اللہ کے فضل سے باقی دنیا کی طرح سیرالیون میں بھی ۲۷؍مئی کو یوم خلافت پوری شان اور جوش و جذبے سے منایا گیا۔ ملک بھر کی جماعتوں کے علاوہ احمدیہ سکولز میں بھی جلسہ ہائے خلافت منائے گئے جن میں احمدی اور غیر از جماعت احباب کی ایک کثیر تعداد شامل ہوئی۔ ان جلسوں میں مربیان کرام کے علاوہ خدام، اطفال، ناصرات، لجنہ اور انصار بھی تقاریر کرتے ہیں۔ احبابِ جماعت اپنے ذاتی واقعات بھی سناتے ہیں جو سامعین کے ازدیادِ ایمان کا باعث بنتے ہیں۔ مجلس خدام الاحمدیہ نے مرکزی مسجد بیت السبوح، کسی ڈاک یارڈ فری ٹاؤن میں یوم خلافت کا انعقاد کیا جس میں ۲۰۰؍اطفال اور خدام شامل ہوئے۔ اس کے علاوہ یوم خلافت کی مناسبت سے آن لائن براہ راست پروگرام کیے گئے جن کو سیرالیون کے علاوہ باقی دنیا میں بھی دیکھا اور سنا گیا۔ اسی طرح ایف ایم ریڈیوز کے ذریعہ یوم خلافت منایا گیا اوریوم خلافت کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا۔ لجنہ اماء اللہ نے بھی آن لائن پروگرام منعقد کیا جس میں ملک کے مختلف حصوں میں رہنے والی لجنہ ممبرات نے بھرپور حصہ لیا۔ ہیڈکوارٹرز فری ٹاؤن میں منعقدہ جلسہ یوم خلافت میں مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت سیرالیون نے شرکت کی اور حاضرین کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ ان جلسوں میں خلافت کے مختلف پہلوؤں پر تقاریر ہوئیں جن میں خلافت احمدیہ، خلافت کی برکات اور ہماری ذمہ داریاں، اطاعت خلافت اور بعض دیگر موضوعات شامل تھے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پورے ملک میں ۲۱۰؍مقامات پر جلسہ ہائے خلافت کا انعقاد کیا گیا جس میں ۱۳؍ہزار ۳۰۰؍احباب جماعت نے شرکت کی۔ اسی طرح ۱۵۰؍سکولز میں ہونے والے جلسہ ہائے یوم خلافت میں ۲۰؍ہزار۵۰۰؍افراد نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ اسی طرح جماعت کو خلافت کے زیر سایہ ترقیات سے نوازتا چلا جائے۔ آمین (رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ نائیجر کے سترھویں نیشنل اجتماع کا انعقاد