علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں انصار کی بھر پور شرکت علمی مقابلہ جات میں مجموعی طور پر 100 انصار کی شرکت (۹؍اگست ۲۰۲۵ء، مسجد بیت الھدی سڈنی، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ آسٹریلیا کا ۳۳واں سالانہ اجتماع مورخہ ۸ تا ۱۰؍اگست ۲۰۲۵ء کو مسجد بیت الھدی سڈنی کے خلافت ہال میں منعقد ہورہا ہے۔ دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد مکرم قمرالزماں صاحب، مربی سلسلہ نے اللہ تعالیٰ کی صفت مجیب پہ درس قرآن کریم دیا۔ درس القرآن کے بعد انصار نے انفرادی طور پر قرآن کریم کی تلاوت کی۔ اس کے بعد انصار بھائیوں کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔ دوسرا اجلاس: صبح تقریباً پونے سات بجے دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔ آج موسم ابر آلود تھا اور ہلکی ہلکی بارش ہو رہی تھی۔ اجتماع کے دوسرے اجلاس میں خاکسار ( ناظم علمی مقابلہ جات) کی نگرانی میں مزید علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ ان مقامبلہ جات میں انگریزی اور اردو تقاریر، فی البدیہہ تقاریر اردو اور انگریزی کے مقابلہ جات ہوئے۔ فی البدیہہ تقاریر میں دلچسپ اور متنوع موضوعات اور حالات حاضرہ کے مسائل پہ تقاریر ہوئیں یوں یہ مقابلہ کافی دلچسپی سے سنا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے علمی مقابلہ جات میں حصہ لینے والے انصار کی مجموعی تعداد ۱۰۰ تھی۔ تقریری مقابلوں کے بعد بیت بازی کا دلچسپ مقابلہ منعقد ہوا جو کہ تقریباً ایک گھنٹہ تک چلا اور حاضرین اس مقابلہ سے بہت محظوظ ہوئے۔ بارش کی وجہ سے ورزشی مقابلہ جات کچھ تاخیر سے منعقد ہوئے۔ ان مقابلہ جات میں صف اول اور صف دوم کی ایک کلو میٹر کی پیدل واک، باسکٹ بال، Darts, والی بال اور گولہ پھینکنا شامل تھے۔ اس کے بعد نماز ظہرو عصر اور ظہرانہ کے لئے وقفہ ہوا۔ تیسرا اجلاس: تقریبا اڑھائی بجے اجتماع کا تیسرا تربیتی اجلاس مکرم امیر صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا۔ مکرم طاہر مجوکہ صاحب نے تلاوت قرآن کریم کی جبکہ اسکا ترجمہ مکرم رانا عمران منیر صاحب نے پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم مبشر خالد صاحب، نیشنل قائد تعلیم نے قرب الٰہی بذریعہ دعا کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد مکرم احمد ندیم صاحب، مربی سلسلہ نے تربیت اولاد کے موضوع پر تقریر کی۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے چند واقعات سنائے اور دعا سے اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ نماز مغرب اور عشا کی ادائیگی کے بعد عشائیہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ کی صدارت میں مجلس شوریٰ کا اختتامی اجلاس منعقد ہوا اور اللہ کے فضل سے دوسرے دن کی کارروائی اختتام پذیر ہوئی۔ الحمد للہ۔