https://youtu.be/tFE2OACFW7M ٭… اسرائیل نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے اپنا سفارتی عملہ واپس بلا لیا اور اپنے شہریوں کو دہشت گردی کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔ اسرائیل متحدہ عرب امارات سے اپنے زیادہ تر سفارتی عملے کو واپس بلا رہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ احکامات اسرائیلی نیشنل سیکیورٹی کونسل کی جانب سے خلیجی ملک میں مقیم اسرائیلیوں کے لیے سفری انتباہ کو مزید سخت کرنے کی ہدایات کے بعد جاری کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ ۲۰۲۰ء میں امریکہ کی ثالثی میں ہونے والے ابراہام معاہدے کے تحت متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ باضابطہ تعلقات قائم کیے تھے اور وہاں کی اسرائیلی اور یہودی برادری کو زیادہ نمایاں حیثیت حاصل ہو گئی تھی۔ ٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے قریب دو جوہری آبدوزیں تعینات کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے سابق روسی صدر دمتری میدویدیف کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کے جواب میں یہ دو جوہری آبدوزیں روس کے قریبی علاقوں میں تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔ ٭… فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے ایلیزے پیلس میں ایک خصوصی تقریب کے دوران اخبار فروش پاکستانی نژاد ۷۲؍سالہ علی اکبر کو فرانس کے اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نوازا۔ پیرس کی گلیوں کے معروف اخبار فروش راولپنڈی سے تعلق رکھتے ہیں۔ علی اکبر گذشتہ پانچ دہائیوں سے پیرس کے معروف علاقے سینٹ جرمین دے پری میں اخبارات بیچنے والے کے طور پر جانے جاتے ہیں، ان کو فرانس کے اعلیٰ ترین اعزاز Légion d’Honneurسے نوازا گیا ہے۔ وہ ۱۹۷۴ء سے پیرس کی گلیوں میں Le Monde اور Les Echos جیسے مشہور فرانسیسی اخبارات بیچتے رہے اور اپنی نرالی آواز سے لوگوں کو متوجہ کرتے رہے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق علی اکبر فرانس کے آخری اخبار فروش سمجھے جاتے ہیں، یہ ایک ایسا پیشہ ہے جو ۱۹۶۰ء کی دہائی میں اپنے عروج پر تھا مگر اب ناپید ہوتا جا رہا ہے۔ ٭… برطانیہ کے ادارہ قومی اعداد و شمار کی ۲۰۲۴ء کےلیے مقبول ترین ناموں کی جاری فہرست کے مطابق اسلامی نام محمد مسلسل دوسرے برس انگلینڈ اور ویلز میں مقبول نام بن گیا۔ یاد رہے کہ اسلامی نام محمد ۲۰۱۶ء سے ٹاپ ٹین کی فہرست میں شامل چلا آ رہا ہے۔ نوحا دوسرے اور اولیور تیسرے نمبر پر رہا۔ لڑکیوں کے ناموں کےلیے اولیویا اور امیلیا مسلسل تیسرے برس سرفہرست رہے۔ شاہی ناموں کی مقبولیت میں نمایاں کمی آگئی ہے، جارج چھٹے اور ولیم ۲۷ویں نمبر پر رہا۔ ٭… DWکے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ہزاروں افراد نے فلسطین کے حق میں مظاہرہ کرتے ہوئے بروز اتوار مشہور زمانہ سڈنی ہاربر برج کو بند کردیا۔مارچ میں شریک افراد نے شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باوجود ’’فوری جنگ بندی‘‘اور ’’فلسطین کو آزادی دو‘‘جیسے نعرے لگائے۔ ٭…٭…٭