https://youtu.be/5YopP4a9zlE عوامی جمہوریہ لائبیریا ۱۵؍کاؤنٹیوں پرمشتمل ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اب تک ملک کی ۱۱؍کاؤنٹیوں میں جماعت احمدیہ کے مرکزی مشن ہاؤسز کا قیام عمل میں آچکا ہے۔ الحمدللہ سٹی ہال Harper،میری لینڈ کاؤنٹی حال ہی میں جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا سے فارغ التحصیل ہوکر تین مبلغین سلسلہ واپس لائبیریا تشریف لائے۔ لہٰذا ان کاؤنٹیز میں مشن کھولنے کا فیصلہ کیا گیا جہاں تاحال مرکزی مشن ہاؤس کا قیام ممکن نہ ہوسکا تھا۔ چنانچہ مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر و مبلغ انچارج لائبیریا نے مکرم ڈاکٹر عبدالحلیم صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ کی قیادت میں دس رکنی وفد تشکیل دیا جس میں دیگر ممبران نیشنل عاملہ اور مبلغین سلسلہ بھی شامل تھے جن کا مقصد نئے مرکزی مشن کا قیام، نئے مراکز کی تلاش، تبلیغ اور ممبران جماعت سے ملاقات کرنا بھی شامل تھا۔ وفد نے چار روزہ پروگرام تشکیل دے کر مورخہ ۸؍مئی ۲۰۲۵ءکو بعد نماز ظہر و عصر دارالحکومت Monroviaسے سفر کا آغاز کیا۔ اسی روز شام سات بجے یہ وفد Nimba کاؤنٹی پہنچا جہاں احباب جماعت نے ان کا استقبال کیا۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد احباب سے ملاقات کی۔ دفتر میئر فش ٹاون، River Gee کاؤنٹی مورخہ ۹؍مئی کو نماز فجر کی ادائیگی کےبعد یہ وفد اپنی اگلی منزل Grand Gedehکاؤنٹی کی طرف روانہ ہوا۔ صبح آٹھ بجے یہ وفد کاؤنٹی کے صدر مقام Zwedru پہنچا جہاں احباب جماعت نے ان کا استقبال کیا۔ River Geeکاؤنٹی وفد کی اگلی منزل River Gee کاؤنٹی تھی جہاں تاحال مشن ہاؤس کی بنیاد نہیں رکھی جا سکی۔ اس کاؤنٹی کا صدر مقام Fish Town ہے۔ سب سے پہلے وفد کے ممبران نے شہر کے میئر جناب Wlehpue Bartee سے ملاقات کی اور انہیں جماعت کا تعارف اور لٹریچر پیش کیا۔ میئر سے ملاقات کے بعد ممبران وفدنے تین گروپس میں شہر کےمختلف حصوں کا رخ کیا جہاں مقامی احباب خصوصاً مسلمانوں سے ملاقات کی اور انہیں بھی جماعت احمدیہ کا پیغام اور لٹریچر پہنچایا۔ Marylandکاؤنٹی نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد یہ وفد اپنی آخری منزل Marylandکاؤنٹی کی طرف روانہ ہوا جہاں مشن ہاؤس کا قیام مقصود تھا۔ شام پانچ بجے کے قریب یہ وفد اس کاؤنٹی کے صدر مقام Harper پہنچا جو دارالحکومت منروویا سے ۷۶۰؍کلومیٹر کے فاصلہ پر ہے۔ اولاً شہر کے قائم قام میئر سے ملاقات کی اور جماعت کا تعارف کرایا اور لٹریچر پیش کیا گیا۔ وفد نے ایک ہوٹل میں رات کا قیام کیا اور اگلی صبح ۱۰؍مئی کو وفد کے ممبران تین گروہوں کی صورت میں شہر کے مختلف حصوں کو روانہ ہوئے جن کا مقصد مقامی احباب سے ملنا، جماعت کا تعارف کروانا، لٹریچر بانٹنا اور مشن ہاؤس کے ليے ایک مکان کی تلاش بھی تھا۔ دوپہر سے قبل اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص فضل سے اس میں کامیابی عطا فرمائی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے Momoh H. Kromah صاحب کی بطور مبلغ سلسلہ یہاں تعیناتی منظور فرمائی ہے۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور کھانے سے فراغت کے بعد وفد نے واپسی کا سفر شروع کیا اور Zwedru میں رات کا قیام کیا۔ یہاں ایک گھنٹہ تبلیغی ریڈیو پروگرام بھی منعقد کیا گیا اور شہر کے مختلف حصوں کا دورہ کرکے بھی جماعت کا پیغام پہنچایا گیا۔ اس دورہ میں ایک ہزار تبلیغی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ ۱۱؍مئی اس دورہ کا آخری روز تھا۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد احباب جماعت اور غیر از جماعت دوستوں کے مابین ایک دوستانہ والی بال میچ بھی ہوا۔ اس موقع پر غیر از جماعت دوستوں کے ليے ایک تبلیغی نشست کا بھی اہتمام کیا گیا جس کے بعد وفد Nimbaکاؤنٹی کی طرف روانہ ہوا جہاں نماز ظہر و عصر اور کھانے کے ليے قیام کیا گیا۔ نماز مغرب و عشاء Margibiکاؤنٹی میں ادا کی گئیں اور قریباً دس بجے رات یہ وفد بخیر و عافیت Monrovia پہنچ گیا۔ اللہ تعالیٰ اس دورہ کے بابرکت نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین (رپورٹ:فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل ) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ برکینافاسو کی نیشنل مجلس شوریٰ ۲۰۲۵ء کا انعقاد