درخواست دعا زبیر احمد صاحب (مربی سلسلہ) ابن چودھری الیاس احمد صاحب تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار گذشتہ چند ماہ سے ایک نیورولوجیکل مرض ’موٹر نیورون ڈیزیز‘ (MND) میں مبتلا ہے۔ جنوری ۲۰۲۵ء سے بائیں ٹانگ میں کمزوری، جسمانی حرکت میں سستی، توازن کی خرابی، چلنے، اٹھنے بیٹھنے اور کپڑے تبدیل کرنے میں دشواری، بائیں ہاتھ میں کمزوری اور بولنے میں سستی جیسی علامات ظاہر ہونا شروع ہوئیں جو وقت کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہیں۔ خاکسار نے اندرون و بیرونِ ملک کئی ماہر نیورولوجسٹس سے معائنہ کروایا، متعدد MRIاور نیورولوجیکل ٹیسٹ بھی کیے لیکن اب تک کوئی حتمی تشخیص نہ ہو سکی۔ ماہرین کے مطابق علامات MND سے مطابقت رکھتی ہیں جو کہ ایک لاعلاج بیماری ہے اور جسم کی حرکات کو کنٹرول کرنے والے نیورونز کو بتدریج ناکارہ بناتی ہے۔ ایلوپیتھک طریق علاج میں اس کا مستقل علاج موجود نہیں۔ اس وقت فزیوتھیراپی، مناسب غذا اور ہومیوپیتھی کا علاج جاری ہے جس سے بہتری کی امید ہے۔ ان شاء اللہ العزیز احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ محض اپنے خاص فضل سے خاکسار کو کامل و دائمی صحت عطا فرمائے، اس مرض کو روک دے اور خدمت دین میں پہلے سے بڑھ کر مصروف رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین سانحہ ارتحال محمد اشرف ضیاء صاحب نیشنل صدر و مبلغ انچارج آسٹریا تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی خوشدامن رحمت بی بی صاحبہ اہلیہ خواجہ محمد عمر صاحب مورخہ ۱۱؍جولائی۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک بعمر ۸۶؍سال اپنے مولیٰ حقیقی کے حضور حاضر ہوگئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون مرحومہ اللہ تعالیٰ، خلیفہ وقت اور جماعت سے محبت کرنے والی، صوم و صلوٰۃ کی پابند، لازمی اور طوعی چندہ جات باقاعدگی سے ادا کرنے والی اور دوسروں کونیکی کی تلقین کرنے والی خاتون تھیں۔ آپ کے بچوں، پوتے، پوتیوں اور نواسے، نواسیوں کو بھی خدمت دین کی توفیق مل رہی ہے۔ دو نواسے مربی سلسلہ ہیں۔ ایک بیٹی مکرمہ امینہ اشرف صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ ویانا، آسٹریاکی حیثیت سے خدمت کی توفیق پا رہی ہیں۔ احباب جماعت سے مرحومہ کے بلندی درجات کے ليے دعا کی درخواست ہے۔ ٭…٭…٭