محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کے شعبہ وقف نو کو اپنا بارھواں سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ ۲۲؍جون ۲۰۲۵ء بروز اتوار نیشنل ہیڈکوارٹر بانجل/کومبو کی جامع مسجد بیت السلام میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک پہلا اجلاس:اجتماع کا پہلا اجلاس صبح گیارہ بجے مکرم بلال جاؤ صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نو کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، حدیث اور حضرت مسیح موعودؑ کے قصیدہ ’’يَا عَيْنَ فَيْضِ اللّٰهِ وَ الْعِرْفَانِ‘‘ کے چند اشعار سے شروع ہوا۔ سیکرٹری صاحب وقف نو نے افتتاحی تقریر میں تمام شاملین کو خوش آمدید کہا نیز خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں واقفین نو و واقفات نو کو نصائح کیں۔ بعدازاں مکرم محمد بشیر تورے صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’اسلام کی خدمت کے ليے وقف کی اہمیت اور ذمہ داریاں‘‘ پر تقریر کی اور عزیزہ شافیہ ظہیر واقفہ نو نے ’’ایک واقف نو کا خلافت سے محبت و عقیدت کا تعلق‘‘ کے موضوع پر۔ مقابلہ نصاب وقف نو:ان تقاریر کے بعد تمام بچوں کے نصاب وقف نو کا مقابلہ ہوا جس کے ليے سب کو تین معیاروں میں تقسیم کیا گیا، معیار صغیر ۱تا ۶؍سال، معیار کبیر ۷تا۱۴؍سال جبکہ ایک معیار۱۴تا ۲۱؍سال کے بچوں کا تھا۔ اس تیسرے معیار کے بچوں کا تحریری امتحان ہوا۔ اس جائزہ کے بعد اجلاس کا اختتام ایک بج کر ۵۵؍منٹ پر ہوا۔ اس کے بعد نماز ظہر و عصر جمع کرکے ادا کی گئیں۔ دوسرا اجلاس:نمازوں کے بعد دو بج کر ۲۵؍منٹ پر دوسرے اجلاس کا آغاز مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ مکرم امیر صاحب نے اجتماع کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نصیحت بیان کی کہ ہر واقف نو اور واقفہ نو کو اسلام احمدیت کی خدمت کے ليے ہر وقت تیار رہنا چاہيے۔ نیز آپ نے نمازوں میں باقاعدگی، خلافت کی اطاعت و دیگر امور کے متعلق نصائح کیں۔ دعا کے ساتھ یہ اجتماع اپنے بابرکت اختتام کو پہنچا۔ الحمدللہ دعا کے بعد ایک گروپ فوٹو لی گئی۔ بعدازاں تمام شاملین کی دوپہر کے کھانے سے تواضع کی گئی جس کے بعد احباب اپنی منزلوں کی طرف روانہ ہوئے۔ اس اجتماع میں ۶۵؍واقفین نو، ۵۴؍واقفات نو اور ۷۲؍والدین شامل ہوئے۔ یوں اس اجتماع کی مجموعی حاضری ۱۹۱؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو مبارک فرمائے اور جماعت کو مثالی واقفین عطا فرمائے جو خلافت احمدیہ کے سلطان نصیر بننے والےہوں۔ آمین (رپورٹ:مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ گنی بساؤ میں جلسہ یوم خلافت کا انعقاد