپنی نے جرمن پولیس کے زیر استعمال اپنے سیکیورٹی سافٹ ویئر سے متعلق ڈیٹا پرائیویسی کی خلاف ورزی کے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کا ڈیٹا امریکی ایجنسیوں کو منتقل ہونا تکنیکی طور پر ناممکن ہے۔ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی پالانٹیر نے جرمن پولیس کے زیر استعمال اپنے سیکیورٹی سافٹ ویئرکومکمل طور پر محفوظ قرار دیا ہے۔ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی پالانٹیر کے ترجمان نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ پالانٹیر کا سافٹ ویئر گوتھم (Gotham) انٹرنیٹ یا بیرونی سرورز سے منسلک نہیں ہے، جس کا مطلب ہے کہ جرمن پولیس کو ڈیٹا پر مکمل کنٹرول حاصل ہے۔ ٭… بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع کولگام کے جنگلاتی علاقے اکھل میں بھارتی فوج اور مشتبہ عسکریت پسندوں کے درمیان آٹھ روز تک جاری رہنے والی جھڑپوں میں دو بھارتی فوجی اور ایک عسکریت پسند ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق یہ حالیہ برسوں کی طویل ترین مسلح جھڑپوں میں سے ایک ہے۔ جس میں متعدد فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔جھڑپ کا آغاز یکم اگست کو اس وقت ہوا جب بھارتی فوج نے عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی شروع کی۔ ابتدائی جھڑپ میں ایک عسکریت پسند مارا گیا اور سات فوجی زخمی ہوئے۔ اس کے بعد وقفے وقفے سے لڑائی جاری رہی، جس میں فوج نے ہیلی کاپٹر اور ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے عسکریت پسندوں کی غیر متعین تعداد سے نمٹنے کی کوشش کی۔ ٭… جاپان کی آبادی میں کمی کی رفتار تیز تر ہو گئی ہے، ۲۰۲۴ء میں ملک کی آبادی ۹؍لاکھ ۸؍ہزار سے زائد کم ہو کر بارہ کروڑ رہ گئی، جو ریکارڈ کی گئی سب سے بڑی سالانہ کمی ہے۔ کم شرح پیدائش جاپان کے لیے بڑا مسئلہ بن گیا، ماہرین کو آبادی میں کمی سے معیشت اور سماجی ڈھانچے پر طویل مدتی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے، جاپانی حکومت نے شرح پیدائش بڑھانے کے مختلف اقدامات پر غور شروع کردیا۔ جاپانی وزارت داخلہ کے مطابق آبادی میں ۹؍لاکھ سے زائد افراد کی یہ کمی جاپانی تاریخ کی سب سے بڑی گراوٹ ہے، جو مسلسل ۱۶ ویں سال کم ہوئی ہے، ۲۰۰۹ء میں ۱۲؍کروڑ ۶۶؍لاکھ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد سے جاپان کی آبادی ہر سال گھٹ رہی ہے۔ ٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ واشنگٹن ڈی سی دنیا کے خطرناک ترین شہروں میں شامل ہو گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ پیر کو وائٹ ہاؤس میں واشنگٹن کے پُرتشدد جرائم کو روکنے سے متعلق پریس کانفرنس کریں گے۔ واشنگٹن ڈی سی کو بہت جلد دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں شامل کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بطور صدر میری سب سے بڑی خواہش دنیا میں امن و استحکام لانا ہے۔ ٭…٭…٭