(سوئٹزرلینڈ،۴؍مئی ۲۰۲۵ء) محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ اور اطفال الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کو اپنا چالیسواں سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ ۳و۴؍مئی ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ و اتوار نور مسجد، ویگولٹینگن کے ہال و احاطہ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اجتماع میں علمی و ورزشی مقابلوں اور ’’تقویٰ‘‘ کے موضوع کے تحت منعقدہ روحانی و تربیتی نشستوںمیں کُل ۲۱۴؍افراد نے حصہ لیا۔ پہلے روز اجتماع کی کارروائی کا آغاز تقریب پرچم کشائی سے ہوا۔ مکرم منیر احمد منور صاحب مبلغ انچارج سوئٹزرلینڈ نے قومی پرچم اور مکرم فائز احمد خان صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ نے لوائے خدام الاحمدیہ بلند کیا۔ تقریب پرچم کشائی کے بعد اجتماع کے افتتاحی اجلاس کی کارروائی مکرم مبلغ انچارج صاحب کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم وترجمہ، عہد اور نظم سے شروع ہوئی۔ مکرم صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے موصولہ خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ اس کےبعد مبلغ انچارج صاحب نے افتتاحی تقریر کی اور دعا کروائی۔ بعد ازاں دوپہر کے وقفہ تک علمی مقابلے ہوئے۔ نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں اور شام ساڑھے پانچ بجے تک انفرادی کھیلوں کے مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ شام چھ بجے تقویٰ کے موضوع پر تلقین عمل کی ایک نشست منعقد ہوئی جس کی قیادت معزز مہمان خصوصی مکرم صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج جرمنی نے کی۔ اس علمی، تربیتی اور روحانی نشست کے بعد شام کا کھانا اور نماز مغرب و عشاء باجماعت ادا کی گئیں۔ دوسرا اور آخری روز:اجتماع کے دوسرے روز کا آغاز نماز تہجد، فجر اور درس قرآن کریم سے ہوا۔ صبح نوبجے تک ناشتے سے فارغ ہو کر قریبی قصبے میں کرائے پر ليے گئے سپورٹس ہال میں خدام و اطفال کی کھیلیں شروع ہوئیں جو دوپہر کے وقفے تک جاری رہیں۔ وقفہ میں کھانے کے بعدجامعہ احمدیہ یوکے کے کانووکیشن کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطاب کی ویڈیو دیکھی گئیاور نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ اختتامی اجلاس:نمازوں کی ادائیگی کے بعد قریباً تین بجے اختتامی اجلاس کا آغاز مہمان خصوصی کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔ منظوم کلام کے بعد مکرم تحسین تنویر احمد صاحب ناظم اعلیٰ نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ بعدہٗ مبلغ انچارج صاحب جرمنی نے علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں نمایا ں کامیابی حاصل کرنے والے خدام و اطفال میں انعامات تقسیم کیے اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مجلس جنیوا کو عَلم انعامی دیا۔ آخر میں مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے ایک بار پھر حضورا نور ایدہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے موصول ہونے والا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ اختتامی دعا کےساتھ یہ بابرکت اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمدللہ (رپورٹ:صباح الدین بٹ۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کے چالیسویں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام پیارے ممبران مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ آپ کو ’’تقویٰ‘‘ کے موضوع پر اپنا سالانہ اجتماع منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کے اجتماع کو ہر لحاظ سے کامیاب فرمائے۔ آمین مجھ سے اس موقع پر پیغام بھجوانے کی درخواست کی گئی ہے۔ میر اپیغام یہ ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام ایک بہت بڑا مشن لے کر آئے تھے۔ اگر آپ نے اس مشن کو پورا کرنا ہے تو پھر آپ کو اُن تعلیمات پر عمل کرنا ہو گا جو آپ نے ہمیں دیں۔ مثلاً آپ تقویٰ کی نصیحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں: ’’بہت دفعہ خدا کی طرف سے الہام ہوا کہ تم لوگ متقی بن جاؤ اور تقویٰ کی باریک راہوں پر چلو تو خدا تمہارے ساتھ ہو گا۔‘‘ فرمایا:’’اس سے میرے دل میں بڑا درد پیدا ہوتا ہے کہ میں کیا کروں کہ ہماری جماعت سچا تقویٰ و طہارت اختیار کرلے۔’’ پھر فرمایا کہ ‘‘میں اتنی دعا کرتا ہوں کہ دعا کرتے کرتے ضعف کا غلبہ ہوجاتا ہے اور بعض اوقات غشی اور ہلاکت تک نوبت پہنچ جاتی ہے۔‘‘ فرمایا ’’جب تک کوئی جماعت خدا تعالیٰ کی نگاہ میں متقی نہ بن جائے خدا تعالیٰ کی نصرت اُس کے شاملِ حال نہیں ہو سکتی۔‘‘ (ملفوظات جلد 1صفحہ 200۔ ایڈیشن۱۹۸۸ء) ہمیں حقیقی تقویٰ کی راہ پر اس زمانے میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ڈالا ہے اور اُس کا فہم و ادراک بھی عطا فرمایا۔ پس آپ میں سے ہر ایک کا فرض ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر گزار بندہ بنتے ہوئے تقویٰ پر قدم مارنے والا بنے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ امریکہ، ہالینڈ اور فرانس کے وفود کی قادیان دارالامان کی زیارت