آسٹریلیا بھر سے 600 افراد کی شرکت اختتامی تقریب کا انعقاد (۱۰؍اگست ۲۰۲۵ء، مسجد بیت الھدی سڈنی، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ آسٹریلیا کا ۳۳واں سالانہ اجتماع مورخہ ۸ تا ۱۰؍اگست ۲۰۲۵ء کو مسجد بیت الھدی سڈنی کے خلافت ہال میں منعقد ہوا۔ تیسرا دن مورخہ ۱۰؍اگست بروز اتوار کو اجتماع کے تیسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد مکرم امتیاز احمد ندیم صاحب، مربی سلسہ نے درس قرآن دیا اور انصار نے تلاوت قرآن کریم کی۔ ناشتہ کے بعد بقیہ ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں میوزیکل چئیرز اور ٹیبل ٹینس شامل تھے۔ بارشوں کی وجہ سے فٹ بال اور کرکٹ کے میچز منعقد نہ ہوسکے۔ علمی مقابلہ جات میں آج دینی معلومات کا مقابلہ kahoot پہ ہوئے جس میں ۴۱ انصار نے حصہ لیا۔ یوں مجموعی طور پر علمی مقابلہ جات میں ۱۴۱ انصار نے حصہ لیا۔ الحمد للہ اختتامی تقریب صبح ساڑھے دس بجے مکرم عبدالجمیل مبشر صاحب، صدر مجلس انصاراللہ آسٹریلیا کی صدارت میں اجتماع کا اختتامی اجلاس شروع ہوا۔ مکرم ملک ناصر احمد صاحب نے تلاوت قرآن کریم اردو ترجمہ کے ساتھ پیش کیا جبکہ مکرم ڈاکٹر احمد لقمان صاحب نے انگریزی ترجمہ پیش کیا۔ بعدازاں مکرم صدر صاحب نے انصار اللہ کا عہد دہرایا۔ عہد کے بعد خاکسار نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کا منظوم کلام ’’عہد شکنی نہ کرو اہل وفا ہو جاؤ‘‘ اور اس کا انگریزی ترجمہ پیش کیا۔ ناظم اعلیٰ اجتماع، مکرم ڈاکٹر ابرار احمد چغتائی صاحب نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ مکرم صدر صاحب نے مجلس انصاراللہ کی چھ ماہ کی کارگذاری رپورٹ پیش کی جس میں مکرم صدر صاحب نے مجلس انصار اللہ کی مساعی کا تفصیل سے ذکر کیا۔ نیز آپ نے ناظم اعلیٰ اور اجتماع کمیٹی کے ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد بعض مجالس کو بہترین کارکردگی پہ مکرم صدر صاحب نے انعامات دیے گئے۔ مکرم قائد صاحب تعلیم نے تعلیمی اعزازات کا اعلان کیا اور پوزیشن لینے والے انصار میں مکرم صدر صاحب نے انعامات تقسیم کیے۔ اسی طرح صدر صاحب نے علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والوں میں بھی انعامات تقسیم کیے۔ امسال علم انعامی مجلس وڈ کرافٹ Woodcroft، ساؤتھ آسٹریلیا کو ملا۔ مکرم امیر صاحب نے زعیم مجلس وڈ کرافٹ کو علم انعامی دیا اور اپنی تقریر کے بعد اختتامی دعا کروائی اور اسکے ساتھ ہی اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس بابرکت اجتماع کا اختتام ہوا۔ اللہ کے فضل وکرم سے اجتماع کی مجموعی حاضری ۶۰۰رہی۔ الحمد للہ