مکرم نوید احمد صاحب ریجنل مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے عوامی جمہوریہ کونگو کے ریجن بانزا گونگو کا چودھواں جلسہ سالانہ مورخہ ۳و۴؍جنوری ۲۰۲۵ء کو منعقد ہوا۔ یہ ریجن بھی ملک کے دیگر ریجنز کی طرح ایک وسیع علاقہ پر مشتمل ہے۔ امسال ۴۵؍سے زائد جماعتوں سے احباب نے طویل اور دشوار سفر طے کرکے جلسہ میں شمولیت اختیار کی۔ اس جلسہ میں خصوصی شرکت کے لیے کنشاسا سے مکرم خالد محمود شاہد صاحب امیرجماعت و مبلغ انچارج، مکرم شاہد محمود خان صاحب مبلغ سلسلہ، صدر صاحب مجلس انصاراللہ، صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ اور صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ بھی تشریف لائے۔ پہلا روز:جلسہ کا آغاز اجتماعی نماز تہجد، نماز فجر اور درس سے ہوا۔ بعد ازاں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں مکرم امیر صاحب نے لوائے احمدیت اور مکرم ابو بکر صاحب صدر جماعت بانزا گونگو نے ملکی پرچم بلند کیا اور دعا کروائی۔ اس کے بعد نماز جمعہ ادا کی گئی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ سنا اور دیکھا گیا۔ پہلے اجلاس کا آغاز دوپہر تین بجے تلاوت قرآن کریم، ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ مکرم امیر صاحب کی افتتاحی تقریر کے بعد تین تقاریر ہوئیں: ’’جلسہ سالانہ: روحانی ترقیات کا ذریعہ‘‘ از مکرم مالک ساکالا صاحب زعیم انصاراللہ جماعت سونگولولو، ’’شرائط بیعت اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ از مکرم احمد بوبا صاحب معلم سلسلہ اور ’’دنیائے اسلام اور خلافت احمدیہ‘‘ از مکرم نوید احمد صاحب ریجنل مبلغ سلسلہ بانزا گونگو۔ دعا کے بعدشام پانچ بجے جلسہ کے پہلے دن کا اختتام ہوا اور تمام احباب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ بعد از نماز مغرب و عشاء سوال و جواب کی ایک مجلس منعقد ہوئی جس کی صدارت مکرم محمد انس موسو صاحب نیشنل صدر خدام الاحمدیہ نے کی۔ نومبائعین نے اس مجلس سے خاص استفادہ کیا۔ یہ مجلس رات ساڑھے نو بجے تک جاری رہی۔ دوسرا روز:دوسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد، فجر اور درس سے ہوا۔ گیارہ بجے دوسرے اجلاس کا آغاز مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ مکرم ابو بکر ایمپیلو صاحب صدر جماعت بانزا گونگو نے مہمانان کے سامنے جماعت کا تعارف پیش کیا۔ اس روز درج ذیل تقاریر ہوئیں:’’آنحضرت ﷺ کی مثالی زندگی‘‘ از خاکسار (مبلغ سلسلہ کنشاسا)، ’’اسلام: عورتوں کے حقوق کا محافظ‘‘ از مکرم راشد کیفاتا صاحب معلم سلسلہ، ’’اسلام میں شراب نوشی کی ممانعت‘‘ از مکرم محمد انس موسو صاحب نیشنل صدر خدام الاحمدیہ اور ’’اسلام اور امنِ عالم‘‘ از مکرم احمد بوبا صاحب معلم سلسلہ۔ اختتامی تقریر میں مکرم امیر صاحب نے اسلام احمدیت کی تعلیمات اور دنیا میں امن قائم کرنے کے ذریعہ پر روشنی ڈالی۔ بعد از دعا احباب نے اپنے مخصوص انداز میں اونچی آواز میں کلمہ طیبہ پڑھا۔ مہمانان اور تاثرات:جلسہ کے دوسرے دن متعدد معزز غیر از جماعت مہمان شریک ہوئے جن میں شیف آف ڈویژن، امیگریشن افسران، کرنلز، مقامی حکام اور میڈیا نمائندگان شامل تھے۔ میڈیا کوریج:جلسہ کی رپورٹ پانچ ریڈیو اور دو ٹی وی چینلز پر نشر ہوئی اور مکرم امیر صاحب کا انٹرویو بھی لیا گیا جس کے ذریعہ اندازاً ۳۰؍ہزار افراد تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچا۔ الحمدللہ حاضری:امسال جلسہ میں کُل ۸۱۴؍افراد شامل ہوئے جو گذشتہ سال کی نسبت ۱۶۹؍کا اضافہ ہے۔ ریجنل میٹنگ: ۵؍جنوری بروز اتوار احمدیہ مسجد بیت الناصر میں ریجنل سطح پر صدران جماعت و ذیلی تنظیموں کے نمائندگان کی میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت مکرم امیر صاحب نے کی۔ یہ میٹنگ دوپہر دو بجے تک جاری رہی۔ بعد از نماز ظہر تمام شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ (رپورٹ:شاهد محمود خان۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ گیمبیا میں جلسہ ہائے یوم خلافت کا بابرکت انعقاد